وحدت نیوز (آرٹیکل) ذمہ دار لوگوں کے گرد سارا معاشرہ گھومتا ہے، جولوگ اپنی ذمہ داری کا صحیح تعین کرتے ہیں اور پھر اسے ٹھیک طریقے سے ادا کرنے کا عزم کرتے ہیں وہی معاشرے میں کوئی سنجیدہ کردار ادا کر پاتے ہیں۔ ایک مورخ نے لکھا ہے کہ پہلی مرتبہ گورنمنٹ ہاوس کراچی پہنچ کر قائداعظم محمد علی جناح ؒ نے سیڑھیوں پر چڑھتے ہوئے اپنے ہمراہ سے کہا تھا کہ شاید تمہیں یہ معلوم نہ ہو کہ مجھے کبھی یہ امید نہ تھی کہ پاکستان میری زندگی میں قائم ہوجائے گا۔ہم نے جو کچھ حاصل کر لیا ہے ہمیں اس پر خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے۔[1]
اس سے پتہ چلتا ہے کہ قائداعظم نے اپنی ذمہ داری ادا کی تھی اور نتیجہ انہیں ان کی امید سے بڑھ کر ملا۔ مارچ کے مہینے میں یہ جملہ ہمیں بھی کثرت سے سننے کو ملتا ہے کہ ذمہ داری کوئی چیز نہیں بلکہ احساس ذمہ داری بڑی چیز ہے۔
یہ جملہ واقعتا آب زر سے لکھنے کے قابل ہے لیکن تعجب کی بات یہ ہے کہ جو ملت اس جملے کابار بار تکرار کرتی ہے وہی احساس ذمہ داری کے بجائے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ بھی کرتی ہے۔غیر ذمہ داری فقط ذمہ داری سے بھاگ جانے کا نام نہیں ہے بلکہ جس کام کی صلاحیت نہ ہو اس کی ذمہ داری اٹھا لینا بھی ایک طرح کی غیر ذمہ داری ہے اور اسی طرح کسی ذمہ داری کو قبول کرکے پھر ٹال مٹول سے کام لینا یہ بھی غیر ذمہ داری ہی ہے۔
ٹال مٹول سے یاد آیا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ کراچی پہنچنے کے بعد جب پہلے دن روزمرہ کے کاموں سے فارغ ہوئے تو آپ نے اپنے عملے کے ایک آدمی سے کہا کہ فوری طور پر میرے کمرے میں ایک ریڈیو سیٹ لگوادیا جائے تاکہ میں آج کی خبریں سن سکوں۔
ملازم نے کہا جناب عالی ! آپ بہت سفر کر کے آئے ہیں اور بہت تھک چکے ہیں اس وقت آرام کریں کل ریڈیو سیٹ بھی لگوا دیں گے۔۔۔
یہ سننا تھا کہ محمد علی جناح ؒ نے صاف الفاظ میں کہا دیکھو میاں میرے ساتھ یہ ٹال مٹول سے کام نہیں چلے گا۔
آج ہمارے سارے کے سارے ملی کام ٹال مٹول کرنے والوں کے ہاتھوں میں ہیں، دہشت گردی کے خاتمے سے لے کر ملکی تعمیروترقی تک ہر طرف ٹال مٹول سے کام لیا جارہاہے، وہ دفاتر سے رشوت کے خاتمے کا مسئلہ ہو، نادرا سے شناختی کارڈ اورپاسپورٹ بنوانے کی بات ہو، ایران سے گیس خریدنے کا منصوبہ ہو، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی خبر ہو ہر طرف ذمہ داریوں سے فرار نظر آتا ہے۔
اس سال بھی سات مارچ کو ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی برسی بنائی گئی۔ان کے افکارو نظریات کو دہریا گیا اور بار بار یہ نعرے لگائے گئے کہ ڈاکٹر کا نعرہ یاد ہے۔۔۔
