وحدت نیوز (اسلام آباد ) وفاقی حکومت دہشت گردی، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا عوام کو مہنگی بجلی کا تحفہ دے رہی ہے ، موجودہ دور حکومت میں سوائے اضافے کے کچھ نہیں ہوا ، دہشت گردی میں اضافہ ، لوڈشیڈنگ میں اضافہ ، خودکش حملوں میں اضافہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور اب بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اگر حکومت عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کی اہلیت نہیں رکھتی تو کم از کم نمک بھی نہ چھڑکے ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان بجلی کے نرخوں میں اضافے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کر تی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کے حکومتی فیصلے کی مذمت کر تے ہو ئے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں کیا ، ان کا کہنا تھا کہ لوڈشیدنگ نے پہلے کی پاکستانی معیشت کا جنازہ نکال رکھا ہے ، اب رہی سہی کسر بجلی کے نرخوں میں اضافہ پوری کرے گا ، فیکٹریوں میں تالے پڑ رہے ہیں ، عوام بے روز گار ہو رہے ہیں ، نئے سرمایہ کار پاکستان کا رخ نہیں کر رہے ، اور حکومت ہے کہ مہنگائی پر قابوپانے کے بجائے اس میں اضافے پر اضافے کیئے جا رہی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حکومتی فیصلے کا اثر نہ صرف صنعتی صارفین پر پڑے گا بلکہ گھریلو صارفین بھی اس بوجھ تلے دبیں گے ،انہوں نے حکومتی کارکر دگی پر تشویش کا اظہار کر تے ہو ئے کہا کہ تھر کول میں موجود دنیا کے سب سے بڑے ذخیرے سے استفادہ نہ کر نا حکومتی خیانت کی عکاسی کر تا ہے ، پاکستان کے پڑوسی ممالک تھر کول کے ذخائر سے بجلی پیدا کر نے میں ہماری معاونت پر آمادہ ہیں لیکن ہمارے حکمران امریکی ناراضگی کی خاطر قومی مفادات کو مسلسل پس پشت ڈال رہے ہیں ۔

وحدت نیوز ( پشاور) گزشتہ روز خیبر پختون خوا کے تین اضلاع میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی مولانا وحید عباس کاظمی نے نوشہرہ، مردان اور چارسدہ میں تنظیمی اجلاسوں کے دوران نئے عہدیداران کو ذمہ داریاں سونپیں۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات ایس اے زیدی ، ہریپور کے ضلعی سیکرٹری جنرل اسرارحسین سید اور اسلام ٹائمز کی ٹیم ان کے ہمراہ تھی۔ تفصیلات کے مطابق نوشہرہ سے اورنگزیب علی، چارسدہ سے ریاض احمد علوی اور مردان سے اکرام حسین کو ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے ضلعی سیکرٹری جنرل کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ علامہ وحید عباس کاظمی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک قومی قو ت بن کر ابھر رہی ہے۔ ملک کے طول و عرض میں اس تنظیم کی موجودگی ملت تشیع کے لئے تقویت کا باعث ہوگی۔

وحد ت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے پشاور میں انسانیت دشمن دہشتگردوں کی جانب سے بے گناہ عوام کو بربریت کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو مذاکرات کی پیشکش کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی جس کا نتیجہ آئے دن درجنوں محب وطن بے گناہ شہریوں کی لاشوں کی صورت دے کر ثابت کر رہا ہے کہ ان کا  مقصد صرف اور صرف فساد فی الارض پھیلانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ان شرپسندوں کیخلاف بھرپور آپریشن کا اعلان کر دینا چائیے بصورت دیگر ملک میں خانہ جنگی دور کی بات نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا ان کا کہنا تھا کہ ابھی سیکریٹریٹ بس کے شہداء کا کفن میلا نہیں ہوپایا تھا کہ عوام دشمن عناصر نے ایک مرتبہ پھر قصہ خوانی بازار میں آگ و خون کا کھیل کھیلا اور دسیوں بے گناہ مظلوم شہریوں کو خودکش دھماکے کی نظر کر دیا ، حکمران کب تک قتل عام کا تماشہ دیکھتے رہیں گے ، دہشت گرد اسٹیٹ سے زیادہ طاقتور نہیں ہیں ، حکومت ہمت کرے اور دہشت گردی نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خاتمے کی جدو جہد کا آغاز کر ے ، عوام فوج کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اے پی سی میں نواز شریف کے فیصلے کی تائید کر کے اپنی کنفیوژن ثابت کردی ، مزاکرات ان قوتوں سے کیئے جاتے ہیں جو ملک کا ائین اور قانون تسلیم کر تے ہیں ، اور نہ ماننے والوں سے طاقت کی زبان استعمالکی جاتی ہے ، یہ جمہوری رویہ ہے ، جب تک پاکستانی حکومت فوج اور خفیہ ایجنسیوں کی مشاورت سے کوئی حکمت عملی مرتب نہیں کر ے گی ، حالات پر قابو پانا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے ۔

