وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ترجمان علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے کہا ہے کہ 8 ستمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والا دفاع وطن کنونشن وطن عزیز کو مسائل کی دلدل سے نکالنے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں کل منعقد ہونے والے دفاع وطن کنونشن سے متعلق ’’اسلام ٹائمز‘‘ کیساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاع وطن کنونشن میں ملک کے مختلف صوبوں کیساتھ صوبہ خیبر پختونخوا سے بھی بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔ تمام اضلاع میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، اورکزئی اور پارا چنار سے کئی گاڑیوں پر مشتمل قافلے کل اعلی الصبح اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔ اور شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رح) کی رواح سے تجدید عہد کریں گے۔ جبکہ نوشہرہ، مردان، ٹانک اور چارسدہ سے بھی عوام کی شرکت ہوگی۔

 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبہ کی مختلف اہم شیعہ شخصیات اور علمائے کرام کو کنونشن میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اور انشاء اللہ خیبر پختونخوا کی دیگر ملی تنظیموں کے رہنماء بھی کنونشن میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاع وطن کنونشن میں مرکزی قائدین کی جانب سے آئندہ کا لائحہ عمل جاری کیا جائے گا اور پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فارمولہ پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے شہید قائد (رح) کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم کر رکھا ہے، ہم کسی صورت بھی اپنے ان مساعد حالات پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے، پاکستان ہماری مادر وطن ہے، اپنی مادر وطن کو ان مسائل سے نکالنے کیلئے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہو ر کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیاز کاظمی، مولانا سید اظہر حسن اور باقر حسین نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں شیعہ نسل کشی کا سلسلہ کافی عرسے سے شروع ہے، بارہا ہمارے احتجاج، پریس کانفرنسز اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر کے آگاہ کرنے کے باوجود قانون نافذ کرنے والے اداروں اور نااہل حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، لاہور میں پروفیسر ڈاکٹر سید شبیہ الحسن سے شاکر رضوی ایڈووکیٹ اور حال ہی میں شیعہ تاجر مبشر رضوی اور ایڈووکیٹ سید ارشد علی شاہ جو کہ لیگل ایڈوائزر مجلس وحدت مسلمین تحصیل فیروز والہ تھے، کو نشانہ بنایا گیا اور ان کے قتل کو کہا گیا کہ دیرینہ دشمنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ رات کو گجرات میں سید فضیلت عرف پھول شاہ جو ایک معروف مذہبی شخصیت اور اتحادِ امت کے داعی تھے، کو اُن کے بیٹوں، پوتوں سمیت قتل کر دیا گیا اور اس شیعہ نسل کشی کو ذاتی اور پرانی دشمنی قرار دے کر شیعہ نسل کشی سے عوام اور میڈیا کی توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش کی گئی جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

 

 انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شیعہ نسل کشی روکنے میں ناکام ہو چکی ہے، گجرات واقعے میں وہی گروہ ملوث ہیں جنہوں نے پاک آرمی اور پولیس والوں کو نشانہ بنایا تھا۔ علامہ امتیاز کاظمی نے مزید کہا کہ پنجابی طالبان کے سامنے آنے کے باوجود نواز لیگ حکومت کا خاموش تماشائی بنے رہنا ایک المیے سے کم نہیں، عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکامی کا اعلان کرتے ہوئے حکومت دفاع کیلئے عوام کو خود اپنی حفاظت کرنے کی ہدایات جاری کرئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کل ہونے والے دہشت گردوں کے جلسے میں کھلے عام دھمکی دی گئی کہ ہم انتقامی کارروائی کریں گے، یہ سانحہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، ہماری حب الوطنی اور امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، انشاء اللہ ملک پر وقت آنے پر یہ قوم ثابت کر دے گی کہ دفاع وطن اور دہشت گردی کے خیبر کو ہمیشہ حسینیوں نے ہی فتح کیا ہے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ دفاع وطن کنونشن میں ایک لاکھ سے زائد فرزندان اسلام کی شرکت متوقع ہے۔ انشاءاللہ یہ اجتماع شام میں امریکہ اور اس کے ہمنوا عرب ممالک کی جارحیت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ ملت اسلامیہ کے اس عظیم اجتماع کے دوران عوام کو وطن عزیز کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور بحرانوں سے نکالنے کا راہ حل دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفاع وطن کنونشن کے حوالے سے دفاع دطن کارواں میں شریک افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی رہ کی 25 ویں برسی کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے 8 ستمبر کو سرزمین اسلام آباد پر منعقد ہونے والے دفاع وطن کنونشن کے اجتماع میں ملک کے طول و عرض سے ایک لاکھ سے زائد فرزاندان اسلام کی شرکت ہوگی جو ملکی دفاع کے حقیقی پاسبان ہوں گے۔

وحدت نیوز (گجرات) پنجاب کے ضلع گجرات کے  شیعہ آبادی پر مشتمل نواحی گاؤں شادیوال میں تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ سے 7 افراد شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے، علاقے میں شدید اشتعال۔ تفصیلات کے مطابق  پنجاب کے ضلع گجرات کے شیعہ نشین علاقے شادیوال میں جسوکی کے علاقے میں تکفیری دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں علاقے کی معروف شخصیت اور مرکزی مجلس عزا کے بانی فضیلت حسین شاہ المعروف پھول شاہ  سمیت 7 افراد شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا کہ جب تمام شہداء سید پھول شاہ کے ڈیرہ پر موجود تھے، ایسے میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار دہشت گردوں نے سید پھول شاہ کا نام دریافت کرنے کے بعد ان پر اور جائے وقوعہ پر موجود دیگر افراد پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں  سید پھول شاہ  کے بیٹے، دو پوتے اور بھتیجے سمیت  دیگر عزیز شہید ہوگئے، شہداء  کے نام  فضیلت حسین شاہ  المعروف پھول شاہ،  غلام عباس، اعجاز علی، غضنفر حسین، سید سجاد شاہ، ارجز شاہ، اعجاز حسین شاہ، علی وقاص  ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں میاں شفقت علی اور میاں نزاکت علی، رضوان شاہ، عاشق شاہ، رانا ساجد حسین شامل ہیں۔

 

اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ شیخ سخاوت کا وحدت نیوز کے نمائندے   سے   کہنا تھا کہ سید پھول شاہ اور ان کے دیگر عزیز و اقارب کی شہادت کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت  دہشت گردوں کے مراکز پر آپریشن نہیں کرسکتی تو اسے حکومت کا کوئی حق نہیں ہے، ملک بھر میں فرقہ واریت کے نام پر تکفیری دہشت گردوں کو فعال کیا جارہا ہے، تاکہ پاکستان میں امت مسلمہ کو دست و گریبان کیا جاسکے لیکن پاکستان کی غیور عوام مذہبی انتہاء پسندوں کے سیاسی پشت پناہوں کو اپنے اتحاد سے مایوس کرے گی اور وطن عزیزکی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والے ناکام و نامراد ہوں گے۔

وحدت نیوز ( کراچی ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں منعقدہ  فاع وطن کنونشن میں شرکت کے لیئے کراچی سے دفاع وطن کاروان روانہ ہو گیا ہے ، اس کاروان میں سینکڑوں کی تعداد میں بزرگ ، جوان او ر بچے شامل ہیں ، دفاع وطن کاروان جیسے جیسے اپنی منزل عبور کرے گا ، اندرون سندھ کے مختلف شہروں یعنی حیدر آباد ، نواب شاہ ، مورو، خیرپور ، سکھر اور دیگر سے قافلے اس کاروان میں شامل ہو جائیں گے ، اس دفاع وطن کاروان کی قیادت مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی ، کراچی کے سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی ، صوبائی رہنما یعقوب حسینی اور عالم کربلائی کر رہے ہیں ۔یہ کاروان ہفتہ کی شب اسلام آباد کی حدود میں داخل ہو جائے گا ، اور شرکائے کاروان پریڈ گراؤنڈ میں دفاع وطن کنونشن کی تیاریوں میں بھی حصہ لیں گے ۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیاسی سیل کے سربراہ سید ناصر عباس شیرازی کا کہنا ہے کہ مشرق وسطٰی ایسا علاقہ ہے جسے دنیا کی چھت کہا جاتا ہے، تاریخی طور پر اس کی بہت اہمیت ہے، یہ تین براعظموں ایشیا افریقہ اور یورپ کو ملاتا ہے، اس لئے اس کی تجارتی اور تاریخی اہمیت بھی بہت زیادہ ہے، اس سب کے علاوہ اس علاقے کی مذہبی اہمیت بھی بہت ہے۔ دنیا کے تین بڑے مذاہب مسلمان، عیسائی اور یہودی یہ سمجھتے ہیں کہ مشرق وسطٰی پر قابض ہونے والا پوری دنیا پر قابض ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہودی تورات کے حوالے سے یقین رکھتے ہیں کہ اگر یہ علاقہ ان کو ملے تو وہ پوری دنیا پر حکومت کرسکتے ہیں۔ عیسائیوں کا بھی یقین ہے کہ حضرت عیسٰی (ع) بھی اسی علاقے میں آئیں گے اور مسلمانوں کے بھی دونوں بڑے سکول آف تھاٹ سمجھتے ہیں کہ حضرت امام مہدی (ع) کا ظہور بھی یہیں سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ پہاڑی چوٹی کی طرح کی اہمیت رکھتا ہے اور جو پہاڑی چوٹی پر قابض ہوگا، اس کی ہر جگہ نظر ہوگی۔

