وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن سے جاری بیان میں مرکزی رہنما اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہاہے کہ مساجد میں بےگناہ نمازیوں کو شہید کرنے والے دہشتگرد کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، دہشتگردی کی آڑ میں پوری دنیا میں مسلمانوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں، ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشتگردی کا یہ پہلا واقعہ نہیں، یورپ اور مغرب میں مسلم کمیونٹی کے خلاف ایسے واقعات تسلسل کے ساتھ ہوتے رہتے ہیں، مساجد کو نشانہ بنانے، مسلم خواتین کے نقاب اتارنے، سکولوں میں مسلمان بچوں کی تضحیک کرنے جیسے واقعات روز کا معمول ہیں۔ اگر عرصہ سے جاری ان واقعات کا سدباب کیا جاتا تو آج نیوزی لینڈ کا یہ واقعہ پیش نہ آتا۔ مغرب اور یورپ میں انتہا پسندی کی حوصلہ شکنی کی بجائے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسلام میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں، نیوزی لینڈ میں مساجد میں قیامت صغرا بپا کرنا کیا دہشتگردی نہیں؟ دنیا اس شیطانی اور سفاکانہ عمل پر کیوں خاموش ہے۔ دہشتگردی کا ناسور پوری دنیا کے لئے مسئلہ بنا ہوا ہے، نیوزی لینڈ کی مساجد میں بےگناہ مسلمانوں کا قتل عام سفاکیت کی بدترین مثال ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کی ہمدردی واقعہ کے شہداء کے لواحقین کیساتھ ہے اور پاکستانی عوام ا ن کے غم میں برابر کی شریک ہے۔