The Latest
وحدت نیوز (مشہد) ایران کے مقدس شہرمشہد میں بلدیہ مشہد کیطرف سے انقلاب اسلامی کی سینتیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک جشن کا اہتمام کیا گیا جس میں مشہد مقدس میں رہنے والے اردو زبان والوں کو مدعو کیا گیا ۔اس جشن میں پاکستان اور ہندوستان کے علمائے کرام اور طلاب عظام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس جشن کےمہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےسربراہ امور خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹرسید شفقت حسین شیرازی نے خطاب کیاجبکہ اردو زبان کے پاکستانی اور ہندوستانی شعراءنے بہترین اشعار پڑھےاور سامعین سے خوب داد وصول کی،ایرانی چھوٹے بچوں نے بہترین انداز میں خوبصورت ترانہ پڑھ کر خوب داد وصول کی،محفل کے آخر میں بلدیہ مشہد مقدس کے فرھنگ سرا زیارت کے مسئول جناب آقای کمیلی نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔
وحدت نیوز (نصیرآباد) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا سید ظفرعباس شمسی نے ضلع نصیر آباد کا تنظیمی دورہ کیا، اس موقع پر ضلعی سیکریٹری جنرل میر غلام مصطفیٰ گولہ ، سید حسن ظفر شمسی نے ضلعی کابینہ کے ہمراہ بھنڈ صوبائی رہنماؤں کا استقبال کیا۔
اس موقع پر منجھو شوری اور گوٹھ غلام مصطفیٰ گولہ میں تنظیمی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ ۱۱ فروری انقلاب اسلامی کی ۳۸ ویں سالگرہ کے موقع پر ہم تمام اہل اسلام خصوصا پیروان مکتب امام خمینی ؒ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انقلاب اسلامی نور کی تجلی تھی جس کا نورانی پیغام تمام جغرافیائی سرحدیں اور رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے عالمی انقلابی تحریک میں بدل چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طول و عرض میں واقع دھشت گردوں کے ٹریننگ کیمپس اور محفوظ ٹھکانے ناقابل برداشت ہیں،جبکہ مستونگ دھشت گردوں کاگڑہ بن چکا ہے،چار مہینے گذر جانے کے با وجود سانحہ چھلگری میں ملوث قاتل گرفتار نہیں کئے گئے، جو کہ انتہائی افسوس ناک عمل ہے،جدوجہد کے ہر مرحلے پر مجلس وحدت مسلمین ، وارثان شہداء کے شانہ بشانہ ہوگی، ۲۰ فروری کو مزار شہداء پر حاضری دے کر شہدائے ملت جعفریہ سے اظہار عقیدت اور تجدید عہد وفا کیا جائے گا،انہوں نے کہا ۲۱ فروری کو ڈیرہ مراد جمالی میں شہداء کی یاد میں کانفرنس اور احتجاجی جلسہ منعقد ہوگا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ ولایت حسین جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قوم اس بات سے آگاہ ہے کہ ہماری پاک سر زمین کو نقصان پہنچانے والے کون ہیں اور ملت کا ہر فرد اپنے دشمن کو پہچانتا ہے ۔ یہی اس بات کی وجہ بنی ہے کہ آج دہشتگردوں ، دہشتگردانہ سوچ رکھنے والوں اور ان کے مددگاروں کے خاتمے کیلئے ہماری قوم متحد اور پر عزم ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژنل سیکریٹریٹ میں آئے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ، میٹنگ میں کامران حسین ہزارہ، حاجی ناصر علی ، کربلائی رجب ، سید مہدی اور کربلائی عباس سمیت ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
انہوں مزید کہا کہ اس بات سے ہرگز انکار نہیں کیا جا سکتا کہ کوئٹہ میں بحالیِ امن کی جد و جہدکے پس پشت اقتصادی راہداری منصوبے کا اہم کردار ہے۔ وفاقی حکومت کو جو اقدامات پہلے اٹھانے چاہئے تھے وہ اقدامات آج اٹھائے جا رہے ہیں، مگر ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ حکمرانوں کے ساتھ ساتھ عوام کی بھی آنکھیں کھل گئی ہیں اور سب دہشتگردوں کے خلاف متحد ہو گئے ہیں جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ خطے سے جلد از جلد دہشتگردی کا نام و نشان مٹا کر خطے کو پر امن بنایا جائے گا، ہمارا اتحاد، نظم و ضبط اور ہمارا ایمان ہمیں ہماری منزل تک پہنچا دیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے حالات پر قابو پانے اور دہشتگردی مٹانے کے اس جنگ میں عسکری قیادت کے کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو آپریشن کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔آج ہم سب متحد ہیں، اپنے دشمن کو پہچان چکے ہیں اور اپنے وطن سے انکا نام و نشان مٹانے کا یہی بہترین وقت ہے۔ اگر دہشتگردوں کے خلاف کاروائیاں نہیں کی گئی، انہیں اور انکے سہولت کاروں کو سزائیں نہیں دی گئی اور اگر ان کو کھلی چھوٹ دینے سے ملک و قوم کو مزید نقصانات کا سامنا کرنا پڑ ا تو اس کے ذمہ دار ہم خود ہونگے ۔
وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین قم کے زیر اہتمام انقلاب اسلامی کی ترویج و اشاعت میں اردو زبان کے مفکرین کی کاوشوں کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ جس سےایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹرشفقت شیرازی اورعلامہ عابدیان نے خطاب کیا۔ بعد ازاں علوم حدیث سے متعلق ایک کتاب جوامع حدیثی شیعی کے اردو ترجمے کی رونمائی کی گئی، تقریب میں ایم ڈبلیوایم شعبہ قم کے سیکریٹری جنرل علامہ گلزارجعفری،سابق سیکریٹری جنرل علامہ تقی شیرازی سمیت طلاب حوزہ علمیہ اور علمائے کرام کی بڑی تعداد شریک تھی۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بے گناہ افراد کو گرفتار کرکے ان پر جھوٹے مقدمات قائم کرنے کے بجائے کالعدم جماعتوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں، ایم ڈبلیو ایم ملک میں مذہبی اتحاد و وحدت کا عملی نمونہ ہے ، سندھ حکومت کے بعض وزراء کی سرپرستی میں کالعدم دہشتگردوں کی فعالیت کراچی آپریشن پر سوالیہ نشان ہے ۔شہر قائد بے گناہ شیعہ نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں گرفتارکئے جانے والے شیعہ نوجوانوں کو جرائم پیشہ اور ظاہر کر کے ایم ڈبلیو ایم سے جوڑنے کی مذمت کرتے ہیں،ایم ڈبلیو ایم کے نام کو دہشتگردوں کے ساتھ شامل کرنا قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس میں شامل کالی بھڑوں کی مضموم سازش ہے،مذہبی منافرت پھیلانے والے امت اخبار کا ایم ڈبلیوایم کو دہشت گردوں کی صفت میں کھڑاکرنا من گھڑت الزام ہے۔
