وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلسِ وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی سکریٹری جنرل علامہ برکت علی بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرپشن اور دہشت گردی دونوں جڑواں بھائی ہیں دونوں آپس میں لازم وملزوم ہیں وطن عزیز خصوصاً صوبہ بلوچستان میں دولت کی ریل پیل اس وقت شروع ہوئی جب اسلام کے نام پر امریکن ڈاکٹرائن جہادی کلچر کا آغاز ہوا جس سے وطن عزیز سمیت پورا خطہ دہشتگردی کی لپیٹ میں آگیا اداروں کو کرپشن زدہ کر دیا گیا تاکہ دہشت گرد دندناتے پھرتے رہیں , یونیورسٹیوں اور جامعات میں قلم کلچر کی بجائے کلاشنکوف کلچر کا آغاز ہوا. ڈالروں کی ریل پیل کے زریعے تکفیری سوچ کو پروان چڑھایا گیا تاکہ مسلمان جو قرآن کریم کے مطابق آپس میں ایک دوسرے کے بھائی ہیں ایک دوسرے کو دائرہ اسلام سے خارج قرار دے کر ایک دوسرے کے خون کے پیاسے بن جائے. پیسہ پھینک تماشہ دیکھ کے فارمولے کو استعمال کرتے ہوئے بعض خود ساختہ آلہ کاروں کے زریعے اسلامی مسالک کے درمیان نفرتیں پھیلانے کی مذموم کوششیں کی گئی اور بلوچستان میں بسنے والی برادر اقوام بلوچ , پشتون , ہزارہ , پنجابی وغیرہ کو اپنے زرخرید افراد کے زریعے آپس میں دست و گریباں کرنے کی مذموم سازشیں کی گئی ان تمام حالات میں بلوچستان کی سیاسی شخصیات , شیعہ و سنی علماء کرام لائق تحسین ہیں جنہوں نے اپنی جدوجہد اور انتھک کاوشوں کے زریعے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے اسی طرح گزشتہ کچھ عرصے سے پاک فوج کا بیانیہ کرپشن اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ ختم کر دیں گے عوام کے لئے کافی امید افزا ہے کرپشن کے خاتمے کے بغیر وطن عزیز پاکستان اور صوبہ بلوچستان میں امن و امان کا بحال ہونا ممکن نہیں ہے جو اقتصادی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ہم حکومت اور اداروں پر زور دیتے ہیں کہ وہ ہر سطح پر کرپشن کا خاتمہ کر کے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا صفایا کرتے ہوئے مکمل امن و امان قائم کریں تاکہ وطن عزیز پاکستان اور صوبہ بلوچستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے.