وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ بلوچستان کے نو منتخب صوبائی سیکرٹری علامہ برکت علی بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صاف شفاف مردم شماری و خانہ شماری ایک لازمی قانونی وآئینی امر ہے اور اس کے نہ ہونے سے صوبہ بلوچستان دیگر صوبوں کی نسبت پیچھے رہ جائے گا جو صوبے اور صوبے کے عوام کے لیے نقصان کا باعث ہے اور اس بات کا ادراک تمام سیاسی جماعتیں رکھتی ہیں جس پر کسی کو اعتراض نہیں ہے لیکن بلوچستان کے سیاسی, جغرافیائی اور معروضی حالات کو دیکھتے ہوئے مردم شماری و خانہ شماری ایک حساس مسئلہ ہے اس سے صوبے میں بسنے والی برادر اقوام کے درمیان مسائل پیدا ہو سکتے ہیں لہذا اس مسئلے کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ضروری ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری صاحب جلد ازجلد آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کریں جس میں تمام سیاسی جماعتیں اپنے تحفظات پیش کریں اور سب کو اعتماد میں لے کر کوئی ایسا متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے جس سے کسی کا حق ضائع نہ ہو اور برادر اقوام کے درمیان اتحاد واتفاق کو فروغ مل سکے. سب کو اعتماد میں لیے بغیر اور تحفظات دور کیے بغیر مردم شماری و خانہ شماری سے مسائل جنم لے سکتے ہیں حکومت بلوچستان کو صوبے کے عوام کے لئے ایک باپ کی حیثیت حاصل ہے لہذا صوبائی حکومت اپنی زمہ داری نبھاتے ہوئے اس مسئلے کا جلد از جلد مناسب حل نکالتے ہوئے برادر اقوام میں اتفاق رائے پیدا کرتے ہوئے مردم شماری و خانہ شماری کے عمل خوش اسلوبی سے انجام دے ۔