وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمود خان سے ملاقات کی ،اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات پر افسوس ہے۔اراکین پارلیمنٹ اور عوامی نمائندے اس کے سد باب کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔شہید شفیق احمد خان سے لے کر گذشتہ ہفتے دھشت گردی کے سانحہ تک کسی کے قاتل کیفر کردار تک نہیں پہنچے ۔ انصاف کا فقدان سنگین المیہ ہے کہ یہاں کسی کو انصاف نہیں ملتا۔
اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمود خان نے کہا کہ دہشت گردی کے مسلسل واقعات پر غم زدہ ہوں۔ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے معصوم انسانوں کا خون ناحق بہایا جارہا ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے دکھ کو بخوبی محسوس کر سکتے ہیں۔
در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عالمی قوتوں کے دباؤ میں آکر ملکی مفادات پر سودے بازی نہ کی جائے۔ قوم کو بتایا جائے کہ سیو دی چلڈرن پر پابندی کا فیصلہ کیوں واپس لیا گیا۔ ہمیں ایک آزاد اور خود مختار قوم کی حیثیت سے اپنے فیصلے خودکرنا ہوں گے،ملک و قوم کے مفادات سے متصادم سرگرمیوں میں ملوث مدارس کے خلاف کاروائی ہوسکتی ہے تومشکوک سرگرمیوں کی حامل این جی اوز کے خلاف بھی کاروائی ہونی چاہئے۔