ڈاکٹر کے بارے میں منعقد ہونے والے پروگراموں میں ہونے والی گفتگوسے مجھے یہی پتہ چلا کہ ڈاکٹر کا سب سے بڑا نعرہ احساسِ ذمہ داری تھا۔آج اگرچہ ہمارا یہ دعویٰ ہے کہ ہمیں ڈاکٹر کا نعرہ یاد ہے لیکن ہمارے قومی اداروں میں غیر ذمہ داری کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے،پہلے لوگ سیاستدانوں سے مایوس ہوتے تھے تو دینی اداروں سے اصلاح احوال کی امید رکھتے تھے اب ہمارے مذہبی مدارس اور دینی ٹرسٹ ایک طرف سے تو دہشت گردی کے مراکز میں تبدیل ہوچکے ہیں اور دوسری طرف تیزی سے موروثی جائیدادوں میں بدل رہےہیں، جو بھی ملت و دین کے نام پر کوئی ادارہ قائم کرتا ہے وہی اس کا تاحیات مالک بن جاتا ہے اور پھر اس ادارے کی پراپرٹی اور بینک بیلنس اس کے بعد اس کی نسلوں کو منتقل ہوجاتا ہے، سیاستدان الیکشن کے موقع پر چند اچھے اچھے نعرے لگانے کے بعد غائب ہوجاتے ہیں، بین الاقوامی برادری جیسے چاہتی ہے ہمارے سیاستدانوں اور دینی مدارس سے استفادہ کرتی ہے اور پھر بھی ہمارا یہ دعویٰ ہے کہ ہمیں ڈاکٹر کا نعرہ یاد ہے۔
اگر ہمیں ڈاکٹر کا نعرہ یاد ہوتا اور ہم اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں ٹال مٹول سے کام نہ لیتے تو پھر یہ کیسے ممکن تھا کہ مٹھی بھر کرپٹ سیاستدان ہمیں اپنا غلام بنا لیتے اور چند نام نہاد مذہبی کاسہ لیس دینی مدارس اور اداروں کی قسمت سے کھیلتے۔
آج ضرورت ہے کہ ملت کے ہرفرد کو عملی طور پر احساس زمہ داری دلایا جائے، ہمیں اپنے وطن کے ایک ذرے سے لے کر بلند و بالا کہساروں اور سیاست و اقتصاد سے لے کر مسجد و محراب تک ہر سمت اپنی زمہ داری کا احساس کرنا چاہیے۔ ضروری نہیں کہ ذمہ داری بڑی ہو بلکہ ضروری ہے کہ ذمہ داری کی نسبت احساس بڑا ہو۔
یہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی کے آخری سال کا واقعہ ہے کہ ایک دن انہوں نے اپنی سرکاری رہائش گاہ کے معائنے کے دوران لائبریری میں کچھ الماریاں خالی دیکھیں، پوچھنے پر پتہ چلا کہ سندھ کے گورنر صاحب کوٹھی خالی کرتے وقت یہ کتابیں بھی اپنے ہمراہ لے گئے ہیں، یہ سنتے ہی قائداعظم نے فورا وہ کتابیں واپس منگوا کر کتاب خانے میں رکھوائیں۔
ایک طرف قائداعظم جیسا حساس شخص ہے جو کسی قومی ادارے سے چند کتابیں اٹھنے پر بھی بے تاب ہوجاتا ہے اور دوسری طرف ہمارے جیسے لوگ ہیں جن کے سامنے قومی اداروں کو لوٹ کر کھایا جاتاہے اور ملت اور دین کانام فقط تجوریاں بھرنے کے لئے لیا جاتا ہے لیکن ہم ٹس سے مس نہیں ہوتے۔
ہاں اگر ہم اپنے دینی و قومی معاملات میں حساس ہو جائیں اور ملک ودین کی خاطر اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کے لئے کھڑے ہوجائیں تو پھر بلا شبہ ہم کہہ سکتے ہیں کہ ڈاکٹر کا نعرہ یاد ہے۔۔۔
لیکن جب تک ہم ذمہ داریوں سے بھاگتے رہیں گے، ایک دوسرےپر ڈالتے رہیں گے، ٹال مٹول کرتے رہیں گے اور اپنے سامنے ملک و قوم کے ساتھ ہونے والی خیانتوں پر خاموش رہیں گے یعنی جب تک ہم ذمہ داریوں سے فرار کرتے رہیں گے تب تک کوئی تبدیلی رونما ہونے والی نہیں۔
مورخ تاریخ لکھ رہا ہے اور اگر تاریخ اسی طرح لکھی گئی جیسے کہ لکھی جارہی ہے تو پھر ہماری آئندہ نسلیں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی مناتے ہوئے یہ افسوس بھی کیا کریں گی کہ کاش شہید نقوی کے بعد ہمارے اباواجداد اپنی ذمہ داریوں سے نہ بھاگے ہوتے۔
تحریر۔۔۔نذر حافی
This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.
