وحدت نیوز (اسلام آباد) آج مورخہ 5 جنوری 2023 کو گلگت بلتستان کونسل کی سب کمیٹی کا اجلاس سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان و رکن جی بی کونسل شیخ احمد علی نوری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں جی بی کے عوام کو درپیش مجموعی مسائل زیر غور آئے۔سب سے پہلے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ جی بی کے سارے عوام سردی میں اپنے مطالبات کے لیے سڑکوں پر ہیں لیکن وفاقی و صوبائی حکومت نے اب تک کوئی خاطر خواہ قدم نہیں اٹھایا ہے۔
کمیٹی نے توقع ظاہر کی کہ وفاقی و صوبائی حکومت فوری اقدامات کے ذریعے جی بی عوام کے مشکلات کا فوری ازالہ کرے گی۔اس کے علاوہ گندم سبسڈی جاری نہ ہونے اور بجلی کے بحران اور زمینوں کے مسئلے پر صوبائی حکومت کی طرف سے بھی خاطر خواہ لائحہ عمل اختیار نہ کرنے پر تشویش کا اظہارکیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ مسائل کے فوری حل پر توجہ دی جائے گی۔
وفاق کی طرف سے فنڈز کی کٹوتی اور PSDP فنڈز کو روکنا اور گندم سبسڈی کے مسئلے کو حل نہ کرنا انتہائی ناانصافی ہے ۔جی بی کونسل کے تمام اراکین نے اجلاس میں بھرپور زور دیا کہ ارباب حل و عقد مسائل کو حل کریں وگرنہ تمام اراکین کونسل پریس کانفرنس پر مجبور ہوجائیں گے۔
اجلاس میں اس سلسلے میں وفاقی مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ صاحب نے فوری طور پر وزیر اعظم سے مل کر مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک کوئی حل سامنے نہیں آیا جس پر اراکین کونسل سخت تشویش کا اظہار کرتے ہیں ۔
اجلاس میں اراکین کونسل کے بجٹ کو فوری طور پر ریلیز کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں گلگت بلتستان میں جاری دھرنے کی مکمل حمایت کی اور اراکین کونسل نے عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کی۔