وحدت نیوز (کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ کے کونسلرعباس علی نے کہا ہے کہ ہزارہ ٹاؤن میں آبادی بے حد بڑھ گئی ہے جبکہ بجلی کی فراہمی آبادی کی ضروریات کے نسبت بے حد کم ،عوام کو بجلی کی شدید لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔ بجلی کی غیر موجودگی عوام کیلئے سینکڑوں مسائل کا سبب بن رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہزارہ ٹاؤن سے آئے ایک وفد سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس جدید دور میں تقریباً ہر کام کا تعلق بجلی سے ہے جسکی کمی عوام کیلئے ایک درد سر بنی ہوئی ہے اور ان کٹھن حالات میں علاقے کے عوام اس بات کے منتظر ہیں کہ شاید واپڈا حکام کو عوام پر ترس آجائے کہ وہ ان کے لئے بجلی کے اس بحران کو حل کرے،مگر واپڈا والے عوام کی خاموشی کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ واپڈا ایک سرکاری محکمہ ہے اور اسکی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہر پاکستانی کی خدمت کرے. ہر پاکستانی حکومت کو ٹیکس دیتا ہے اور ایک پاکستانی اور ٹیکس ادا کرنے والے کی حیثیت سے انکا حق بنتا ہے کہ انہیں انکی روزمرہ ضروریات کیلئے مقررہ بجلی فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ بہت سے لوگوں کا پورا کاروبار بجلی سے وابسطہ ہے اور بجلی کی قلیل دستیابی ان حضرات کے ساتھ ساتھ قوم کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے جتنا کم کاروبار ہوگا اتنا کم منافع اور جتنا کم منافع ہوگا اتنی کم ٹیکس اور اگر وہ حضرات بجلی کیلئے جنریٹرز اور دیگر مشینوں سے مستفید ہونے کیلئے جنریٹرز وغیرہ استعمال کریں تو ماحول میں آلودگی کا اضافے کا ایک مسئلہ ۔انہوں نے آخر میں کہا کہ حکومت ہزارہ ٹاؤن میں طویل لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے اور انہیں جلد از جلد بجلی کی بہتر سہولت فراہم کرے اور ساتھ ہی ساتھ واپڈا حکام کو بھی ہدایت جاری کرے کہ وہ عوام کو مزید تنگ کرنے سے گریز کرے اور ہزارہ ٹاؤن کے مستحق شہریوں کو اس عذاب سے نجات دلوائے.