وحدت نیوز (آرٹیکل) کچھ دنوں پہلے ایک قریبی عزیز کے ساتھ اسلام آباد کے ہسپتالوں کا چکر لگانے کا موقع ملا اور جو حالات و واقعات پیش آئے اس حقیقت سے چشم پوشی نہ کر سکا کیونکہ یہ واقعات میرے دیس کے ہر عام شہری کے ساتھ روزانہ پیش آتے ہیں،ہوا کچھ یوں کہ میرے عزیز کو پیٹ میں تکلف ہوئی جس کی وجہ سے ہم اُسے اسلام آباد کے ایک کلینک میں لے گئے تو وہاں موجود ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ مریض کو فوری ڈرپ چڑھانے کی ضرورت ہے بحرحال شام تقریبا چھ سات بجے سے لیکر رات ۱۱ بجے تک ڈاکٹر صاحب ڈرپ پہ ڈرپ چڑھاتے رہے مگر درد کی شدت میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوتا گیا، مریض کی حالت دیکھ کر ڈاکٹر سے بیماری کا دریافت کیا تو کہنے لگے جناب ابھی تو میں چیک کر رہا ہوں کہ درد کی وجہ کیاہے جب ڈاکٹر صاحب کے اِس جواب کو سنا تو ایک لمحے کے لئے دل چاہا کہ ڈاکٹر صاحب کو بیڈ پر لیٹا کر جتنے ڈرپ اور انجیکشن مریض کو چڑھائے ہیں اُسی کو کو چڑھا دوں مگر اپنی بے بسی پر خاموش رہا تھوڑی دیر میں نرس صاحبہ آئی اور کہنے لگی، ڈاکٹر صاحب کا کہنا ہے بیماری کا وجہ معلوم نہیں ہو سکا لہٰذا آپ اپنا پیمینٹ کر کے فوری طور پر پی آئی ایم ایس یا پولی کلینک لے جائیں ۔بیماری سے مجبور ڈاکٹر کی فیس، ڈرپ دوائیوں کے پیسے ادا کرکے ہم پولی کلینک گئے وہاں پر بھی پہنچتے ہی درد کم کرنے کے انجکشن کے ساتھ ڈرپ لگادیئے گئے اور صبح ڈاکٹر کے پاس آنے کا کہا گیا۔
ہم اگلے روز جب بتائے گئے ڈاکٹر کے پاس پہنچے تو پتہ چلا یہاں تو پرچی لینے کے لئے لوگ صبح چھے بجے سے آئے ہوئے ہیںاللہ اللہ کر کے جب ہمیں موقع ملا تو ڈاکٹر صاحب نے کچھ پوچھنے کی زحمت نہیں کی اور ساتھ بیٹھے میڈیکل ریپ نے کہنا شروع کیا آپ فلاں دوائی فلاں کمپنی کی لے لیں انشااللہ خدا جلد شفا دے گا ساتھ ہی ڈاکٹر نے ہاں میں ہاں ملایا اور وہی دوائی لکھ کر دے دی۔نہ چاہتے ہوئے پرچی لی اور گھر کو آگئے، ایک دن تو دوائی نے اپنا اثر دیکھا یا مگر اگلے دن پھر وہی درد، لہٰذاہم پھر ڈاکٹر کے پاس گئے ۔ڈاکٹر کے سیکریٹری نے ہمیں پریشانی کی حالت میں دیکھا تو کہنے لگے صاحب اس طرح تو آپ کی بیماری کا علاج نہیں ہوگا اور اگر ہو بھی گیا تو کم از کم مہینہ آپ کو ہسپتال کا چکر کاٹنا ہوگا ۔آپ فوری علاج چاہتے ہیں تو میں ایڈریس دیتا ہوں ڈاکٹر صاحب فلاں نجی ہسپتال میں اِس ٹائم بیٹھتے ہیں فیس تھوڑا زیادہ ہے مگر پریشانی کے بغیرعلاج ممکن ہے ہم بھی بیماری سے پریشان تھے فوراََ ہامی بھر لی اور ایڈریس لیکر اسلام آباد کے ایک مشہور پرائیوٹ ہسپتال پہنچے اور فیس ادا کر کے ڈاکٹر صاحب سے ملے اور اُس کو یاد دہانی کرایا کہ ایک دن قبل سرکاری ہسپتال میں آپ نے یہ دوائیاں دی تھی ابھی ہم اپنی بات مکمل نہیں کرپائے تھے، ڈاکٹرصاحب بڑے ہی شفیقانہ انداز میں کہنے لگے رہنے دیجئے اُس پرچی اور دوائی کو ،وہ سرکاری اداراہ تھا ابھی آپ یہ دوائیاں استعمال کریں انشااللہ ٹھیک ہوجائے گا ۔