وحدت ہاؤس کراچی سے جاری اپنے بیان میں علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ الحمد اللہ ملت جعفریہ اس ملک میں بانیان پاکستان کی اولادیں ہیں ،ملک میں بسنے والے شیعہ سنی عوام جانتے ہیں کہ پاک افواج ،رینجرز ،پولیس ،سانحہ نشتر پارک، ملک بھر میں سانحہ عاشوہ ،سانحہ اربعین،رحمان شاہ بابا،سانحہ داتا دربار ،درگاہ حاجن شاہ ،عبد اللہ شاہ غازی سمیت ملک بھر میں موجود اولیاء اللہ کے مزارات اورسانحہ پشاورآرمی پبلک اسکول کے معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بناے والے دہشتگرد کالعدم جماعتوں اور ان کے پروڈکشن ہاؤس تکفیری مدارس کے تربیت یافتہ ہیں جن کے سینکڑوں جرائم اس ملک میں بسنے والے عوام اور ریاستی اداروں سے ڈھکے چھپے نہیں، اب یہ عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کی ملک میں جڑوں کو مضبوط کرنے میں مدد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے شہر قائد سے شائع ہونے والے زرائع ابلاغ کے چند اخبارات میں جرائم میں ملوث افراد کا نام ایم ڈبلیو ایم سے جوڑنے کی ترید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں و کارکنان کے خلاف آج تک کوئی دہشتگردی کا مقدمہ قائم نہیں ایم ڈبلیو ایم کا میڈیا ٹرائل آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے ،مجلس وحدت مسلمین پر امن و محب وطن سیاسی جماعت ہے، فرقہ واریت اور مذہبی جنونیت کے خلاف اتحاد و وحدت کے مثالی کام کئے ہیں، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم مذہبی جماعت کے خلاف فوری کاروائی کرے، شہر قائد دہشتگردی کے واقعات بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم جماعتوں کے ملزمان کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں اور جلد از جلد ان دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکا یا جائے ۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کل بروز ہفتے کو گیارہ بجے دن دو روزہ دورے پر ملتان پہنچیں گے۔ ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے میڈیا کوارڈینیٹر ثقلین نقوی کے مطابق دو روزہ دورے کے دوران ملتان میں مختلف معززین شہر، وکلاء ، تنظیمی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ علامہ ناصر عباس جعفری ملتان میں وفات پا جانے والی اہم شخصیات کے خانوادگان سے اظہار تعزیت کریں گے۔ ثقلین نقوی کے مطابق مختلف شخصیات کی جانب سے اُن کے اعزاز میں مختلف تقاریب میں شرکت اور خطاب کریں گے جبکہ اتوار کو میڈیا کے اعزاز میں دی گئی نشست میں خصوصی شرکت اور خطاب کریں گے۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے رہنماء اور رکن صوبائی اسمبلی آغامحمد رضا رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اجتماعی مفاد کو انفرادی مفاد پر ترجیح دینا ہوگی۔ آج ہمارے زوال کی بڑی وجہ کرپشن، بیڈگورننس اور بد عنوانی ہے ۔