وحدت نیوز (گانچھے) صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان آغا سید علی رضوی نے وفد کے ہمراہ گانچھے کا ایک روزہ دورہ کیا۔ دورے کے دوران مذہبی، سیاسی و مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ جامع مسجد فاطمة الزہراء ڈینس خپلو میں شہادت حضرت فاظمہ زہراءؑ کی مناسبت سے منعقدہ مجلس سے خصوصی خطاب کیا۔ وفد نے مرکزی خانقاہِ معلیٰ بالا خپلو کا دورہ بھی کیا، جہاں خانقاہ کمیٹی کے اراکین نے آغا علی رضوی اور انکے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر سابق ممبر جی بی اسمبلی محمد اقبال، غلام نبی سوشل ویلفیئر آفیسر، صوبیدار بلال، ٹھیکیدار احمد علی، عبد الرحیم، حاجی شکور، ماسٹر شکور، محمد یوسف، غلام محمد اور احسان علی سمیت دیگر اراکین نے آغا علی رضوی اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ محمد اقبال نے خانقاہ کا دورہ کرواتے ہوئے کہا کہ آغا علی رضوی صرف اہلِ تشیع کے ہی نہیں ہمارے بھی بزرگ اور رہنما ہیں، مرکزی خانقاہِ معلیٰ کی تعمیر میں جہاں نوربخشیہ برادری نے تعاون کیا وہیں سیاچن سے لیکر کراچی کے ساحلوں تک شیعہ برادری اور دیگر مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی تعاون کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم آغا علی رضوی نے کہا کہ مجھے آج مرکزی خانقاہِ معلیٰ کی زیارت کرکے قلبی طور پر روحانی تسکین ہوئی، آپ سب کی محبتوں سے انشاء اللہ بلتستان میں اتحاد بین المسلمین کو فروغ ملے گا اور انشاء اللہ ہم آئندہ بھی ملتے رہیں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد میں آغا علی رضوی سمیت علامہ شیخ غلام حسین جوہری نائبِ امام جمعہ و جماعت جامع مسجد فاطمة الزہراءؑ خپلو، شیخ کاظم سرور، کاچو زاہدعلی خان ممبر مرکزی شوریٰ عالی، آغا سید ہادی ممبر تنظیم سازی، آغا زمانی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ، کاچو اختر، آغا سید اطہر، وزیر عیسیٰ خان اور برادر حبیب شامل تھے۔