The Latest
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی کی اپیل پر سانحہ پاراچنار اور پاراچنار میں عوامی دھرنے سے اظہارِ یکجہتی کیلئے صوبے بھر کے چھوٹے بڑے شہروں سمیت مختلف اضلاع میں جمعہ کو یوم احتجاج منایا گیا۔بعد نماز جمعہ مظاہرے و ریلیاں نکالی گئیں اور علامتی دھرنے دیئے گئے جس میں رہنماوں کی سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاراچنار میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے کرم ایجنسی کی عوام کو انصاف کی جلد از جلد فراہمی کا مطالبہ کیا۔
علامہ باقر عباس زیدی نے عباس ٹاون، نمائش چورنگی دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ کرم ایجنسی لاکھوں انسانی جانیں مشکلات کا شکار ہیں حکومت و ادارے ایک دوسرے ملبہ ڈالنے کے بجائے حالات کو ٹھیک کریں ۔کرم ایجنسی میں دشمن واضح ہے یہ وہی خوارج ہیں جنہوں نے بلوچستان سمیت پورے ملک میں دہشتگردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔انہوں کہا کے سیکورٹی ادارے 200 کلو میٹر روڈ کی حفاظت نہیں کر سکتے تو اس ملک کا خدا ہی حافظ ہے۔
انہوں نے کہا پاراچنار کو غزہ کو کیوں بنایا جارہا یے نا اہل صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو فوری برطرف کیا جائے پاراچنار سانحہ میں شہید افراد کے اہل خانہ کو انصاف دلوایا جائے پاراچنار کے عوامی جرگے میں پیش مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے نمائش چورنگی دھرنا چوتھے روز بھی جاری یے دھرنے میں علامہ ناظر عباس تقوی ،مولانا علی مرتضیٰ زیدی، ایس ایم نقی، علامہ بلاول فائضی، سمیت معروف سیاسی و سماجی مذہبی شخصیات نے شرکت کی اور شرکاء سے خطاب میں حکومت سے پاراچنار راستوں کی بندش کے خاتمے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کیا۔
وحدت نیوز(کندھ کوٹ) مجلس وحدت مسلمین ضلع کشمور ایٹ کندھ کوٹ کی جانب سے مظلومین پاراچنار کے مطالبات کی منظوری کے لیے پاراچنار میں دیئے گئے دھرنے سے اظہار یکجہتی کے لیے قائد وحدت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر دوسرے روز بھی گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی دھرنا جاری ۔
احتجاجی دھرنے کی قیادت ضلعی صدر میر فائق علی جاکھرانی کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے پاراچنار کے مظلوم عام کی جان ومال کے تحفظ ، محاصرے کے خاتمے اور راستوں کی بحالی میں یکسر ناکام ہوچکے ہیں۔ ہم پاراچنار میں جاری دھرنے کے شرکاء کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں ،دھرنے میں علماء کرام ، مختلف مذہبی، سیاسی جماعتوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) قائد وحدت حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری مرکزی چیئرمین ایم ڈبلیو۔ایم پاکستان کی ھدایت پر شھر حیدرآباد میں مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ/ مجلس علمائے مکتب اھلبیت حیدرآباد کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مجلس وحدت مسلمین لیڈیز ونگ نے بھی بھرپور شرکت کی ۔
ریلی کی قیادت علامہ گل حسن مرتضوی، سید صفدر عباس، قبلہ ساجد علی ساجدی سید وقار زیدی و محمد جمن سولنگی نے کی جب کے اس موقعے پر مولانا ملازم حسین حسینی، مولانا پسند علی غیوری، مولانا عمران علی دستی صاحب ایڈوکیٹ رحمان رضا عباسی نے شرکاء سے خطاب کیا۔
ریلی میں شریک حیدرآباد کی تمام تنظیمیں، انجمنیں، علماء اکرام و شخصیات نے بھرپور شرکت کی اور پاراچنار کی مظلومین عوام کے حق میں آواز بلند کی دہشتگردوں کے محاصرے صوبائی اور وفاقی حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ خاموشی کی سخت مذمت کی گئی دوائیں نہ ہونے کی وجہ سے پارہ چنار کے سو بچوں کی شہادت کی ذمیدار ریاست اور ریاست پر قابض حکمرانوں کو قرار دیا گیا۔
اور مطالبہ کیا گیا کہ پارہ چنار کا فوری محاصرہ ختم کرواکر کے پارہ چنار مومنین کے مطالبات کو فوری تسلیم کیا جائے ،آخر میں المصطفی پارک چوک پر علامتی دھرنا لگایا۔