یقین جانئے ہم یہ رویہ دیکھ کر پریشان ہوگے ۔ایک ہی ڈاکٹر، ایک ہی مریض اور ایک ہی بیماری مگر الگ رویہ الگ دوائی اور الگ ہمدردی۔۔۔ ہمارے ملک کے تقریبا تمام سرکاری ہسپتالوں کے حالات زارکچھ ایسے ہی ہیں جس ہسپتال میں جائیں تو ہر جگہ کچرے کا ڈھیر، مریضوں کی لمبی قطاریں، ڈاکٹرز اول تو ڈیوٹی پر موجود نہیں ہوں گے اگر خدانخواستہ موجود ہوں تو ہڑتال یااحتجاج کے نام پر گھپے مارتے چائے بسکٹ کے مزے لیتے نظر آئیں گے اور اگر یہ بھی نہ ہوں تو مریضوں سے ایسے برتائو کرتے نظر آئیں گے کہ جیسے ملزم پولیس کے ہتھے چڑ گیا ہو۔ جس طرح پولیس تفتیش کرتی ہے ،اسی طرح مریض سے سوالات کرتے ہیں ، پھر لمبی چوڑی ایف آئی آر یعنی نسخے لکھتے ہیں۔ اب پولیس والے تو رشوت کے چکر میں لگ جاتے ہیں اور ڈاکٹرمیڈیسن کمپنیوں کی جانب سے گاڑی ، دبئی کی سیراور میڈیکل ریپ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مریض کو ایسے ہی چکر لگواتے ہیں جیسے ملزم کو عدالت کا، آخر میں نہ ملزم کے کیس کی سماعت ہوتی ہے اور نہ ہی مریض کا مرض ٹھیک ہوتا ہے۔مریض اگلے مرحلے میں سسکتے ہوئے پرائیوٹ ہسپتالوں کا روخ کرتے ہیں جہاں سے علاج تو ستر فیصد ہو جاتا ہے مگر مریض خاندان سمیت روڑ پر زندگی گزانے پر مجبور ہوجاتاہے ۔ دوسری طرف سیاست دان چھینک بھی آئے تو باہر ممالک میں چیک اپ کے لئے جاتے ہیں۔آخر عوام اور رعایا کے درمیاں اس قدر فاصلے کیوں؟ کیا عام شہری کو ان سہولیات کا حق نہیں ہیں، کیا غریبوں کے جانوں کی کوئی حیثیت نہیں ؟ آخر ان سب کا ذمہ دار کون ہے؟کیا سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر مفت میں کام کرتے ہیں؟ کیا ایک میڈیکل کا اسٹوڈنٹس سرکاری ہسپتالوں میں غریبوں کی جانوں سے کھیل کر ڈاکٹر نہیں بنتا؟کیا یہ پیشہ انتہائی اہم اور ذمہ دارانا نہیں ؟ کیا ڈاکٹر ز کی زرا سی غفلت سے مریضوں کی جان نہیں چلی جاتی؟ دنیا کی لالچ میں مریضوں کو ایسی دوائیاں دی جاتی ہے جو محض پیسے بنانے کے سوا کچھ نہیں۔آخر اس میں غلطی کس کی ہے کیا ہمارے ملک میں کوئی نظم و ضبط اور قانون نامی کوئی چیز نہیں ہے؟
جی ہاں!قانون تو ہر جگہ بنے ہوئے ہیںمگر عمل کرنے والا کوئی نہیں ۔ دیکھا جائے تو غلطی ہماری ہی ہے ،کسی بھی قانون پر عمل درآمد کروانے میں عوام پربھی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ہم غلاموں کی طرح ہر ایک کے سامنے سر جھکا دیتے ہیں اور تھوڑے پیسوں کے عوض بک جاتے ہیں۔ہم کبھی معاشرے میں ہونے والی برائیوں پر اپنے لب نہیں ہلاتے ہم اُس وقت تک خطرہ کا نوٹس نہیں لیتے جب تک کہ اپنے دامن کو آگ نہ پکڑ لے،ہم کرپشن کے خلاف اُس وقت تک آواز بلند نہیں کرتے جب تک ہماری جیب سے پیسے نہ نکلیں، ہم اتنے بے وقوف ہیں کہ بار بار اُسی شخص کو ووٹ دیتے ہیں اوراُسی کو سپورٹ کرتے ہیں جس نے ہر دفعہ جھوٹے وعدوں اورکھوکھلے نعروں کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ ہم رنگ زبان سرحد اور مذہب کے چکر میں اس قدر الجھے ہوئے ہیں کہ ہم میں انسانیت نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی ۔ ہم کسی بھی برائی کو اُس وقت تک برا نہیں سمجھتے جب تک اُس برائی کا اثر ہمارے اپنے گھر تک نہ پہنچ جائے ۔ہم اپنے بچوں کے اسکول ایڈمیشن سے لیکر نوکری تک سفارش رشوت کا سہارا لیتے ہیں پھریہ بھی امید لگا تے ہیں کہ باقی سب کے بچے میرٹ پر سلیکٹ ہوں۔ ہم ہمیشہ اپنی کمی اور کوتاہی کو ماننے کے بجائے فوراََ دوسروں کے اچھے کاموں اور دوسروں کی قابلیت میں خامیاں تلاش کرتے ہیں تو معاشرے میں تبدیلی کیسے ممکن ہوگی؟ ہر کام کی ابتدا اپنی ذات سے شروع ہوتی ہیں سب سے پہلے ہمیں اپنی ذات کی اصلاح کرنی چاہیے تاکہ جب ہم کسی دوسرے کوکچھ بولیں تو اس بات میں اثر ہوں۔