جب معاشرے کا کم و بیش ہر فرد خود غرضی اور مفاد پرستی کا رویہ اپنائے گا تو بالاآخر یہ معاشرہ اور اس کی منفی اور تخریبی اقدار خود ہمارے لیے ناقابل برداشت ہوجائے گی کون سے ایسی اخلاقی بیماری ہے جو ہم میں موجود نہیں، خودغرضی ، بدعنوانی ، حرص و ہوس، مفاد پرستی، عیاری و چالاکی، بے علمی غرض ساری اخلاقی برائیاں ہم میں پائی جاتی ہیں، بدعنوانی اور رشوت ستانی ایک خطرناک بیماری ہے ، لیکن یہ بیماری ہم سرکاری ملازم سے لیکر سیاست دانوں اور وزیروں میں دیکھ سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قانون ساز ادارے بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔ فرد کی اخلاقی حالت کو سدھارے بغیر محض قانون سازی اور جمہوری اداروں کی بحالی اور بالا دستی سے ہم اپنی قومی اور اجتماعی حالت کو تبدیل نہیں کرسکتے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ظلم و استحصال اور طرح طرح کے زمینی و آسمانی مصائب اور آفات ایسے ہی معاشرے کا مقدر بنتے ہیں، جہاں فرد کا کردار بگڑ جائے اور اعلیٰ اخلاقی اقدار و صفات سے محروم ہوجائے۔ آج ہمارے معاشرے کا وہ کون سا طبقہ ہے جو بلا لحاظ علم و تجربہ اور بلا امتیاز، رنگ و نسل و عقیدہ ایسے اخلاقی امراض میں گرفتار ہیں کہ نہ ان کا علم نافع رہا نہ ان کی کوشش نتیجہ خیز ہیں۔ ہم دوسروں کا احتساب تو چاہتے ہیں لیکن خود اپنا احتساب کرنے کے لیے تیار نہیں۔ اگر سوچنے اور تجزیے کا انداز اب ہوجائے تو معاشرے کی عمومی صورتحال یہ ہو جاتی ہے کہ سب ایک دوسرے کو موردالزام ٹھہراتے ہیں اور ایک دسورے پر انگلیاں اٹھاتے ہیں ۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر قربان کردیں۔ اس ایثار و قربانی کے نتیجے میں رفتہ رفتہ معاشرے و ملک کی حالت دسدھرتی جائے گی۔
وحدت نیوز (مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین (شعبہ مشہد مقدس ) کے زیراہتمام موسسہ حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا اور موسسہ جواد الائمہ مشہد مقدس کے تعاون انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کے موقع پر ''انفجارنور'' سیمینار مدرسہ جامعة المصطفی العالمیہ میں منعقد ہوا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری تربیت علامہ سید احمد قبال رضوی، مرکزی سیکرٹر ی سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی اور مسئول مرکزی دفتر اسلام آباد علامہ محمد اصغر عسکری تھے۔ سیمینار کی صدارت مجلس وحدت مسلمین (شعبہ مشہد مقدس ) کے سیکرٹر ی جنرل حجتہ الاسلام والمسلمین مولانا عقیل حسین خان نے کی۔ سیمینار میں پاکستان اور ہندوستانی علماء اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے انقلاب اسلامی کے ایران اور خطے میں موجودہ دیگر ممالک پر پڑنے والے اثرات پر گفتگو کی۔ مقررین نے کہا کہ رہبر کبیر کی حقیقت میں نائب امام(عج) تھے جنہوں نے ظہور امام (عج) کے لیے ایک اسلامی ریاست کو قائم کر کے زمینہ سازی کی۔ سیمینار کی خاص بات یہ تھی کہ( مشہد مقدس جہاں شدید سردی ہے ) اس کے باوجود علمائے کرام اور طلاب کرام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے قانونی مشیر شیخ محمد عیسیٰ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ شیخ نیئر عباس سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف مظلومین کی حمایت کرنے کے جرم میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے خلاف مقدمات کا اندراج اور گرفتاریاں سیاسی مخالفت کی انتقامی کاروائی ہے۔پوری دنیا میں یمن کی حمایت اور سعودی جارحیت کے خلاف مظاہرے کئے گئے لیکن کہیں پر بھی کسی کے خلاف نہ تو کوئی مقدمہ درج ہوا اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی لیکن گلگت بلتستان میں نواز لیگ نے برسر اقتدار آتے ہی گرفتاریاں عمل میں لاکر اپنے آمرانہ سوچ کو ثابت کردکھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نااہلیت سے آج اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کا کہیں ذکر موجود نہیں صرف وفاقی حکومت کا گھن گاکر عوام کے آنکھوں میں دھول جھونکنے کوشش کی جارہی ہے۔سپریم اپیلیٹ کورٹ کے سوموٹو ایکشن نے حکومت کی نا اہلی اور ان کے جھوٹے دعووں پر سے پردہ ہٹادیا ہے،علاقے میں ایک طرف گندم کا بحران سے عوام عاجز آچکی ہے تو بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنادی ہے۔آئینی صوبے کے مطالبے پر اسمبلی کی متفقہ قرارداد سے حکومت کا یوٹرن گلگت بلتستان کے عوام سے غداری کے مترادف ہے۔
وحدت نیوز (آرٹیکل) کمال تک پہنچنے میں مختلف امور موثر ہیں۔ انسان کو خداوند عالم نے کمال کے لئے خلق کیا ہے اور یہ بھی بتلایا ہے کہ اس وصف سے کس طرح متصف ہوسکتا ہے۔ان میں معرفت الٰہی میں اضافہ،تقویٰ و پرہیزگاری کو اپنا پیشہ کرنا، اپنی زندگی میں نظم و نسق قائم رکھنا،علمی میدا ن میں ارتقاء کے مراحل کو طے کرنا، خصوصی طور پردینی علم کےحصول میں سرگرم رکھنا اور اس پر عمل کے ذریعے وارث انبیاء کا عنوان پانا "اَلْعُلَمَاءُ وَرَثَتُ الاَنْبِیَاءُ،عرفان کے ذریعے کشف و شہود کے مرحلے تک رسائی پیدا کرنااورکائنات کی ہر چیز کو قدرت الٰہی کے مظاہر سمجھنا، اپنی شناخت کے ذریعے رب کی شناخت حاصل کرنا "مَنْ عَرَفَ نَفْسَهُ فَقَدْ عَرَفَ رَبَّهُ"۔اپنی زندگی میں ہر کام کوخداکی خوشنودی کے لئے بجا لانا "مَنْ کَاْنَ لِله کَانَ الله لَهُ"اپنی جان، مال اور اولاد کو خدا کی راہ میں قربان کرنے کے لیے تیار رہناشامل ہیں۔
یہاں ایک سوال پیدا ہوتاہے کہ کیا آج کے اس خطرناک دور میں بھی ایسے اوصاف کے حامل افراد کا پایا جانا ممکن ہے؟
جواب اثبات میں ہے ۔ایسا ہونا ناصرف ممکن ہے بلکہ موجودہ صدی میں ہی ہم اس کے مصداق اتم کی نشاندہی بھی کرسکتے ہیں۔میرا مقصود ہے؛ بت شکن زمان، عارف بے مثل،مجتہد کل عالَم جہان تشیع، وارث علم انبیاء،فیلسوف بے نظیر،سیاستدانِ یکتائے زمان،شجاعت کا پیکر، اخوت کا داعی، انقلاب شبیری کے پیغمبر اور صبر حسینی کے مصداقِ بارز،شجاعت حیدری کا عملی مظہر،حلم امام حسن مجتبیٰؑ کا زندہ مصداق، امام سجادؑ کی عبادت کا احیاءگر،باقرالعلومؑ کے منبع علمی کو دنیائے جہان تک منتقل کرنے والا اور صادق آل محمدؑ کی پیروی میں ہزاروں شاگردوں کے مربِّی اور دوسرے ائمہ معصومین علیھم السلام کے اوصاف حمیدہ کو زمانٖ حاضر میں عملی جامہ پہناکے دنیا کو دکھانے والی عظیم شخصیت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی ذات گرامی ہے۔
