وحدت نیوز(گلگت)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی اور صوبائی رہنما مجلس وحدت مسلمین محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام سے دشمنی پر اتر آٸی ہے۔ بجٹ اور گندم سبسڈی پر کٹوتی محض سیاسی مخالفت کا نتیجہ ہے۔ امجد ایڈووکیٹ پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر 140 افراد کا تاریخی اجتماع کرکے حواس باختہ ہو چکا ہے۔
اپنے ایک بیان میں محمد الیاس صدیقی نےکہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کی پوری توجہ اپنی کرپشن چھپانے پر ہے۔ انہیں عوام کی مشکلات سے کوٸی سروکار نہیں۔ بجٹ کٹوتی سے گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار ہونگے، جس سے عوامی مشکلات مزید بڑھ جاٸینگی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے گندم سبسڈی پر کٹوتی سے جی بی میں آٹے کا بحران پیدا ہو چکا ہے۔
امجد ایڈووکیٹ صوباٸی حکومت کی دشمنی میں قمر زمان کاٸرہ کے ذریعے فنڈز کی فراہمی میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں اور جی بی کے عوام کو جھوٹے بیانات کے ذریعے بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ امجد ایڈووکیٹ حلقے کے عوام سے جو وعدے کر کے آئے ہیں ان وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلٸے غیر ضروری بیانات کا سہارا نہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر یوم تاسیس پر پورے ضلع گلگت سے ڈیڑھ سو افراد کا اجتماع کرکے صوباٸی حکومت کو گھر بھیجنے کی بچگانہ باتیں کر رہے ہیں۔ یاد رکھیں گلگت بلتستان کے عوام وفاقی حکومت کی شیطانی چالوں سے بخوبی واقف ہیں اور آٸندہ انتخابات میں پورے ملک سے چوروں کا صفایا کر دیا جاٸیگا۔