وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے آغاسید محمد رضا نے بلوچستان صوبائی اسمبلی کے وزیر کا حلف اٹھا لیا ہے۔مسلم لیگ نون کے وزیر اعلی کے مستعفی ہونے کے بعد بلوچستان میں نئی اتحادی حکومت کا قیام عمل میں آیا ہے۔نو منتخب وزیر اعلیٰ عبد القدوس بزنجو اور ان کی کابینہ کی تقریب حلف برداری میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔آغا رضا نے حلف اٹھانے کے بعدڈویژنل سیکریٹریٹ پہنچنے پر کارکنان کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی و استحکام ان کی ترجیحات میں سر فہرست رہیں گی۔عوام کے مسائل کے حل کے لئے وہ اپنی تمام تر صلاحتیوں کے ساتھ میدان عمل میں موجود رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ وزارت میرے پاس عوام کی دی ہوئی ہے اس عوامی امانت میں خیانت نہیں ہو گی۔بلوچستان اس ملک کاایک حساس صوبہ ہے۔ پاک چین اکنامک کوریڈڑ منصوبے کے اعلان کے بعد ملک دشمن عناصر نے اس صوبے کے امن و امان کی تباہی کو اپنا ہدف بنایا ہوا ہے۔دہشت گرد عناصر عوام،پولیس آفیسر اور سیکورٹی اہلکاروں کو نشانے بنا رہے ہیں۔ہم نے اپنی سرزمین کو ایسے لوگوں کے لئے تنگ کر نا ہے جو ملکی سلامتی کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا نو منتخب وزیر اعلی نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی قائدین اور ملک کی مختلف مذہبی،سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے آغا رضا کو بلوچستان کا وزیر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آغا رضا نے عوامی فلاح و بہبود کے لاتعداد منصوبوں پر کام کر کے اپنی ایک انفرادی شناخت پیدا کی ہے۔ وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد امید ہے کہ وہ عوام کو درپیش مختلف مشکلات کے ازالے کے لیے بھرپور اور مثبت اقدامات اٹھائیں گے۔
آغا رضا نے وزارت کے حصول پر مبارک باد پیش کرنے والے تمام مرکزی قائدین،صوبائی قائدین، ڈویژنل رہنماو ں اور ملک بھر کے کارکنان اور عہدیداران سمیت ملک کی مختلف مذہبی،سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افرادکا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