وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں ملک بھر میں مختلف دہشتگردانہ کاروائیوں سے شیعہ مومنین کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ وطن عزیز میں نسل کشی کے اس سلسلے کو آگے بڑھنے سے روکنا ہوگا، ہم متحد ہیں اور ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف ہیں۔ ہم ایک شخص کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل عام سمجھتے ہیں اور جو افراد اس قتل عام میں ملوث ہیں انہیں بخشنا یا ان کے سامنے خاموشی اختیار کرنا، ملک و آئین کے توہین کے مترادف سمجھتے ہیں۔عوام مزید ظلم و ستم برداشت نہیں کرنے والے حکومت کو اقدامات اٹھانے ہونگے۔ بیان میں کہا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی قیادت نے ملک کے اندر جاری ظلم و ستم، بربریت، لاقانونیت اور قتل و غارت گری کے خلاف احتجاج شروع کردی ہے، وہ گزشتہ کئی دنوں سے بھوک ہڑتال کے ذریعے قومی پلیٹ فارم پر اپنا احتجاج رکارڈ کروا رہے ہیں اور پورے پاکستان سے مجلس وحدت مسلمین کے مختلف علاقائی نمائندوں نے بھی مرکزی قیادت کی حمایت ظاہر کرنے کیلئے بھوک ہڑتال کیمپیں لگوائے ہیں، ٹھیک اسی طرح کوئٹہ میں بھی علامتی بھوک ہڑتال کمپ لگایا گیا اور پارٹی کے ضلعی نمائندوں نے حکومت وقت کی خاموشی اور نااہلی کے خلاف اپنا احتجاج رکارڈ کروایا۔ بھوک ہڑتال کیمپ میں شرکاء سے خطاب کے دوران کوئٹہ ڈویژن کے نمائندوں نے کہا کہ اس بات سے سب واقف ہیں کہ ہماری جماعت انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، ہم نے پہلے بھی کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین مظلومین کی جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ مظلومین کے حق کیلئے آواز بلند کی ہے اور انہیں انکے حقوق دلانے کی کوششیں کی ہیں، قوم کو ہر میدان میں ہماری حاضری نظر آئے گی۔ بھوک ہڑتال کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین کے رکن شوریٰ اعلی و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی ، صوبائی رکن اسمبلی (ایم پی اے) آغا رضا اور کوئٹہ کے سیکریٹری جنرل عباس علی، ڈپٹی سیکریٹری شیخ ولایت حسین جعفری، سیکریٹری سیاسیات کامران حسین ہزارہ،سیکریٹری مالیات رشید طوری، سیکریٹری اسپورٹس ضیاء الدین، سیکریٹری روابط غلام حسین،سیکریٹری فلاح و بہبود امان اللہ اور سیکریٹری تعلیم حاجی عمران سمیت دیگر پارٹی ارکان نے شرکت کی اور انہوں نے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں اور مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہمیشہ میدان میں رہے ہیں قوم کیلئے کام کیا ہے، اور ہم ان کے اقدامات میں انکا ساتھ دیں گے۔