وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن شوری عالی و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی اورمرکزی رہنماجناب آغا رضانے اپنے مشترکہ بیان میں سانحہ قندھاری بازارمیںبے گناہ ہزارہ جوان کی شہادت پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قندھار ی با زار جیسے اہم اور رش والی جگہ پر دہشت گردوں کے ایف سی اور پولیس کی موجودگی میں آئے روزدہشتگردانہ کاروائی کر کے غائب ہو جانا ایک سولیہ نشان ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ ہاشم موسوی نے سانحے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اسپنی روڈ پر مسلسل واقعات آپریشن ردالفساد کی کامیابی پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے. صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر میں دہشت گردی کے واقعات تسلسل کے ساتھ رونما ہو رہے ہیں اور دہشت گرد شہر بھر میں آزادانہ طور پر دندناتے پھیر رہے ہیں. ایسی صورت حال میں آپریشن ردالفساد کی کامیابی کے دعوے بے بنیاد ہے ۔
ایم پی اے آغا رضا نے کہا کہ حکومت جب صوبائی دارالحکومت میں امن قائم نہیں کر سکتی تو پورے صوبے میں کس طرح امن قائم کر سکتی ہے لگتا ہے دہشت گردی انسان نہیں جنات کر رہے ہیں جو واقعے کے دوران اور بعد نظروں سے اوجھل ہو جاتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ شیعہ ہزارہ قوم دہشت گردی کی زد میں ہے وقفہ وقفہ سے شیعہ ہزارہ قوم پر کوئی نہ کوئی سانحہ ضرور رونما ہو جاتا ہے ،سمجھ میں نہیں آتا کہ حکومت اور ادارے مذہب کے نام پر دہشتگردی کرنے والے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتی. حکومت اور ادارے شیعہ ہزارہ قوم کو تحفظ فراہم کریں اور کوئٹہ شہر کو مذہب کے نام پر دہشتگردی کرنے والوں کے ناپاک وجود سے پاک کریں۔