وحدت نیوز (ڈیرہ اللہ یار) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کا اہم اجلاس صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت ڈیرہ اللہ یار میں منعقد ہوا۔ اس موقعہ پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کوئٹہ بلوچستان میں دھشت گردی کے افسوسناک واقعات حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کا دائرہ ملک بھر میں انسانیت کے قاتل دھشت گردوں تک بڑھایا جائے۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کالعدم تکفیری ٹولے کے ٹریننگ کیمپس ہیں۔ جن کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا جائے۔ تکفیری گروہ امت مسلمہ کے لئے ناسور بن چکا ہے، جس نے دھشت گردی اور قتل و غارتگری کو اپنا دین سمجھ رکھا ہے۔ ان سے نجات کے لئے امت مسلمہ متحد ہوجائے۔
اجلاس میں آئندہ سہ ماہی پروگرام پر تفصیلی مباحثہ کے بعد منظوری دی گئی۔جس کے مطابق ماہ مبارک رمضان میں مبلغین کی تعیناتی اور یوم القدس کے پروگرام، جبکہ شوال میں صوبائی کابینہ اور ضلعی مسؤلین کے لئے خصوصی تربیتی ورکشاپ، اور دس اضلاع کے تنظیمی دورہ جات شامل ہیں۔
اجلاس میں صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا سید ظفر عباس شمسی، سیکریٹری مالیات محمد علی جمالی، سیکریٹری روابط مولانا عبد الحق جمالی، سیکریٹری امور جوان عبدالوہاب لغاری، سیکریٹری تنظیم مولانا برکت علی مطہری و دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس سے قبل ضلع سبی اور ضلع بولان کے وفد نے صوبائی کابینہ سے میٹنگ کی اور اپنے مسائل اور فعالیت پر گفتگو کی۔