آپ نے ہر میدان میں دنیا کے سامنے ایسا کردار متعارف کرایا جس کا آج کے مادی دور میں تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ہم یہاں صرف مسلمانوں کے اتحادکے حوالے سے آپ کے کردار کے چند گوشوں کی طرف اشارہ کرنے پر اکتفاء کریں گے۔آپ نے صرف ایران کےمسلمانوں کو استعمار کے پلیدہاتھوں سے نجات نہیں دلایا بلکہ پوری عالم انسانیت کو بالعموم اور ساری دنیا کے مسلمانوں کو بالخصوص خواب غفلت سے جگایا ۔آپ نے ہر مرحلے پر مسلمانوں کو متحد کرنے کی کوشش کی اور سامراجی عناصر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننے کی تلقین فرمائی۔یوں آپ نے اپنی اس تحریک کو منجی عالم بشریت کے ظہور کے لئے ایک پیش خیمہ قرار دیا۔ آپ نے فرمایا:ہمارے اس انقلاب کے آنے سے؛ جو حقیقی انقلاب ہے اوراس میں احکام محمدی کابیان ہے۔اس کے ذریعے ہم دنیا پرستوں کے مظالم کا خاتمہ کریں گے اور خدا کی مدد سے منجی و مصلح کل، امام برحق ؛ امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف کےظہور کے لئے راہ ہموار کریں گے۔
1 وہ سپر طاقتیں جن کے سامنےساری دنیا سرتسلیم خم ہے امام خمینی ؒ نے دوٹوک الفاظ میں ان کے داغدار چہرے کے بدنما داغ کو پوری دنیا کے سامنے واضح کردیا اور مسلمانوں کے دلوں میں امید کی ایک کرن روشن کردی۔آپ نے فرمایا :"ہمارا انقلاب ایران کی حد تک محدود نہیں بلکہ ایرانی قوم کا انقلاب عالم اسلام میں انقلاب کا نقطہ آغاز ہےجو امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف کے ذریعے پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔خدا وند منان ان کے ظہور کو اسی عصر میں قرار دے کر ساری دنیا والوں اور مسلمانوں کو اپنے لطف و کرم میں شامل حال کرئے۔
2 یقیناً آپ نے اسلامی اصولوں کو ایران کی سرزمین پر آزما کر دنیا کو دکھا دیا کہ اسلام ایک ایسا جامع دین ہے جس میں ہر دور کے تقاضوں کے مطابق اصول و ضوابط موجود ہیں۔آپ نے پورے عالم اسلام کو درس دیا کہ اسلام صرف چند اعمال و اذکار کے مجموعےکا نام نہیں بلکہ یہ ایک جامع نظام حیات ہے ۔جس پر عمل کرکے مسلمان دونوں جہاں میں سروخرو ہوسکتے ہیں۔ جسے آپ نے عملی طور پر ثابت بھی کردکھایا۔ساری دنیا کے آزادی طلب انسانوں کو خمینی بت شکن کی اس تحریک سے سبق سیکھنا چاہئےاورسارے مسلمانوں کو اس نظام سے درس لے کر اسلامی اصولوں کو اپنے معاشرے میں عملی جامہ پہنانے کے لیے اقدامات کرنے چاہئے۔
امام خمینی نے امریکہ اور اسرائیلی مشینری اور ان کے آلہ کاروں کو مخاطب کرکے فرمایا:"امریکہ برطانیہ سے بدتر اور برطانیہ امریکہ سے بدتر ہے اور سوویت یونین تو ان دونوں سے بھی بدتر ہے ۔ان میں سے ہر ایک دوسرے کے مقابلے میں بدتر ہے اور ہر ایک دوسرے کے مقابلے میں پلید تر بھی ہےلیکن اس کے باوجود ہمارا سارا سروکار ان خبیثوں اورامریکہ کےساتھ ہے ۔امریکہ کا صدر جان لے؛ اس مفہوم کو جان لےکہ وہ خود دنیا کا منفورترین شخص ہےاور ہمارےنزدیک بھی ایسا ہی ہے۔ہماری ساری مشکلات اسی امریکہ کی ایجاد کردہ ہیں ۔ہماری تمام تر مشکلات کا سبب یہی اسرائیل ہے اور اسرائیل خود امریکہ کی دین ہے۔