ایک اور ہماری سب سے بُری عادت یہ ہے کہ ہم ہر کام دوسروں پر چھوڑ دیتے ہیںاور اپنی ذمہ داریوں سے بری ذمہ ہونا چاہتے ہیں۔کسی بھی معاشرے کی بہتری کے لئے تعلیم اتحاد، بھائی چارگی اور صبر کا ہونا ضروری ہے ۔ ہماری سوچ اور فکر وسیع ہونی چائیے تاکہ ہم لانگ ٹرم پالیسی پر عمل کر سکیں ۔ راستے کے بیج کسی کانٹے کو دیکھیں تو فورا اسے کنار کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے نہ کہ یہ سوچ کر گزر جائے کہ لوگوں کو آنکھیں کھول کر راہ چلنا چاہیے۔نہیں جناب ہم سب کو اپنے اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا ہمیں آنکھیں کھول کر اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کا خیال رکھنا ہوگا ، ظاہری فائدے کو چھوڑکر ابدی فائدے کو دیکھنا ہوگا۔جب تک عوام کے بنیادی حقوق کا خیال نہیں رکھا جائے گا وہ معاشرہ ترقی کی منزلوں کی طرف نہیں بڑھ سکے گا۔لیکن ہر چیز کے لئے اس کا طلب ہونا بھی ضروری ہے جس دن ہم میں اپنے حقوق حاصل کرنے کا حقیقی معنوں میں جستجو پیدا ہوجائے اور ہمیں عوامی طاقت کا اندازہ ہو جائے تو ہمیں اس ملک سے غربت ، دہشت گردی اورکرپشن کو ختم کرنے میں دیر نہیں لگے گی ۔
تحریر۔۔۔۔ناصر رینگچن
وحدت نیوز(آرٹیکل) وہ ہم سب کیلئے نمونہ عمل تھے،ان کا اوڑھنا بچھونا ،سونا جاگنا،چلنا پھرناسب کچھ اسلام ناب محمدی کی تبلیغ،ترویج اور عملی نفاذ کیلئے تھا،وہ بت شکن زمان حضرت امام خمینی کے سچے اور عملی فدائی تھے ۔وہ واحد پاکستانی تھے جنہوں نے اپنے عمل سے انقلاب اسلامی اور نظریہ ولایت فقیہ سے اپنے اخلاص کو دوسروں پر ثابت کیا،بانی انقلاب اسلامی امام خمینی کی ذات سے ان کے عشق اور محبت کیلئے صرف دو مثالوں سے استفادہ کرتا ہوں ، نوزائیدہ انقلاب اسلامی ایران پر جب امریکہ نے اپنے ایجنٹ صدام کے ذریعے حملہ کیا تو اسے امریکہ ،نیٹو سمیت تمام عرب ممالک کی مدد حاصل تھی ،ستاون ممالک صدام کے ساتھ ملکر ایران کو فتح کرنے کا منصوبہ بنا چکے تھے،اس موقعہ پر امام خمینی کی الہٰی شخصیت کی زبان سے نکلے ہوئے الفاظ اسلام محمدی سے عشق کرنے والوں کیلئے صبح امید کی حیثیت رکھتے تھے،یہ سب ایران اور ایران سے باہر امام خمینی کے سچے اورکھرے عاشق اور فدائی تھے،جنگ تحمیلی کے دوران امام خمینی نے جہاد کی فرضیت بارے کوئی فتوٰی نہیں دیا ،ہاں بس اتنا کہا کہ جو بھی استطاعت یا طاقت رکھتا ہے وہ جبہ یعنی محاذ پر جائے،پاکستان جو ایران کا ہمسایہ ملک ہے اور انقلاب اسلامی ایران کو پسند کرنے والوں کی یہاں بھی بڑی تعداد موجود تھی ان پاکستانیوں میںسے جس شخصیت نے امام خمینی کی اس خواہش کو سنا اور اسے پورا کرنے کی کوشش کی وہ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید تھے ،جو اپنے چند رفقا ء کے ہمراہ جبہ پر پہنچ گئے تھے،انہوں نے محاذ جنگ پر بے انتہا خدمات سرانجام دیں وہ ڈاکٹر تھے جن کی محاذ جنگ پر اشد ضرورت ہوتی ہے ،ان کی خدمات کو اہل ایران ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
سانحہ مکہ ہوا تو آل سعود کی طرف سے اہل ایران پر حج کی پابندی لگا دی گئی،لبنان کے جوانوں پر بھی عمر کے حساب سے پابندیاں لگائی گئیں،امام خمینی کی خواہش تھی کہ حج پر حسب دستور دنیا بھر سے آئے ہوئے حجاج کرام کو اصل حج یعنی برا ء ت از مشرکین کا پیغام یاد کروایا جائے،وہ پیغام جس کو پہنچاتے ہوئے چار سو سے زیادہ حجاج نے اپنے خون کی قربانی دی تھی اور جائے امن پر جہاں ایک چیونٹی کو مارنا بھی منع کیا گیا ہے کو بلا جواز،بلا جرم و خطا خاک و خون میں غلطاں کیا گیا تھااس پیغام کو پہنچانے کا انتظام و انصرام اور ذمہ داری فدائے امام خمینی ڈاکٹر محمد علی نقوی کے حصہ میں آئی ،ڈاکٹر محمد