وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گٹی داس حادثہ گلگت بلتستان کی تاریخ کا انتہائی دلخراش واقعہ ہے۔ مصیبت کی اس گھڑی زخمیوں کی بحالی کے لیے بھرپور طبی امداد کی فراہمی اور جاں بحق افراد کے جسد خاکی کی منتقلی کے لیے ہنگامی اقدامات پر فورس کمانڈر گلگت میجر جنرل احسان محمود کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بہ نفس نفیس زخمیوں کی منتقلی کی کارروائی میں شرکت کی اور انسانی ہمدری کی اعلی' مثال پیش کی۔ جس پر پوری قوم کو پاک فوج پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سانحے میں بلتستان انتظامیہ اور دیامر انتظامیہ بھی خاصی فعال رہی جو کہ لائق تحسین ہے۔ زخمیوں کو بسوں سے نکالنے والے مسافروں اور اسکے بعد فوری طور پر چلاس ہسپتال پہنچاکر انکی جان بچانے والی ریسکیو 1122 کی ٹیم اور محکمہ صحت جنہوں نے چلاس ہسپتال میں ایمرجنسی بنیادوں پر کام کیا ان سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ نے بھی متعلقین کو فعال کرنے میں کردار ادا کیا ہے ان کا جزائے خیر پرودگار عطا کرے گا۔
آغا علی رضوی نے دیامر کے علماء، عوام اور جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کے اس موقع پر دیامر کے عوام کے جذبہ فدا کاری و اخوت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر بلتستان کے عوام کو خون دینے کی پاکیزہ روایت ڈال کر دیامر یوتھ، علماء اور عوام نے پورے خطے کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ اس روایت خیر نے خطے میں نفرت و تعصب کی بیچ بونے والے فتنہ پروروں اور اسلام و ملک دشمنوں کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے۔ زخمیوں کو خون عطیہ کرنے والے عوام کو اہلیان بلتستان کی طرف سے سلام پیش کرتے ہیں۔
آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے بھی اس سانحے پر خصوصی توجہ دی ہے جوکہ قابل قدر ہے امید ہے لواحقین کی دلجوئی اور زخمیوں کی بحالی کیلئے وزیراعلی' گلگت بلتستان خصوصی معاونت کا اعلان کریں گے۔ تمام لواحقین کو صبر و شکر کی تلقین، جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کے لیے دعا کرتے ہیں اور عوام سے زخمیوں کی شفایابی کیلئے دعا کی اپیل کرتے ہیں۔