3اسی خطاب میں آپ نے مسلمانوں کی تمام مشکلات کا سبب امریکہ اور اسرائیل کو قرار دیتے ہوئے یوں فرمایا:"دنیا جان لے کہ ایرانی قوم اور پوری دنیا کے مسلمانوں کو جن جن مشکلات کا سامنا ہے وہ سب غیروں کی جانب سے ہے یعنی؛ یہ سب کچھ امریکہ،اسرائیل اور ان کے حواریوں کے ہاتھوں ہورہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ امت مسلمہ ان غیروں سے با لعموم اور امریکہ سے بالخصوص متنفر ہے۔امریکہ ہی اسرائیل اور ان کے ہمراہیوں کا معاون ہے ۔امریکہ ہی ہے جو اسرائیل کو طاقت فراہم کرتا ہے تاکہ اس طاقت کے بل بوتے پر وہ عرب کے مسلمانوں کوبے گھر کرئے ۔
4آپ نے مسلمانوں کو اپنی تہذیب یاد دلاکر مغربی تہذیب پر خط بطلان کھینچا:"اسلام جدید ترین تہذیبوں کا حامل ہے اور اسلامی حکومت کسی حوالے سے بھی جدید تہذیب و تمدن کا مخالف نہیں۔اسلام خود پوری دنیا میں سب سے عظیم تمدن کا سنگ بنیاد رکھنے والا ہے۔پس جو بھی ملک اسلامی قوانین پر مکمل عمل پیرا ہوگا تب وہ پوری دنیا کا پیشرفتہ ترین ملک ہوگا۔
5اسلام ہر قسم کے جدید ترین تہذیب و تمدن کی اجازت دیتاہے مگر یه کہ اس سے اخلاقی مفاسد پیدا هوتے ہوں اور عفت کے منافی ہو۔اسلام نےصرف ان چیزیوں کی مخالفت کی ہے جو ملت کے لئے نقصان دہ ہوں اور ان چیزوں کی حمایت کی ہے جو ملت کے مصالح پرمشتمل ہوں
6وہ چیزیں جو آپ سمجھتے ہیں کہ تهذیب و تمدن ہے ۔درواقع وہ تهذیب وتمدن نہیں بلکہ یہ صرف ایک وهم و گمان ہے ۔اگر اس پر غور کرے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ تهذیب و تمدن نہیں بلکہ درندگی سےزیادہ نزدیک تر ہے کیونکہ وہ جتنے بھی جدیداسلحےبناتےہیں، وہ سب اپنے جیسے هی انسانوں انسانوں کے قتل عام کی خاطر ہیں۔حقیقی تہذیب و تمدن اورحقیقی آزادی دونوں اسلام کے ہاں ہیں۔
7ان کی (مغربیوں ) کی مادی ترقی کےہم مخالف نہیں اور نا هی ہمارا اس پرکوئی اعتراض ہے۔انھوں نے مادی دنیا میں تو بہت ترقی کی ہےلیکن ہمارا اعتراض صرف اس مورد میں ہے کہ ہم اپنے آداب وقوانین اور روش زندگی کو بھی ان سے ہی لینا چاہتے ہیں۔جبکہ تهذیب کے اعتبار سے وه هم سے بہت پیچھے ہیں۔ انسانوں کے خون بہانے والے آلات بنانے کے میدان میں وہ آگے ہیں۔ انھوں نے ایسے آلات بنائے ہیں جس سے لوگوں کو قتل کیا جاتا ہے اور پوری دنیا میں آگ لگائی جاتی ہے۔اگر اسی کا نام حقیقی تمدن ہے تو ساری دنیا والوں کو اس سے بیزار ہونا چاہئے۔وہ مکتب جو هرملک کی اصلاح اور اس کے تمدن اور حقیقی آزادی و استقلال کا ضامن ہے؛ وہ مکتب انسانیت ہے۔
8آپ نے تمام مسلمانوں کو اسلام کے پرچم تلے جمع ہونے کی دعوت دیتے ہوئے فرمایا: میں امید رکھتا ہوں کہ موجودہ صدی کےسارے مسلمان،اپنی مشکلات اور ان کے اسباب کا خوب ادراک کریں گے اور ہر حوالے سے اپنے درمیان اتفاق و اتحاد قائم کریں گے اور اسلام پر اعتماد کرتے ہوئے اس کے عظیم پرچم کے سائے تلے جمع ہوکر استعمار کے ہر قید و بند سے نجات حاصل کریں گے ۔اس صدی کے مسلمانوں نے اپنی جان فرسا مشکلات کا ادراک کیا ہے اور شیطان بزرگ (بڑے شیطان یعنی امریکہ)سے مختلف قسم کی مشکلات اور چاپلوسی اور قتل و غارت گری کے علاوہ کچھ نہیں پایا۔لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ آپس میں قلبی لگاؤ، خدائے باعظمت اور اسلام پر اعتماد کرتے ہوئے اس کے لئے کوئی راہ حل تلاش کیا جائے ۔
