وحدت نیوز (کوئٹہ) گزشتہ دنوں صوبے کے محکمہ ایکسائز میں خالی اسامیوں پر بھرتیاں ہوئی، ان بھرتیوں کے دوران میرٹ کو پامال کیا گیا اور بعض سیکریٹریز نے اپنے من پسند افراد کو سرکاری نشستوں پر بیٹھا دیا، جو میرٹ کا قتل عام ہے۔مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنماء اور صوبائی وزیر قانون آغا رضانے اس بات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ کی پامالی کبھی برداشت نہیں کریں گے، بلوچستان کے کسی بھی سرکاری محکمے میں عوام کی حق تلفی، قوم اور بلوچستان کے لوگوں سے غداری کے مترادف ہے اور بلوچستان کی ترقی کا خواہاں کوئی بھی شخص میرٹ کی پامالی پر خاموش نہیں رہ سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرٹ کی پامالی لوٹ مار کا جدید طریقہ ہے، جس کے پیچھے رشوت بھی ہوسکتی ہے اور اختیارات کا غلط استعمال بھی، ان دونوں صورتوں میں بلوچستان کو نقصان کا سامنا ہوگا اور حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس لوٹ مار کے خلاف اقدامات کرے اور حق دار کو انکا حق دلائے،انہوں نے کہا کہ میرٹ کی پامالی سے جہاں ایک طرف نااہل ملازمین حکومتی اداروں میں داخل ہونگے وہی دوسری طرف انہی ملازمین میں سے بیشتر سیکریٹریز سے اچھے تعلقات کا ناجائز فائدہ اٹھا کر گوسٹ ایمپلوئی بن جاتے ہیں۔بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس کے خلاف اقدامات اٹھائے گی اور اس بات کا خیال رکھنے کی اشد ضرورت ہے کہ بلوچستان میں کسی بھی شخص کی حق تلفی نہ ہو۔