وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات خانم سیدہ نرگس سجاد جعفری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی یکطرفہ احمقانہ بھارتی کوشش خطہ کےامن کے لیے خطرناک ہے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے اس طرح کے نا عاقبت اندیشانہ حرکتیں کررہا ہے۔ بھارت کے ان اقدامات سے تحریک آذادی کو مزید تقویت ملی۔
میڈیا سیل سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عالمی اداروں اور بین الاقوامی طاقتوں کو مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ یہ ایک ارب سے زاہد انسانوں کی موت و حیات کا مسئلہ ہے ۔ حکومت پاکستان کو چاہیئے کہ دوست ممالک سے رابطے کرے اور سلامتی کونسل اور او آئی سی کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کرے۔ انھوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے مشکل کی اس گھڑی میں مجلس وحدت المسلمین کے کارکنان کشمیر کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