وحدت نیوز(کوئٹہ) بلوچستان میں سیاسی بحران میں شدت آجانے کے بعد وزیر اعظم شاید خاقان عباسی نے کوئٹہ پہنچتے ہی ناراض اراکین اسمبلی کومنانے کی کوشش کی اس حوالے سے جب انہوں نے مختلف ذرائع سے مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا سے ملاقات کیلئے رابطہ کیا تو آغا رضا نے انکار کردیا، وحدت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آغا رضا نے کہاکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تحریک عدم اعتمادکی حمایت واپس لینے کیلئے مختلف ذرائع سے مجھ سے رابطہ کرنے اور ملاقات کرنے کی کوشش کی لیکن میں نے یہ کہہ کرانکار کردیا کے وزیر اعظم صاحب نے بہت کردی ہے، اب پانی سر سےاونچا ہو چکا ، بلوچستان میں عوامی مسائل کا درد اگر وزیر اعظم اور دیگر مقتدر شخصیات کوہوتا حالات اس نہج کو نا پہنچتے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بہت جلد نتیجہ خیز ثابت ہوگی ۔واضح رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان حکومت بچانے کیلئے صبح کوئٹہ پہنچتے ہی بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع سمیت دیگر اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات کیلئے رابطہ کیا تھا جس سے مولانا عبد الواسع ودیگر نے انکار کردیا تھا۔