وحدت نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی مرکزی مجلس عمومی  کے اراکین نے برادر اطہر عمران طاہر کو آئندہ ایک سال کے لئے مرکزی صدر منتخب کر لیا ہے ، آئی ایس او پاکستان کے بیالیس ویں سالانہ مرکزی امید مستضعفین جہان کنونشن کے اختتامی روز پاکستان کے طول وعرض سے جامعتہ المنتظر لاہور میں جمع ہو نے والے طلبہ امامیہ نے استصواب رائے سے برادر اطہر عمران طاہر کو اپنا میر کاروان منتخب کیا ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی اور دیگر قائدین نے  برادر اطہر عمران کو ملت جعفریہ کی واحد نمائندہ طلبہ تنظیم آئی ایس او کا دوبارہ میر کاروان منتخب ہو نے پرمبارک باد پیش کی ہے اور انکی کی نیک توفیقات میں اضافے کے ساتھ ساتھ طلباء کی صحیح سمت میں رہنمائی کی بھی دعا کی ہے ۔

وحدت نیوز (اسلام آباد)شام میں رہبر کے نمائندہ آیت اللہ مجتبیٰ حسینی نے خیر العمل فاﺅنڈیشن کے ہیڈآفس کا دورہ کیا ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سکیرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سکیرٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی اور مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود و مسئول خیر العمل فاﺅنڈیشن پاکستان برادر نثار فیضی نے آیت اللہ مجتبیٰ حسینی کا استقبال کیااور انہیں خوش آمدید کہا،مسئول خیر العمل فاﺅنڈیشن برادر نثار علی فیضی نے آیت اللہ مجتبیٰ حسینی کو دفتر کے شعبوں کا معائنہ کروایااور تفصیلات بتائیں۔ خیر العمل فاﺅنڈیشن کی ورکنگ باڈی کے اراکین سے اپنے خصوصی خطاب میں آیت اللہ مجتبیٰ حسینی نے ادارے کی کارکردگی کوسراہا اور مزید کامیابی کے لیے دعا کی۔

مزید گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے فرمایا کہ مجلس کا رفاہی ادارہ انشاءاللہ پاکستان میں عوامی خدمت کے لیے رول ماڈل بنے گا، اس شعبہ کو تمام وابستگیوں سے بالاتر ہوکر عوام و انسانیت کی خدمت کو اپنا طرہ امتیاز بنانا چاہیے،اسلام اجتماعی روش کا دین ہے جس کی تمام عبادات کو اجتماعی حوالے سے ادا کرنے کا اجر و ثواب زیادہ رکھا گیا ہے ، اس میں انفرادی سطح پر صلہ رہمی ، پڑوسیوں کے حقوق سے لیکر معاشرتی و علاقائی سطح پر وطن کی خدمت اور پھر اس سے بڑھ کر بڑے دائرہ اسلام کی خدمت کوقرار دیا گیا ہے ،ہمیں نیکی و تقویٰ کے کاموں کے لیے اکٹھے ہونا چاہیے ۔امام خمینی کی روش حزبی تھی لیکن انکی نگاہ حزبی نہ تھی بلکہ ا نھوں نے ہمیشہ پورے معاشرے کی طرف توجہ دی ،آخر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے آیت اللہ مجتبیٰ حسینی کا ان حالات میں پاکستان آنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور انکی شام کے موجودہ سخت ترین حالات میں ثابت قدمی کے ساتھ مقاومت کی رہنمائی اور سرپرستی کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان پارا چنار کے آرگنائزر شبیر حسین ساجدی کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے سرپرست جاوید ابراہیم پراچہ اور کور کمانڈر کا گذشتہ دنوں پارا چنار کے دورے پر آنا خطرے کی گھنٹی ہے۔ نیوز ویب سائٹ اسلام ٹائمز کیساتھ انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جاوید پراچہ کا پارا چنار کا دورہ کرنا صرف پارا چنار کے معاملہ تک محدود نظر نہیں آتا، یہ ایجنسیوں کے لوگ ہیں، یہ ڈالرز کیلئے کام کر رہے ہیں۔ میں یہ سمجھتا ہوں کہ چند روز قبل کور کمانڈر صاحب جو پارا چنار گئے تو اس کو میں شک کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ وہ کہتے ہیں کہ آباد کاری ہوگی تو وہاں سے ہوگی جہاں مینگل قبیلہ آباد ہے۔ جبکہ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ انہوں نے جو ہماری اراضی قبضہ کی ہے اس کو چھڑوایا جائے۔ یہ وہاں جاکر کہتے ہیں کہ آباد کاری شلوزان تنگی سے شروع کریں۔ لہذا اس کو ہم بہت شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ جاوید ابراہیم پراچہ کا دورہ کرنا، اور پولیٹیکل ایجنٹ کی جانب سے اسے مکمل پروٹوکول دینا بھی خطرناک اشارہ ہے۔ سیکورٹی ایجنسیاں اور ایف سی یہ چاہتے ہیں کہ طالبان بھگوڑوں کو ایک بار پھر کرم ایجنسی میں غالب لایا جاسکے۔ ان طالبان نے ہی ہمیں تباہ و برباد کیا، لوٹا۔ مری معاہدہ کے تحت وہ لوگ آباد ہوں گے جن کا کرم ایجنسی سے مستقل کوئی تعلق ہو، تاہم یہ لوگ طالبان کو آباد کرنے کی کوشش دوبارہ کر رہے ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree