وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ دویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے رہنمااور کونسلر کربلائی عباس علی نے کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے جاری صفائی مہم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صفائی مہم کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کیلئے فنڈ کا اعلان کیا، جسکا مقصد شہر کی خوبصورتی نکھارنا ہے، میٹروپولیٹن کو یہ ہدایت کی گئی تھی کہ ان پیسوں سے کونسلرز کے ذریعے ان کے علاقوں میں کام کروائے مگر اس حکومتی ہدایت پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کی جانب سے یہ کہا جا رہا ہے کہ شہر کے تمام علاقوں میں صفائی کا کام جاری ہے مگر علمدار روڈ میں کسی بھی قسم کا کام ابھی تک شروع نہیں کیا گیا ہے۔ صفائی مہم سے ہمارے علاقوں کو محروم رکھا جا رہا ہے اور بعض کونسلرز کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔میٹرو پولیٹن کے تمام علاقوں میں کام کے دعوے صرف کاغذی کاروائیوں تک محدود ہیں، عملی اقدامات کا کوئی نام و نشان نظر نہیں آرہا۔ اگر شہر میں کام کروایا جا رہا ہے توذمہ داران تمام کونسلرز کو یک نگاہ سے دیکھے اور انصاف کا دامن تھامتے ہوئے تمام اراکین کے علاقوں میں کام کا آغاز کروائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کو دیا جانے والا پیسہ عوام کے ٹیکسوں سے جمع کیا گیا ہے اور ان پر عوام کا حق ہے۔ ان کا استعمال عوام کیلئے کرنا ہوگا، ہمارے علاقوں کی صفائی مہم سے محرومی ناقابل برداشت ہے۔ ہم سب عوامی نمائندے ہیں ہمیں عوام نے منتخب کیا ہے اور وہ ہم سے کام اور بہترین نتائج کے توقعات رکھتے ہیں۔ میٹروپولیٹن سے تمام اراکین وابسطہ ہیں تو حق بھی سب کو ملنا چاہئے اور کام تمام علاقوں میں یکساں طور پر شروع ہونا چاہئے۔ یکطرفہ فیصلہ اور کام ہماری نظر میں قابل قبول نہیں۔ بعض کونسلرز کے ساتھ ناجائز رویہ اختیار کیا جا رہا ہے اور ان کے علاقوں میں کام نہ کروا کر، انہیں انکے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر میٹرو پولیٹن کے ذمہ داران کے رویے میں تبدیلی نظر نہیں آئی تو مجبوراً ہمیں اپنے حق کیلئے مزید جدوجہد کا آغاز کرنا ہوگا اور مجلس وحدت مسلمین کے کونسلرز کو اپنا فیصلہ کرنا ہوگا۔