علی نقوی نے تمام تر رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود اس پیغام امام کو احسن طریقہ سے حجاج کرام تک پہنچایا،اوراس موقعہ پر اسیر ہوئے،انہیں سزائے موت کا حکم ہوا مگر انہیں خدا نے مزید کام کا موقعہ دیا اور وہ رہا ہو گئے،انہوں نے رہا ہونے کے بعد بھرپور کام کیا اور سات مارچ 1997ء کی دم صبح لاہور کے یتیم خانہ چوک میں سامراجی ایجنٹوں کے ہاتھوں درجہ شہادت کو پایا،وہ ہم سب کے دلوں پر حکمرانی کرتے آ رہے ہیں ،بائیس سال ہوگئے ہم نے ان کی یادوںکا چراغ روشن رکھا ہے اور اسے تیز ہوائوں میں بھی بجھنے نہیں دیا، ایسا نہیں ہے کہ ہم ان کی یاد منا کر ،ان کی باتیں سنا کر ان کی تصویریں سجا کر یا ان کے اہل خانہ پر کوئی احسان کرتے ہیں حقیقت یہ ہے کہ وہ ملت کے محسن ہیں انہوں نے اپنی ظاہری زندگی میں بھی ملت کی فلاح،نظریہ کی بقا،اور اسلام حقیقی کے احیا ء کیلئے زندگی کو وقف کیئے رکھا اور ان کی بعد از شہادت زندگی بھی ہم یعنی ملت کیلئے باعث رشد و کمال ہے ،یہ شہداء ہی ہیں جن کی وجہ سے قوم و ملت کو سربلندی نصیب ہوتی ہے اور انہیں اوج و کمال حاصل ہوتا ہے ،ان کی یاد منا کر ،ان کے کارناموں اور کمالات کو سامنے لانے کا مقصد مستقبل کی ملت اور سرمائے کو جنہوں نے قوم و ملت کی باگ ڈور سنبھالنا ہے،ان تاریخی کرداروں سے آشنائی کروانا ہے تاکہ ایسے کردار پھر بھی سامنے آتے رہیں،اور یہ سلسلہ یونہی جاری رہے تا وقتیکہ وقت کے امام کا ظہور نہیں ہو جاتا اور مظلومین مستکبروں پر غلبہ نہیں پالیتے،کمزور بنا دیئے گئے حکومت و اختیار حاصل نہیں کر لیتے۔
ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید ہماری ملت کے سرخیل اورملت کے خلاف جاری استعماری جنگ میں ہمیشہ خط مقدم پر رہنے والے تھے،انہوں نے اپنی تمام زندگی ملت بالخصوص نوجوانوں کی تعلیم و تربیت ،شعور کی بیداری،تحرک،رفاہ و فلاح،مسائل و مصائب کے حل،قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیتے ہوئے دن رات ایک کیئے رکھا اور ایک پروفیشنل ڈاکٹر ہونے کے باوجود علماء سمیت ہر طبقہ ء فکر کیلئے نمونہ قرار پائے انہیں بہت سے اعزا ز حاصل ہے،جن کو اس مختصر کالم میں زیر تحریر لانا ممکن نہیں ہاں ہم ان کارناموں اور اعزازات کی ایک فہرست یہاں پیش کر سکتے ہیں،میں نہیں سمجھتا کہ اس طرح ان کا حق ادا کر سکوں گا ،بہرحال ہم ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کو سالار شہدا سمجھتے ہوئے ان کی یاد منا کر ان کے کارہائے نمایاں اور ایثار و قربانیوں کو یاد کر کے اپنے اندر تحرک و تحریک محسوس کرتے ہیں ،یہ کیا کم ہے کہ وہ لوگ جو شہید ہو گئے اپنی شہادت کے بعد بھی ہمارے تحرک و بیداری کا باعث بنتے ہیں حالانکہ ہمیں ایسی قیادتیں بھی ملتی ہیں جن کے وجود سے تحرک و بیداری تو نہیں مایوسی و بددلی کا احساس ضرور جنم لیتا ہے اور انسان ان کی رہنمائی پا کر کسی منزل کی جانب بڑھنے کے بجائے اپنا راستہ ہی بھلا بیٹھتا ہے جبکہ ڈاکٹر شہید ایسی شخصیت نے اتنے زیادہ کام کیئے ہیں کہ انہیں کسی بھی طور فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
ان کی عظمت کا اقرار کرتے ہوئے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ
میرے قبیلہ سرکش کا تاجور ہے وہ شخص
بڑھے جو دار کی جانب پیغمبروں کی طرح
آج ان کی بائیسویں برسی مناتے ہوئے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں محسوس کرتا کہ بہت سے لوگ ان سے جلن محسوس کرتے تھے اور ان پر تہمتیں بھی لگانے سے گریز نہیں کرتے تھے مگر یہ شہید ڈاکٹرہی تھے جو اپنے ہدف اور منزل کی طرف بڑھتے رہے اور شہادت کا بلند مقام پا کر اپنا میرٹ ثابت کیا،میں ایسے بہت سے لو گوں کو جانتا ہوں جو تنظیمی ہونے کے دعویدار ہیں،ڈاکٹر شہید نے اپنی زندگی میں ان کے ساتھ احسان اور بھلائی بھی کی ہو گی مگر ان کو ڈاکٹر شہید کی یاد منانا اچھا نہیں لگتا،ڈاکٹر شہید کی برسی ،قائد شہید کی برسی اور رفقا ء شہیدین کی یاد منانا ذرا بھی نہیں بھاتاجبکہ اس سے کسی کو انکار نہیں کہ یہ شخصیات ہی تھیں جن کے وجود کی برکات سے ہم ہمیشہ لطف اندوز ہوتے تھے،اس موقع پر میں اہل ایران کی مثال دونگا کہ جنہوں نے اتنی قربانیاں دی ہیں کہ ان کا شمار ہی ممکن نہیں اور انہیں شہدائے گمنام کا باب کھولنا پڑا ہے ،جا بجا شہدائے گمنام کے مقابر بنائے گئے ہیں ان کی یاد گاریں قائم ہیں ،لوگ ان پر حاضر ہوتے ہیں،اسی طرح آپ ایران میں جہاں بھی جائیں ہر سو ،ہر شہر میں شہدا ء کے نام سے منسوب قبرستان یعنی گلزار شہداء بنائے گئے ہیں،آپ ان میںجمعرات کے دن جائیں کیسے عجیب مناظر دیکھنے کوملتے ہیں شہدا ء کے ورثا ء و رفقاء ان شہدا ء کو کبھی نہیں بھولتے اس لیئے کہ شہدا ء بھی انہیں فر اموش نہیں کرتے،جگہ جگہ شہدا ء کی یادگاریں تعمیر کی گئی ہیں ،ان کی تصاویر دیواری سائز میں لگائی ہوتی ہیں،ان کے اقوال نمایاں اور انتہائی خوبصور ت انداز میں لکھے ہوتے ہیں،ان کے گھروں کا سارا خرچ بنیاد شہید اٹھاتی ہے،ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت کا انتظام خصوصی طور پر کیا جاتا ہے،آپ کو ان شہدا ء کے نام سے ریلوے اسٹیشنز،میٹرو اسٹاپ،ادارے،این جی اوز،کالجز،اسکول،یونیورسٹیز،او نا جانے کیا کچھ دیکھنے کو ملتا ہے،ان پر کتابیں لکھی جاتی ہیں،ان پر ڈاکٹریٹ کروائی جاتیں ہیں،ان پر مقالے لکھے جاتے ہیں،مقابلے کروائے جاتے ہیں، مگر ہمار ے ہاں شہدا ء کی یاد منانا بھی عیب سمجھا جاتا ہے،شخصیات کو شہدا ء کی یاد منانے سے اپنا قد چھوٹا محسوس ہوتا ہے،شائد یہی وجہ ہے کہ قوم کی قیادت و سیادت پر فائز شخصیات نے شہید قائد علامہ عارف الحسینی اور شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے نام سے کوئی موسسہ،کوئی ادارہ،کوئی اسکول،کوئی کالج،کوئی شہر ،کوئی گائوں،کوئی ہسپتال تعمیر نہیںکیا بھلا کس طرح ترقی کر سکتے ہیں ،کس طرح ہماری ملت اپنا وقار اور عظمت بحال کروا سکتی ہے جبکہ ہم شہدا ء وہ بھی شہید قائد اور شہید ڈاکٹر جیسی شخصیات کو فراموش کر بیٹھے ہیں ہم نے اس کا کوئی انتظام نہیں کیا،اس پر ذمہ داران سوچیں،غور کریں اگر ممکن ہو اور کچھ کر سکتے ہوں توضرور کریں ورنہ ان شہدا ء بالخصوص شہید ڈاکٹر کے روحانی فرز ند اور بھائی تو کچھ نا کچھ کرتے ہی رہتے ہیں اور کچھ نا سہی تو ایک سالانہ برسی ہی سہی،اپنی عقیدتوں کے سلام پیش کرنے اور نئی نسل کو ان کے کردار و عمل سے آگاہ رکھنے کیلئے یہ سیمینار،کانفرنسز،اور برسی کے پروگرام بھی بہت ضروری ہیں،ان کی یاد منانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ سب لوگ مل کر کم از کم ان کے شروع کردہ منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں،ان کے شروع کردہ پروگراموں کی رونق کو ماند نا پڑنے دیں،خدا سلامت رکھے،شہدائے ملت کی یادوںکے چراغ روشن رکھنے والوں کو۔
میں تو انہیں یاد کر کے یہی کہوں گا۔۔۔
رونق تو وہی ہے پھر بھی جیسے
اک شخص کی شہر میں کمی ہے
تحریر۔۔۔ارشاد حسین ناصر