لاہور میں مقامی اخبار کے فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے ناصر شیرازی نے کہا کہ مشرق وسطٰی اسرائیل، شام، فلسطین کے علاقے ان دو بلاکس پر مشتمل ہیں، ایک بلاک استعماری قوتوں پر مشتمل جبکہ دوسرا مزاحمتی قوتوں پر مشتمل ہے۔ استعماری قوتوں کا لیڈر امریکہ ہے، یہاں پر وہ ڈائریکٹ کنٹرول نہیں کرسکتا، اس لئے عرب ممالک اس بلاک میں شامل ہیں۔ دوسرا بلاک مزاحمتی قوتوں کا ہے، ان میں حماس، حزب اللہ، شام، ایران شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکہ کی ناجائز اولاد ہے مگر اسے خطے میں اسٹریٹیجیکل ڈیپتھ حاصل نہیں، اس کے چاروں بارڈرز کیساتھ کوئی ملک اس کا حمایتی نہیں۔ استعماری قوتوں نے اسرائیل کو غیر محفوظ دیکھا، کیونکہ مصر میں حسنی مبارک کے جانے کے بعد مرسی کی حکومت اسرائیل کیخلاف تھی، امریکہ نے مصر میں مرسی کی حکومت کے خاتمے کیلئے فنڈنگ کی، مرسی کی حکومت ایک جمہوری حکومت تھی اور مصر کی تاریخ میں یہ بہترین حکومت تھی، گرچہ اس میں بھی خامیاں تھیں۔ اس حکومت نے آتے ہیں غزہ کا رستہ کھول دیا جو کہ عرصہ دراز سے بند تھا۔

انہوں نے کہا کہ شام کا قصور یہ ہے کہ شام فلسطین کی مزاحمتی قوتوں کا سب سے بڑا مرکز تھا، فلسطینی مجاہدین شام میں تھے اور وہ فلسطین کی حمایت میں اسرائیل اور امریکہ کے مقابلے میں کھڑا تھا۔ شام کا حکمران بھی اگرچہ آئیڈیل نہیں تھا مگر وہاں دیگر عرب ممالک کی طرح مخالف مذہبی گروپوں پر اتنی پابندیاں نہیں تھیں اور اس نے دیگر عرب ممالک کی طرح کمپرومائز نہیں کیا۔ اب امریکہ مصر اور شام کا بارڈر اسرائیل کیلئے محفوظ کرنا چاہتا ہے۔ پچھلے کچھ عرصے میں مزاحمتی بلاک بہت مضبوط ہوا ہے۔ ناصر شیرازی نے کہا کہ اسرائیل نے لبنان پر حملہ کیا تو حزب اللہ نے اسرائیل کو شکست دی، اس جنگ سے پہلے صرف ایک بارڈر پر حزب اللہ بیٹھی تھی، اب جولان پر بھی بیٹھی ہے۔ اس مزاحمتی بلاک کے پاس اگرچہ بحری بیڑا اور سیٹلائٹ نہیں ہیں، مگر بحری بیڑے اور سیٹلائیٹ کو تباہ ضرور کرسکتے ہیں، جس کا انہیں بہت دکھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عرب ممالک امریکہ کا ساتھ نہ دیں تو امریکہ کبھی شام میں اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتا، شام کی جنگ علاقے کے حقوق کی جنگ نہیں، کیمیائی ہتھیار دمشق میں استعمال ہوئے جہاں پر حکومت کا پوری طرح کنٹرول ہے، حکومت کو کیا ضرورت تھی کہ اپنے زیرکنٹرول علاقے میں کیمیائی حملہ کرتی، یہ ایسی ہی صورتحال ہے جیسے عراق میں کیمیائی ہتھیاروں کا بہانہ بنا کر آئے مگر ملا کچھ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ مان بھی لیا جائے کہ شام میں کیمیائی ہتھیار استعمال کئے گئے اور 13 سو لوگ جاں بحق ہوئے تو 13 سو لوگوں کیلئے لاکھوں لوگوں کو مارا جائے گا اور ایسا وہ امریکہ کرے گا جس کی تاریخ یہ ہے کہ اس نے لاکھوں لوگوں کو ایک ہی وقت میں جلا کر راکھ کر دیا تھا۔

ناصر شیرازی نے کہا کہ موجودہ حالات میں اگر امریکہ نے شام پر حملہ کیا اور جو کہ وہ کرے گا کیونکہ اب اگر امریکہ حملہ نہیں کرتا تو اس کی پریسٹیج کا مسئلہ پیدا ہو جائے گا تو مزاحمتی بلاک اب امریکہ کو سبق سکھا دے گا، اس کا مقصد پورا نہیں ہوگا بلکہ یہ اس کی تباہی کا باعث بن جائے گا۔ ہم ہر ظلم کی مذمت کرتے ہیں شام میں عام لوگ مر رہے ہیں، مگر پناہ گزین کیمپوں میں اس سے بھی زیادہ مسائل کا شکار ہیں، وہاں ان کی عزت نفس ختم ہو رہی ہے۔ مشرق وسطٰی ایک آگ میں جل رہا ہے، اگر امریکہ اس آگ کو بڑھائے گا تو خود بھی اس آگ سے محفوظ نہیں رہ سکے گا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree