وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس علمائے شیعہ بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ میں سیرت النبی ص کے عنوان سے علمی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں مرکزی نائب صدر علامہ سید ثمر عباس نقوی نے خصوصی شرکت کی جبکہ اجلاس کی صدارت مجلس علمائے شیعہ بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ علی حسنین حسینی نے کی۔ اس موقعہ پر مرکزی نائب صدر علامہ ثمر عباس نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن اور احادیث میں علم اور علماء کی بہت فضیلت بیان ہوئی ہے اور علماء کو انبیاء کا وارث قرار دیاگیاہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سلسلے میں علمائےکرام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ مجلس علمائے شیعہ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ ذوالفقار علی سعیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ رسول خدا کی سیرت ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور ہم آنحضرت کی سیرت پر عمل کرکے دنیا و آخرت میں کامیاب و کامران ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد امت وقت کی ضرورت ہے اور جب تک ہم آپس میں متحد نہیں ہوجاتے اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتے۔ آخر میں مجلس علمائے شیعہ بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ علی حسنین حسینی نے اپنے خطاب میں سیمینار میں شریک ہونے والے تمام علمائے کرام کا شکریہ اداکیا۔