اس کے لیے لائحہ عمل یہ ہے کہ تمام اسلامی ممالک کے دردمند حکمران اور عوام مل کر اپنی ثقافت اور حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے مغربی ممالک پر انحصار ختم کریں اور وحی الٰہی سے منسلک اسلامی تہذیب کو فروغ دیں۔ حقیقی اسلامی ثقافت کا خود ادراک کرنے کے بعد دوسروں تک بھی منتقل کریں۔
9 آپ نے انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے فرمایا:ہم پوری دنیا کےغیروں کے تحت تسلط تمام مسلمانوں کی آزادی اور استقلال کی خاطر مکمل ان کے ساتھ تعاون کا اعلان کرتے ہیں اور صراحت کے ساتھ انھیں یہ بھی تلقین کرتے ہیں کہ یہ حق لینا تمہارا فریضہ ہے۔انھیں چاہیے کہ ان طاقتوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور ان کی غلامی کی زنجیروں کو توڑ ڈالیں۔میں نے کئی باریقین دہانی کرائی ہے اور اب پھر آگاہ کرتا ہوں کہ اگر مشرق کے مظلومین اور افریقی اپنے قدموں پر کھڑے نہ ہوئے تو وه ہمیشہ مشکلات میں پھنسے رہیں گے۔
10آج اگر مختلف طبقوں اور قوموں سے تعلق رکھنے والے؛ دینی علماء، اہل قلم،روشن فکر اور سرکردہ افراد ہرجگہ سے اٹھ نہ کھڑے ہوں اورمسلمانوں کو بیدار کرکے ستم زده قوموں کی فریاد کو نہ پہنچیں تو ان کا ملک ہر لحاظ سے تباہی کے داہنے کی طرف بڑھتا چلا جائے گا اور مشرق سے تعلق رکھنے والےغارت گر ملحدین اور ان سے بھی بدتر مغربی ملحدین ان کی شہ رگ حیات کو هی کاٹ کر ان کی عزت نفس اور کرامت انسانی کو بھی پامال کر دیں گے۔
11 خدا ہم سب کو امام خمینی کی سیرت کو اپناتے ہوئے مہدی برحق ،عزیز زہرااور ظلم و جو ر کو عدل و انصاف میں بدلے والی عظیم ہستی؛ امام زمان عجل اللہ فرجہ الشریف کے ظہور کی راہ ہموار کرنے کی توفیق عطا فرما آمین ثم آمین۔
فهرست منابع:
1. عصر امام خمینی۔میر احمد رضا حاجتی،ص:242۔ناقل۔دو ماہہ آفتاب۔سال ہشتم۔شمارہ چہل و چہار۔اردبہشت،خرداد
2. ایضاً۔ص:243۔ناقل ایضاً۔(ترجمہ:خود محقق )
3. زندگی نامہ امام خمینی{از تولد تا رحلت۔دکتر حمید انصاری} ص:54۔
4. ناشر:معاونت فرہنگی ستاد بزرگداشت حضرت امام خمینی ۔تاریخ نشر:1389۔(ترجمہ: ایضا)
5. ایضاً۔
6. صحیفہ نور۔جلد چہارم۔ص:221۔ناقل:دو ماہہ آفاق:ص:98۔سال ہشتم۔شمارہ چہل و چہار۔اردوبہشت،خرداد، (ترجمہ:ایضا )
7. صحیفہ نور ۔جلد پنجم۔ص:263۔ناقل :ایضاً ۔(ترجمہ: ایضا )
8. صحیفہ نور۔جلدہشتم۔ص:309۔ناقل:ایضاً۔(ترجمہ: ایضا )
9. صحیفہ نور۔جلد:نہم۔ص:82۔ناقل ایضاً ۔(ترجمہ: ایضا )
10. دوماہہ آفاق۔ص:3۔سال ہشتم۔شمارہ چہل و چہار۔اردوبہشت،خرداد۔(ترجمہ:ایضا )11. صحیفہ امام۔جلد 19۔ص:344ناقل:مجلہ آفاق۔ص:44۔سال ہشتم۔شمارہ چہل و چہار۔اردوبہشت،خرداد۔(ترجمہ:ایضا)
تحریر۔۔۔۔سید محمد علی شاہ الحسینی