وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضانے کہا ہے کہ ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی اور آنے والی نئی نسلوں کے لیے پر امن اور خوشحال پاکستان کے قیام کے لیے ملی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔آج ذاتی پسند اور ناپسند سمیت اقربا پروری ، کرپٹ معاشرے کی وجہ سے نئی نسل کے مستقبل کو داو پر لگا دیا گیا۔ جب تک معاشرتی کرپشن ،ذاتی اقربا پروری کا سدباب نہیں کیا جاتا ہم بہتری کی جانب گامزن نہیں ہو سکتے ۔ عوام کی حالت زار بدلنے کے تمام تر دعوے صرف لفاظی ہیں۔ ان دعووں میں اگر ذرا برابر بھی صداقت ہوتی تو اس کے ثمرات منظرعام پر بھی آنا شروع ہوجاتے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت نے عوام پر عرصہ حیات اس قدر تنگ کر دیا ہے کہ وہ اب معاشی بدحالی کے ہاتھوں چھوٹی چھوٹی خوشیوں سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔ حکمرانوں کو اپنا سیاست و طرز عمل بدلنا ہوگا۔ حکمرانوں کو اپنے قبلے کی درستگی کے بعد عوام کے مسائل کے حل کے لیے عملی کاوشیں کرنا ہو گی۔ تا کہ عوام کو ریلف مل سکے اور وہ معاشی آسودگی کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے استحکام پاکستان میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ کیونکہ معاشی طور پر خوشحال عوام ہی ریاست کی ضمانت فراہم کر سکتے ہیں۔ ہم سب اس ملک کے مقروض ہیں۔ ہمیں اپنے فرائض ادا کرکے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ پاکستان کا تقدس بحال کرکے ملی یکجہتی کا فروغ نا گزیر ہے۔