وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے ڈپٹی سیکریڑی جنرل علامہ ولایت حسین جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاہور شہر کے چرچ میں بے گناہ انسانوں کا خون بہانا درندگی کی بدترین مثال ہے۔وفاقی اور پنجاب حکومت کی بیڈ گورننس اور انتظامی نااہلی کے باعث یوحنا آباد لاہور میں چرچ میں دھماکوں کی بھر پورمذمت کرتے ہیں۔ سانحہ لاہور پنجاب حکومت کی غیر سنجیدہ اقدامات کی بدولت ہوا ہے۔ نون لیگ کی حکومت اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہے۔ عوام کی جان و مال کی حفاظت میں وفاقی اور پنجاب حکومت بالکل ناکام ہو چکی ہے۔ کالعدم جماعتیں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے زیر سرپرستی میں بے گناہ انسانوں کے قتل عام میں مصروف ہیں۔ وطن عزیز پاکستان کی بد قسمتی اس سے زیادہ اور کیا ہوسکتی ہے کہ پاکستان کے عوام آئے روز دہشت گردی کے بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔ نون لیگ کی حکومت سے کسی خیر کی توقع رکھنا حماقت ہے کیونکہ دہشت گرد خود ان کے پالے ہوئے ہیں۔ حکومتی جماعت اس وقت دہشت گردوں اور کالعدم جماعتوں کی پشت پناہ بن چکی ہے۔ حکومتی اقدامات صرف میڈیا کی حد تک محدود ہے۔ دہشت گرد آزاد اور دندناتے پھر رہے ہیں۔ان کے خلاف اقدامات نہ کرنا حکومت کی کمزوری اور بے حسی کو ظاہر کرتی ہے۔ حکومتی پشت پناہی میں پلنے والے یہ ملک دشمن عناصر ملکی سلامتی و بقاء کے ازلی دشمن ہے۔ مساجد ، امام بارگاہوں ، چرچ اور مندر کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔مجلس وحدت مسلمین حکومت سے نہ صرف مطالبہ کرتے ہیں بلکہ تنبیہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے ساتھ نرم رویہ نہ اپنائے بلکہ ان ناپاک عناصر کا فوری اور مکمل صفایا کیا جائے۔ ہم مسیحی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