وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن سے جاری کردہ بیان میں ڈویژنل سیکریٹری جنرل سید عباس علی نے کہا ہے کہ اپنی سیاسی ضروریات کے لیے تو سیاست دان اکھٹے ہو جاتے ہیں۔عوام کی بنیادی ضروریات کے لیے وہ کب اکھٹے ہونگے ۔عوام کو تعلیم و صحت کی بنیادی سہولتیں وہ کب مل کر فراہم کریں گے۔ سیاست دان تو عوام کو بلدیاتی انتخابات کا بنیادی حق دینے پر بھی تیار نہیں اور مختلف حلیوں اور بہانوں سے اس حق کو غضب کیے بیٹھے ہیں ۔ حکمرانوں اور سیاست دانوں کے فرائض اداروں کو مستحکم کرنا ہے۔انہیں کمزور اورمذاق کا نشانہ بنوانا نہیں مگر یہ ہمیشہ یہی کرتے ہیں۔ انہیں اداروں کا خیال نہیں ہوتا بس اپنے مقاصد پورا کرنا اور اپنے اردگرد جمع لوگوں کو نوازنا ہے یہی ان کا کام ہے۔بات جب مفادات کی آجائے تو سارے اصول ، سارے ضابطے دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں۔ سینیٹ جیسے ادارے کو زیادہ سے زیادہ محترم اور با اختیار بنانے کی ضرورت ہے۔ دنیا میں جہاں یہ ادارہ ہے اس کا ایک اہم کردار ہے۔ اس کا بنیادی مقصد وفاق کی اکائیوں کے مفادات کا تحفظ ہے۔ اسی لیے سارے صوبوں کو سینیٹ میں مساوی نمائندگی دی گئی ہے۔ یہاں پر یہ بات بھی واضح ہے کہ سیاست مفادات کا کھیل ہے۔ ایک ایسا کھیل جس میں اصولوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ لوگ ایوان بالا کا رکن بننے کے لیے دونوں ہاتھوں سے دولت لوٹاتے ہیں۔ قوم کی خاطر ، عوام کی بھلائی اور ان کے بنیادی حقوق کے لیے کیوں یوں مال خرچ نہیں کرتے ۔ ہماری یہ بہت بڑی بد قسمتی ہے کہ ملک سے سیاست ختم ہوتی جارہی ہے بلکہ ہو گئی ہے۔صرف حکومت رہ گئی ہے۔ جس کی سیاست ہوتی ہے وہ عوامی نہیں بلکہ سرکاری ہوتی ہے۔ باتیں عوام کی کی جاتی ہے مگر کام صرف حکمرانوں کے ہوتے ہیں۔