وحدت نیوز(کوئٹہ) کوئٹہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء اور بلوچستان اسمبلی کے رکن جناب آغا رضا نے کہا ہے کہ ہم ہر کھیل کو فروغ دینے کی کوششیں کررہے ہیں، قومی کھیل میں نوجوانوں کی دلچسپی خوش آئند ہے۔ یہ بات انہوں نے آل ہزارہ صفدر علی بابل ہاکی ٹورنامنٹ کے نمائشی میچ میں خطاب کے دوران کی انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام کھلاڑیوں کی مدد کی پوری کوشش کی ہے اور کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے مختلف ٹیموں میں انکی ضرورت کی اشیاء بھی انہیں فراہم کردی ہے، ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہمارے نوجوان اپنا وقت ضائع نہیں کرتے اور ہمارا معاشرہ ایک صحت مند معاشرہ بن رہا ہے۔ صفدر علی ہاکی اسٹیڈیم گلستان ٹاؤن میں ینگ ہزارہ ہاکی کلب کے زیر اہتمام ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ، جس میں ایم پی اے آغا رضا بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور پہلا ہٹ مار کر آغا رضا نے ٹورنامنٹ کے میچوں کا آغاز کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور ہمیں یہ دیکھ کر کافی خوشی ہوئی کہ ہمارے نوجوان اس کھیل میں بھی دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور باقاعدہ ٹورنامنٹ کا بھی آغا ہوچکا ہے۔ میچ کے آخر میں ایم پی اے آغا رضا نے صفدر علی بابل ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے دو لاکھ روپے اور اس کے ساتھ ہی اسٹیڈیم میں ٹرف بچانے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ شہر کے گزشتہ حالات نے عوام کے زہنوں میں ایک عجیب کیفیت طاری کردی تھی اور ایسی سرگرمیاں عوام کے زہنوں پر مثبت اثر ڈالتی ہے اور خوشگواری کیلئے کارآمد ثابت ہوتی ہے۔