وحدت نیوز(کوئٹہ) ایم پی اے آغا رضا نے کہا ہے کہ ہم اتحاد و اتفاق پر یقین رکھتے ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس صاحب پوری ملت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، قوم ہمارا ساتھ دے۔مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹریٹ سے جاری شدہ بیان میں ایم پی اے آغا رضا نے کہا ہے کہ ہم ہمیشہ مظلومین کے ساتھ رہے ہیں، حکومت اپنے فرائض انجام نہیں دے رہی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے رہنماء اور رکن صوبائی اسمبلی آغا رضا نے کہا ہے کہ ہماری جماعت اتحاد بین المسلمین پر یقین رکھتی ہے، ہم نے اتحاد و اتفاق اور بلا کسی تفریق رنگ و نسل کے خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مرکزی قیادت اتحاد بین المسلمین کیلئے کوشاں ہے اور ہمیشہ امن کی تلقین کی ہے، ملک میں امن کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے اتحاد کے ذریعے اپنا کرداد ادا کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف واردات پر حکومت کی طرف سے خاموشی اور اقدامات نہ اٹھا پر، قائد ملت علامہ راجہ ناصر عباس صاحب موجودہ وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور پچھلے ایک مہینے سے بھوک ہڑتال پر ہے۔ ایم پی اے آغا رضا نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر صاحب کا مطالبہ واضح ہے، ہمارا قتل عام بند کیا جائے اور تکفیریوں کو انکے اصل انجام تک پہنچایا جائے۔ اس ملک کے قیام میں ہمارے بزرگوں کی جدوجہد شامل ہے اور ہمیں ہی اس ملک سے بے دخل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہمارے پروفیشنلز اور ہمارے سماجی کارکنوں کو شہید کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا حکومت ان واقعات سے ایسے نظریں چراتی ہے جیسے مرنا اور مارنا روز کا کھیل ہو اور یہ خاموشی دہشتگردوں کی سرپرستی کی علامت ہے۔ آغا رضا نے کہا کہ ہم ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ رہے ہیں اور انکے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہیں۔ عوام کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور قتل عام پر خاموشی حکومت کی ناقص پالیسی ہے۔ حکومت اپنے فرائض انجام نہیں دے رہی۔