وحدت نیوز(بدین) مجلس وحدت مسلمین ضلع بدین کی جانب سے قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی کال پر پارہ چنار کے مومنین سے یکجھتی کے لئے مرکزی امام بارگاہ کاشانہ زینبیہ سے بعد نماز جمعہ احتجاجی ریلی نکال کر شھر کے شاھنواز چوک پر تین گھنٹے علامتی احتجاجی دھرنا دیاگیا۔
ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما محمود الحسن ، بدین کے جنرل سیکریٹری علامہ بھادر علوی میمن، ظھیر حیدری و دیگر نے خطاب کیا ۔ احتجاج میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی نااہلی اور حکمرانوں کی بے حسی کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔
اس احتجاج میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر ارشاد علی کہیری، ڈاکٹر شفقت علی خواجہ, مقبول حسین خواجہ، سید عمران شاہ بھادر علی کورائی ،رمضان قمبرانی سمیت سینکڑوں مومنین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
وحدت نیوز(ٹنڈو محمد خان) قائد وحدت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ٹنڈو محمد خان میں پاراچنار کے مظلوم عوام کے حق میں احتجاجی ريلی اور دھرنا دیا گیا۔ جامع مسجد علی علیہ السلام سے حیدرآباد مین روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کے اختتام پر حیدرآباد مین روڈ پر دھرنا دیا گیا۔
ریلی اور دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی صدر امجد حسین، ضلعی رہنما محب علی بھٹو، سجاد ڈومکی، اور ساجن مغل نے کی۔
ریلی اور دھرنے میں شریک افراد کی بڑی تعداد نے حکومت اور اداروں سے پاراچنار کی کشیدہ صورتحال پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ مقررین میں مولانا امیر حسین رحمانی اور مولانا ذوالقرنین حیدر شامل تھے، جنہوں نے پاراچنار کے مسئلے کو ایک انسانی المیہ قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم بچوں کی شہادتیں اور ادویات کی عدم دستیابی نہ صرف حکومتی غفلت کا نتیجہ ہیں بلکہ ایک سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہیں۔
علما کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ پاراچنار کے مظلوم عوام کا مسئلہ فوری توجہ کا متقاضی ہے، اور صوبائی و وفاقی حکومتوں کے علاوہ سیکیورٹی اداروں کو اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اس بحران کا فوری اور پائیدار حل نکالنا چاہیے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ سے مطالبہ کیا کہ وہ یا تو فوری اقدامات کریں یا اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔
شرکاء نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پاراچنار کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں امن و سکون کی زندگی گزارنے کا حق دیا جائے۔ اس موقع پر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مومنین نے دعا کی کہ ملک میں جلد از جلد امن قائم ہو اور مظلوموں کو انصاف فراہم کیا جائے۔
وحدت نیوز(سخی سرور) صدر اہل تشیع سخی سرور زوار خادم حسین کی قیادت میں مظلومین پارہ چنار کی حمایت میں مجلس وحدت مسلمین سخی سرور ،شیعہ علما کونسل سخی سرور، انجمن جعفریہ مدرسہ جامعتہ الحسین سخی سرور کی جانب سے بعد نماز جمعہ مرکزی امام بارگاہ حیدریہ سے بین الصوبائی شاہراہ مین کوئٹہ روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔
ریلی کے شرکا نے مین کوئٹہ روڈ پر علامتی دھرنا دیا ریلی کے شرکا سے صدر اہل تشیع سخی سرور زوار خادم حسین ،پرنسپل جامعتہ الحسین مولانا ظفر عباس ، مولانا نیاز حسین ،مولانا جعفر سرور صاحب نے خطاب کیا۔
مقررین نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے یہ مطالبہ کیا کہ پارہ چنار میں جاری مرکزی دھرنے کے شرکا نے جو مطالبات رکھے ہیں فلفور وہ مطالابات تسلیم کیئے جائیں اور ضلع کرم میں امن قائم کیا جائے اور 80 روز بند روڈ کو کھولا جائے ۔ اگر قائدین نے ملک بھر میں اہم شاہراہیں بند کرنے کا حکم دیا تو پھر ملک بھر کی طرح سخی سرور میں بھی پنجاب کو بلوچستان سے ملانے والی اس بین الصوبائی شاہرہ کو دھرنا دے کر مستقل بند کر دیا جائے گا ۔
