وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری بیان میںایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہاکہ حضرت عباس علمدارؑ کی یوم ولادت کی مناسبت سے کہا گیا ہے کہ وہ عظیم ہستی جن کا اسم گرامی عباس ؑ کنیت علمدار، قمر بنی ہاشم معروف ہیں، آپ حضرت علی ؑ اور ام البنین سلام اللہ علیہا کے لخت جگر ہیں۔ آپ نے اپنے والد گرامی سے فن سپاہ گری ، جنگی علوم ، معنوی کمالات اور مروجہ علوم و معارف حاصل کیں اور نہایت کم عمری میں ثانی حیدر کہلانے لگے۔آپؑ نے میدان کربلا میں کلمہ حق کے لئے قربانی کی وہ مثال قائم کی کہ تاریخ انسانی میں جرات و وفاداری کی ایسی مثال دہرائی نہیں جا سکی۔میدان کربلا میں حضرت امام حسین ؑ نے علم حضرت عباس ؑ کو دیا تھا اس سے آپ حضرت عباس ؑ علمدار کے لقب سے مشہور ہیں۔ظاہری خوبیوں کے ساتھ حضرت عباس ؑ کا دامن باطنی و روحانی خوبیوں سے بھی لبریز تھا۔ ایمان، تقوی اور اعمال و کمال کے درجے کے ساتھ ساتھ اخلاق اور فضائل کے بھی اعلیٰ درجے پر فائز تھے۔آپ نے وفا اور ایثار کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک باقی رہے گی۔حضرت عباس ؑ علمدار ولادت کے بعد 14 سال تک حضرت علی ؑ کے زیر سایہ رہے ، حضرت علی ؑ کی شہادت کے بعد 10 سال تک حضرت امام حسن ؑ کے زیر سایہ رہے، حضرت امام حسن ؑ کی شہادت کے بعد امام حسین ؑ کے ساتھ رہے، پھر یہ ساتھ یہ کیا خوب نبھایا کہ میدان کربلا میں امام حسین ؑ کے ہاتھوں میں، ان کی گود میں سر رکھے کر جان افریں کی سپر د کی ۔ اللہ رب لعزت ہمیں دین اسلام کی ان عظیم ہستیوں کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطاء فرمائے۔