وحدت نیوز ( سکھر) پشاور میں مسیحی برادری پر تکفیری طالبان دہشت گردوں کی جانب سے خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی یاد میں سکھر کی کلیسا میں دعائیہ تقریب منعقد ہو ئی ، اس تقریب میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیاسی امور کے سیکریٹری عبد اللہ مطہری نے خصوصی خطاب کیا ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے اب سانحہ پشاور کے بعد طالبان درندوں سے مزاکرات کی خواہش ختم ہو جانی چائیے ، جو لوگ اس روز ہمیں لاشوں کے تحفے دے رہے ہیں ہم ان کی خواہشات کو پو را کرنے کے لئے روز انکے ساتھوں کو جیل سے رہا کر رہے ہیں ، سانحہ پشاور پر مسیحی برادری کے ساتھ ساتھ شیعہ کمیونٹی کے دل بھی غمگین ہیں ، اہل تشیع کے کے بعد آج عیسائی برادری کاکون بھی اس وطن کی مٹی میں شامل ہو چکا ہے ۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی شوریٰ عالی کے رکن اور سابق سینیٹرعلامہ سید جواد حسین ہادی نے چرچ میں ہونے والے خودکش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے، حکمرانوں نے اگر اب بھی ہوش کے ناخن نہ لئے اور دہشتگردی کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح نہ کی تو ہمیں اس سے بھی بڑے سانحات کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شیعیان پاکستان مسیحی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ان مظلوم ہم وطنوں کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔پشاور میں گرجا گھر پر حملہ در اصل ریاست اور آئین پاکستان پر حملہ ہے ، اس سانحہ سے ریاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا اور عالمی برادری میں پاکستان کا تشخص اور تقدس مزید پائمال ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دنوں مٹھی بھر، بزدل دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے، کوئی طبقہ فکر اور مقام محفوظ نہیں۔ مسجد، امام بارگاہ، اسکول، تعلیمی ادارے، مارکیٹ، شیعہ، سنی، عیسائی الغرض کوئی جگہ محفوظ ہے اور نہ طبقہ فکر۔ان کا کہنا تھا کہ خودکش حملے کھلی دہشتگردی، سیکورٹی اداروں کی نا اہلی اور رسول خدا(ص) کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ اسلامی ریاست تمام غیر مسلموں کی عبادتگاہوں اور جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔غیر مسلم خصوصی حقوق رکھتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مسیحی برادری کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہم ہر مظلوم کیساتھ ہیں اور بیرونی ایجنڈے پر پلنے والے ان دہشتگردوں کی نابودی تک آواز بلند کرتے رہیں گے۔حکومت نے دہشتگردی کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح نہ کی تو ہمیں اس سے بھی بڑے سانحات کیلئے تیار رہنا ہوگا۔
وحدت نیوز ( کراچی ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامینز کراچی کے جانب سے سیمینار بعنوان شام کے خلاف اسلام دشمن قوتوں کی سازشیں کل شب کیتھولک گارڈن سولجر بازار میں منعقد ہو گا جس میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ خامنہ ای حفظ اللہ برائے شام آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی دام ظلہ عالی خطاب فرمائیں گے ،جب کہ مترجم کے فرائض ڈاکٹر مبشر حیدر زیدی انجام دیں گے ، جب علماء ، خطباء اور عوام کی بڑی تعداد کو سیمینار میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ،اس سیمینار میں شرکت کے لئے ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے رہنماؤں علامہ دیدا ر علی جلبانی ، حسن ہاشمی ، رضا نقوی ، مبشر حسن ، میثم عابدی اور علامہ علی انور نے شیعہ علماء کونسل ، جے ڈی سی ، مرکزی تنظیم عزاء ، پیام ولایت فاؤنڈیشن ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، ہیت آئمہ مساجد ، مجلس ذاکرین امامیہ اور دیگر ملی اداروں اور شخصیات کو علیحدہ علیحدہ دعوت نامے بالمشافہ ملاقات میں پہنچادیئے ہیں ۔
وحدت نیوز (ڈیرہ اسماعیل خان) شہدائے سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان کا چہلم حاجی مورہ ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہوا۔ جس میں وارثان شہداء کے علاوہ مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ چہلم کی مجلس سے شیعہ علماء کونسل اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔ ایم ڈبلیو ایم صوبہ خیبر پختون خواہ کے صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ وحید عباس کاظمی نے کہا کہ آج ریاست دہشت گردوں کے سامنے سرنڈر کر رہی ہے۔ لیکن شیعہ قوم نے دہشت گردوں سے اپنے خون کا حساب لینا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے مومنین نے عصر کی کربلا میں کردار زینبی (س) ادا کیا۔ شہداء نے اپنا کردار بطریق احسن پورا کیا، اب ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مولانا وحید عباس نے کہا کہ حزب اللہ لبنان نے شہید وں کے خون کی طاقت سے وقت کی استعماری طاقتوں کو سرنگوں کر دیا۔ استعماری طاقتیں جو شام کے درپے تھیں، صرف حزب اللہ کی وجہ سے پسپاہ ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں دہشت گردوں کے سامنے ریاست ہتھیار ڈال کر مذاکرات میں محو ہے۔ لیکن افسوسناک امر ہے کہ اس دہشت گردی کے ہاتھوں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملت تشیع کی نمائندگی کو آل پارٹیز کانفرنس میں اہمیت نہیں دی گئی۔
وحدت نیوز (لاہور)مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی، مولانا غلام مصطفی ، مولانا سید حسن رضا ہمدانی، فدا حسین رانا ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، فیصل صغیر رانا ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے صوبائی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کر تے ہو ئے کہا کہ صوبہ پنجاب کا بلدیاتی ایکٹ 2013ء کہ جس کی منظوری پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی سے لی ہے، ہمارے خیال میں یہ ایکٹ آئینِ پاکستان سے متصادم ہے۔اس بناء پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی پولیٹیکل کونسل نے عوامی، سیاسی جدوجہد کے ساتھ ساتھ عدالتی جدوجہد کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے اور اس تناظر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے لیگل ایڈوائزر فدا حسین رانا ایڈووکیٹ ہائیکورٹ اور ان کی ٹیم نے سیاسی شعبہ کے سربراہ برادر سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کی مدعیت نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی طرف سے ایک آئینی رٹ پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا جو کہ گذشتہ کل مورخہ 18-092013کولاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ جس کی باقاعدہ سماعت کل مورخہ 20-09-2013کو جناب چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور ان کے بنچ میں سماعت کی جائے گی۔
اس رٹ پٹیشن میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مؤقف کو درج ذیل اہم آئینی نکات کی روشنی میں پیش کیا گیا ہے۔
i۔ غیر جماعتی بلدیاتی الیکشن ضیائی آمریت کی پیداوار ہے اور آمرانہ اہداف کو تقویت دینے کا سبب ہے۔
ii۔ غیر جماعتی بلدیاتی الیکشن 1973ء کے آئین کی رو سے متصادم ہے۔
iii۔ پنجاب اسمبلی کا پاس کردہ یہ بل غیر جمہوری روایت کا علمبردار ہے اور نچلی سطح پر اختیار کی تقسیم کی آئینی ضرورت کی نفی ہے۔
iv۔ مختلف شعبہ جات کی جن کو نچلی سطح پر اختیار کے ساتھ ساتھ آزادی دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ آزادانہ طور پر فنگشن کرسکیں۔ اس ایکٹ میں ان کو آزادی نہیں دی گئی۔ مثلاً تعلیم، صحت وغیرہ۔
v۔ سابقہ آڈت رپورٹ کی روشنی میں 350بلین کی رقم کا حساب بلدیاتی ادارے نہیں دے سکے تو جس پر ایک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کا فیصلہ ہوا جو کہ تاحال نہیں بنائی گئی۔
vi۔ ایکٹ کی اس شکل و صورت کا اصل ہدف ہارس ٹریڈنگ کو رواج دے کر جیتنے والے امیدواروں کو حکومتی جھولی میں لانا ہے۔ یہ اس خوف کا غماز ہے کہ PMLNکی 100دن کی کارکردگی کے نتیجے میں عوام کسی صورت بلدیاتی انتخابات میں انہیں قبول نہیں کرے گی۔
vii۔ یاد رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں ہے اور وہ سب اسے رد کر چکے ہیں۔
دوسرا اہم نکتہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں میڈیا کے ذریعے ہونے والی ان ڈویپلمنٹس کا ہے کہ جس کے نتیجے میں 40000سے زیادہ بے گناہ لوگوں کے وحشی قاتلوں کو ماورائے عدالت رہا کیا جانا مقصود ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ان ہزاروں شہداء کہ جن میں پاک فوج کے لواحقین اور سویلین لواحقین شامل ہیں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی اور ایسے غیر آئینی سمجھوتے کو سیاسی، عدالتی اور آئینی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے عملی نہیں ہونے دیں گے۔
ہمارے خیال میں دہشت گردوں کو رہا کرنا ملکی سلامتی کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے۔جب تک شہداء کے لواحقین کو اس معاملے میں نہیں بلایا جاتا تب تک ایسا کوئی سمجھوتہ ناقابلِ عمل ہے۔ مجلس وحدت مسلمین ملک بھر کے بزرگ علماء ، خواص اور دیگر ہم آہنگ سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مشاورت کرکے اس پر ملی سطح کا لائحے عمل دے گی۔
وحدت نیوز ( اسلام آباد ) مرکزی سیکرٹری تربیت مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ 22ستمبر2013ء لاہور میں شعبہ تربیت کی جانب سے تمام کارکنان اور مسؤلین برادران و خواہران کی تربیت کیلئے ماہانہ تربیتی سیمینار بعنوان " معرفت خط امام خمینیؒ " کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری خطاب کریں گے۔یہ اس عنوان کی پہلی نشست ہے ۔ تمام برادران و خواہران ممبران و مسؤلین کی شرکت اس میں لازمی ہوگی تاکہ ہم خالص محمدی اسلام سے آشنا ہوسکیں اور اپنی دینی بصیرت اور فکر میں گہرائی پیدا کرسکیں۔ملک کی تمام اضلاع میں مسؤلین اس سیمینار کو ملٹی میڈیا کے ذریعے نشر کر نے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ تمام مسؤلین ۹ذی الحجۃ اپنے اپنے اضلاع میں مرکزی سطح کی دعائے عرفہ کا اہتمام کریں تاکہ امام حسین ؑ کی اس عظیم اور ملکوتی دعا سے معاشرے کے افراد اور تنظیمی ممبران فیضیاب ہوسکیں۔ضلعی مسؤلین سے گزارش ہے کہ ہر ماہ ضلعی سطح پر مرکزی دعائے کمیل کا انعقاد کریں ۔ جسمیں بہترین دعا خوان سے دعا کی قرأت کروائیں تاکہ اہلبیت ؑ کی اس معنوی میراث اور مذہب حقہ کی الٰہی ثقافت کا احیاء ہوسکے۔نیز دعا کے اختتام پر ماتم داری کا اہتمام بھی کیا جائے۔ان تمام پروگراموں میں کارکنان و مسؤلین (برادران و خواہران) خود بھی لازمی شرکت کریں اور دیگر مومنین و مومنات کو بھی دعوت دیں۔