وحدت نیوز(گلگت) پاکستان پیپلز پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق کیلئے مخلص ہوتی تو اپنی تین باریوں میں مسئلہ حل کرچکے ہوتی۔گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی راہ میں مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی ہی سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں کانفرنسز کرنے سے قبل اپنے مرکزی رہنماؤں اعتزاز احسن اور رضا ربانی کو قائل کروائیں۔جب یہ دونوں جماعتیں اقتدار میں ہوتی ہیں تو گلگت بلتستان کے بنیادی مسائل سے صرف نظر کرتے ہیں اور جب اقتدار چھن جاتا ہے تو ان کو گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق یاد آنے لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اور نواز لیگ چاہے تو اب بھی اسمبلی میں قرارداد پیش کرکے گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلواسکتے ہیں اور اس وقت گلگت بلتستان کے پارٹی رہنماؤں کا بیانیہ کچھ اور ہوتا ہے اور مرکزی رہنماؤں کا کچھ اور۔پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان کے حقوق کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کھسیانی بلی کھمبہ نوچے کے مصداق ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اس کانفرنس کو آل پارٹیز کانفرنس کا نام دینا ہے ایک دھوکہ ہے جبکہ گلگت بلتستان میں موجود اکثریتی سیاسی جماعتوں نے اس کانفرنس کو مسترد کرتے ہوئے شرکت سے انکار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان جماعتوں کا اپنا قبلہ درست نہیں اور ہرمرتبہ یہ ایک نئے نعرے کے ساتھ عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کرتے ہیں ۔گلگت بلتستان کے عوام اب بیدار ہوچکے ہیں جو اب کھوکھلے نعروں کو ہرگز قبول نہیں کرینگے۔