وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے یوم وفات امام خمینی کی مناسبت پر کہا ہے کہ امام خمینی دنیا کو دین، معنویت اور انسایت کو درست سمت پر لانے کیلئے انقلاب لے کر آئے۔ جب دنیا مادی، خواہشات نفسانی اور انا پرستی کی آگ میں جل رہی تھی، ہر طرف مادیت پرستی کا دور دورہ تھا اور انسان نے انسانیت سے ہٹ کر حیوانیت کا روپ دھار لیا تھا، ایسے حالات میں سرزمین قم سے ایک ایسی ہستی، اللہ، رسول اور آل رسول کا پیغام لے کر نکلی اور ایک ظالم آمر کا خاتمہ کرکے ایک نئے نظام کا سربراہ بنی۔ امام خمینی نے دنیا کو یہ بتایا کہ جس سمت کی طرف دنیا والے جا رہے ہیں، وہ انسانیت نہیں بلکہ بربادی، حیوانیت اور پستی ہے۔ انہوں نے دنیا کو بتایا کہ اگر دنیا و آخریت کی بھلائی، کامیابی اور خوبیاں چاہتے ہو تو شیطانی طاقتوں، حیوانیت اور خواہشات نفسانی کو چھوڑ کر اللہ و رسول (ص)، اہلبیت (ع) اور قرآن کی طرف آؤ، اس طرح سب فلاح پائیں گے۔
علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ امام خمینی کا یہ پیغام دنیا میں بہت سی مثبت تبدیلیاں لے کر آیا۔ انسانیت اس بات پر سوچنے پر مجبور ہوئی کہ جس راستہ پر وہ گامزن ہے، وہ راستہ صحیح نہیں بلکہ معنویت کا راستہ صحیح ہے۔ لہٰذا ایک بار پھر وہ ادیان جو تحریف ہوچکے تھے اور ان کے پیروکاروں نے انہیں چھوڑ دیا تھا، ان ادیان کے پیروکاروں کو بھی فرصت ملی کہ وہ اپنے دین کی طرف آئیں۔ امام خمینی نے بھی انہیں اپنے دین کی طرف راغب کیا اور مکتب اہلبیت (ع) جو اسلام کی صحیح تصویر ہے، اس کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔ انہوں نے دنیا کو بتایا کہ وہ اصلی ہستی جو اس انسانیت کی بگڑی صورت کو ٹھیک کر دینگے، وہ حضرت مہدی (عج) ہیں۔ امام خمینی نے دنیا کو ان (عج) کی آمد کا ایک وسیلہ و راستہ دکھایا اور لوگوں کو اس طرف متوجہ کیا۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم امام خمینی کے راستہ پر چلتے ہوئے مصلح کل صاحب عصر و زمان (عج) کے راستہ کے راہی بنیں اور پوری انسانیت کی بھلائی کے بارے میں سوچیں۔