وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صدر سید علی رضوی نے کہا ہے کہ وحدت مسلمین اپنے قیام کے بعد سے بلا تفریق مظلوم طبقات کی نمائندگی کرتی رہی ہے۔ ہم اپنے اس نصب العین سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ دنیا کے جس کونے میں بھی ظلم ہوگا مجلس وحدت مسلمین اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق ملنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صدر نے وحدت ہاؤس گلگت میں صوبائی شوریٰ کے اجلاس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحد ت مسلمین فقط ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ اس جماعت کا بنیادی ہدف محکوموں اور مظلوموں کو ان کے بنیادی حقوق دلانا ہے، جی بی میں آج مغربی افکار کی یلغار ہے اور پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا (سوفٹ وار) کے ذریعے استعماری طاقتیں دنیا پر حکمرانی کے خواب دیکھ رہی ہیں۔ ہمارے جوان مکتب اہل بیت کے پروردہ ہیں اور استعماری سازشوں کو بخوبی جانتے ہیں اور ان شاءاللہ ہمارے جوان پوری طاقت سے ان کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام غیور ہیں اور اپنے حقوق حاصل کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ حکمرانوں کو چاہئے کہ اس خطے کی حساسیت کے پیش نظر عوامی حقوق سلب کرنے سے گریز کریں اور کئی دہائیوں پر محیط محرومیوں کا ازالہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ جی بی کے تعلیمی اداروں میں مداخلت برداشت نہیں کی جائیگی اور ہماری نئی نسل جو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ ہیں ان کو تعلیمی اداروں میں ان کی صلاحیت کے مطابق مواقع فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں بے راہ روی کو روکا جائے اور نئی نسل کی اپنے اسلاف کے افکار و نظریات کے مطابق تربیت کی جائے تاکہ یہ نوجوان نسل معاشرے کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی شوریٰ کے اجلاس میں شیخ نیئر عباس مصطفوی رکن جی بی کونسل شیخ احمد نوری، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان محمد الیاس صدیقی، رکن جی بی اسمبلی شیخ اکبر علی رجائی کے علاوہ گلگت بلتستان کے جید علمائے کرام اور صوبائی و ضلعی عہدیدارشریک رہے۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی عہدیداروں کا چناؤ بھی عمل میں لایا گیا اور شوریٰ کے اراکین نے اکثریت رائے سے صوبائی کابینہ کے نامزد اراکین کی توثیق کر دی جن سے صوبائی صدرعلامہ آغا سید علی رضوی نے حلف لیا۔
گلگت بلتستان کے غیور عوام اپنے حقوق حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں، آغا سید علی رضوی