وحدت نیوز(ڈی آئی خان) ڈیرہ اسماعیل خان میں مظلومین پاراچنار سے حمایت اور ان کے راستوں کی بندش کے خلاف احتجاجی ریلی زیر قیادت ڈسٹرکٹ خطیب سید غضنفر علی نقوی صاحب مرکزی جامع مسجد شیعہ المعروف لاٹو فقیر، سید اسد زیدی صاحب مجلس وحدت مسلمین، بشیر حسین جڑیہ تحریک تحفظ کوٹلی امام حسین (ع)، مولانا سید غضنفر نقوی صاحب صدر مجلس وحدت مسلمین ڈیرہ اسماعیل خان ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ڈیرہ اسماعیل خان ، اراکین کمیٹی مرکزی جامع مسجد شیعہ (لاٹو فقیر)، ممبران مجلس وحدت مسلمین اور شیعیان ڈیرہ اسماعیل خان کی بھر پور شرکت۔
اس موقع پر مومنین پاراچنار پر ہوئے ظلم اور 78 روز سے محصور کیئےگئے شیعیان پاراچنار کی حمایت اور انکے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔
وحدت نیوز(جھنگ)مجلس وحدت مسلمین ضلع جھنگ کے زیراہتمام پاراچنار میں بگڑتی صورتحال کے پیش نظر جھنگ کے ایوب چوک پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، آج دھرنے کا دوسرا دن ہے، احتجاجی دھرنے کی قیادت ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین مولانا سید روح اللہ کاظمی نے کی۔ احتجاجی دھرنے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دھرنے کے شرکاء نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور پاراچنار میں جاری دھرنے کے شرکاء کی حمایت کا اعلان کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا، وفاقی اور صوبائی حکومت ظلم و بربریت پر خاموش ہے، شہداء کی لاشوں کی توہین کی گئی ہے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر پاراچنار میں جاری انسانی المیہ کے خلاف احتجاجی دھرنے جاری ہیں، کراچی اور لاہور کے بعد ملتان اور اسلام آباد میں احتجاجی دھرنوں کا آغاز ہوگیا ہے، ملتان میں نواں شہر چوک پر احتجاجی دھرنا جاری ہے، دھرنے کے شرکاء نے نماز مغربین باجماعت دھرنے میں ادا کی، دھرنے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، سلیم عباس صدیقی، انجینئر سخاوت علی سیال، مولانا غلام جعفر انصاری، علامہ مجاہد عباس گردیزی، فخر نسیم صدیقی، سید علی رضا بخاری اور دیگر کررہے تھے۔
دھرنے میں خواتین اور بچے بھی موجود ہیں، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو یم جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ جب تک پاراچنار کے محصورین کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا، وفاقی و صوبائی حکومت اپنی عوام کے ساتھ مخلص نہیں ہے جب کی وجہ سے انسانی المیے نے جنم لیا ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ دھرنے میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہے۔ دھرنے کے شرکاء اپنے نعروں سے پارا چنار کے مظلوم عوام کیساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ پارہ چنار کی عوام چاروں طرف سے محاصرہ میں ہے۔ حکومت نے پاکستان بھر کے صوبائی دارالحکومتوں میں ہونیوالے احتجاجی دھرنوں پر تاحال کوئی رد عمل نہیں دیا۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ حکومت کرم کے راستے کھولنے میں جتنا دیر کر رہی ہے، کارکنان اور عوام میں اتنا ہی حوصلہ بڑھتا جا رہا ہے، صورتحال یہی رہی تو پاکستان کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں دھرنا شروع ہو جائے گا۔
وائس چئیرمین ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ ہم مظلوم ضرور ہیں لیکن کمزور نہیں ہیں، اس ظلم کیخلاف تاحال مجرمانہ خاموشی اختیار کرکے پورے پاکستان کی سڑکوں کو بند کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارا چنار کے عوام کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو کل پورے ملک میں دھرنے شروع ہو جائیں گے، کل جمعہ کے اجتماعات کے بعد پورے پاکستان میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے، اس لئے حکومت فی الفور مطالبات پورے کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے چند ادویات بھیج دینا مسئلہ کا حل نہیں، ان مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے اور راستے کھلوائے جائیں، تاکہ پارا چنار میں پھنسے ہوئے لوگ واپس اپنی ڈیوٹیوں، طلبہ اپنے تعلیمی اداروں میں جا سکیں۔