وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے سانحہء مستونگ، مساجد اور فوجی افسران پر حملے میں ملوث 9 دہشتگردوں کی سزائے موت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملٹری کورٹس کے فوری انصاف سے، ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا اور عوام کے اندر ملکی نظام انصاف پر کھویا ہوا اعتماد بحال ہوگا ۔ عصر حاضر کے خوارج، اسلام، امت مسلمہ اور پاکستان کے لیے سنگین خطرہ ہیں ۔اس فتنے کو کچلنے کے لیے ملک بھر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملٹری کورٹس فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے دھشت گردوں کو عبرتناک سزائیں دیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ ، ان کے سر پرستوں اور مدد گاروں کے خلاف بھی بھر پور آپریشن کیا جائے ، نفرتوں کی علمبردار، کالعدم تکفیری جماعتوں کی نفرت انگیز سرگرمیوں کا خاتمہ از بس ضروری ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں کالعدم تکفیری گروہ کی شر انگیزسرگرمیوں اور نفرت انگیز بیانات کو فوری روکا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف آمریکی اتحاد نیا ڈرامہ ہے۔ کیوں کہ داعش کا وجود آمریکی اور اسرائیلی ایجنسیوں کا مشترکہ کار نامہ ہے ،جسے آمریکہ کے اتحادی بعض مسلم ممالک کی حمایت حاصل ہے ۔ آمریکہ اور اسرائیل اپنے انسان دشمن سامراجی عزائم کی تکمیل کے لئے داعش کو باقی رکھنا چاہتے ہیں۔