وحدت نیوز(آرٹیکل) جب بھی دہشت گردی کی کوئی وارادت، بم دھماکہ یا خود کش حملہ ہوتا ہے تو ہمارے قومی میڈیا،سوشل میڈیا میں پرانی بحث نئے انداز سے شروع ہو جاتی ہے کہ اس کا تدارک کیا ہونا چاہیئے،کیا ہوا،یہ ہوا،وہ ہوا،یہ کیوں نہیں ہوا،،حکومت کی غفلت،دہشت گردوں کی اس قدر قوت،اور طاقت،دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا کردار،اور جوبے گناہ شہید کر دیئے گئے ان کی مالی امداد،زخمیوں کا علاج و سہولیات ،اور اس سے مربوط وہ ساری باتیں جو ہر دھماکے اور دہشت گردی کے واردات کے بعد سامنے لائی جاتی ہیں اور جن پر تشویش کا اظہار کیا جاتا ہے،دہشت گردی کی حالیہ لہر جو خاصی سنگین واقع ہوئی ہے اس کے بعد بھی ہم دیکھ رہے ہیں کہ قومی میڈیا اور حکومتی ایوانوں سے لیکر اپوزیشن جماعتوں ،مذہبی سیاست مداروں او سول سوسائٹی میں اس سے پہلے گذرے کسی بھی بڑے واقعہ کے بعد سامنے آنے والی باتوں ،تجزیوں،تجاویز،احساسات،نقصانات،اور تدبیرات کا تکرار واضح ہے ،دہشت گردی کا یہ فیز در اصل پاراچنار میں ہونے والے بدترین دھماکے سے شروع ہوا،پاراچنار سبزی منڈی میں مورخہ 21جنوری کو صبح سویرے ایک خود کش حملہ کیا گیا ،جس میں تیس کے قریب لوگ شہید ہو گئے ،اب اس کے بعد دھماکوں کی سیریز چلی ہے جس کا تسلسل ابھی بھی جاری ہے اور لوگ پاراچنار کو بھول گئے ہیں، اس کے بعد لاہور مال روڑ پہ بد ترین سانحہ پیش آیا اس کے بعد سیہون میں شدید دھماکہ سے نوے کے قریب شہید اور تین سو تک زخمی ہوئے جس سے خوف و ہراس اور غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی،دو دن پہلے ہی چار سدہ میں کچہری میں دہشت گردی کا ایک واقعہ پیش آیا اس پہ سب شکر ادا کر رہے ہیںکہ بہت بڑا نقصان نہیں ہوا،حالانکہ سات لوگ شہید ہو گئے پچیس تک زخمی ہو ئے،اب روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی ہو رہی ہے کوئی دن ہی شائد خالی جاتا ہو،یہ تحریر لکھی جا رہی تھی کہ لاہور کے ڈیفنس میں ایک بم دھماکے کی خبر نے ہلا کے رکھ دیا ،ڈیفنس لاہور کا پوش ایریا ہے جہاں ایک زیر تعمیر بلڈنگ کے سامنے دھماکہ ہوا جس میں ابتدائی طور پہ سات لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ پچیس تک کے زخمی ہونے کی اطلاع آئی ہے ،ایک خوف ہراس کی فضا نے اہل لاہور پہ چھائی ہوئی ہے ،حقیقت یہ ہے کہ جس کا نقصان ہوتا ہے اسے ہی پتہ ہوتا ہے کہ کیا ہوا ہے،اس پہ جو گذرتی ہے اس کا اندازہ صرف اسے ہی ہوتا ہے جس کا نقصان ہوتا ہے،جس کا سہاگ اجڑتا ہے،جس کے سر سے اس کے باپ کا سایہ چھن جاتا ہے،جس کی امید دم توڑ جاتی ہے،جس کی جوانی لٹ جاتی ہے یا جس کے بڑھاپے کا سہارا چھین لیا جاتا ہے۔۔۔
یہ میں ہی جانتا ہوں جو مجھ پہ گذر گئی
دنیا تو لطف لے گی میرے واقعات سے
لاہور،پشاور،سیہون،مہمند،شب قدر،کراچی،کوئٹہ اور پاراچنار میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں کو مختلف ناموں سے بھی تسلیم کیا گیا ہے اور کئی ایک واقعات کو صرف جماعت الاحرار کے نام سے تسلیم کیا گیا ہے،لشکر جھنگوی العالمی کے نام سے بھی دہشت گرد اپنی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔دہشت گرد کتنے سنجیدہ ہیں اور حکمران کس قدر سنجیدہ ہیں اس کا اندازہ ان کے اقدامات سے لگایا جا سکتا ہے۔
دہشت گردی ایک مائنڈ سیٹ کا نام ہے ،اس کا کوئی بھی نام ہو سکتا ہے،یہ نام تبدیل بھی ہو جاتا ہے مگر ہدف اور مقصد وہی رہتا ہے،جو لوگ پاکستان میں کل تک داعش کے وجود سے انکاری تھے اور یہ کہہ رہے تھے کہ ہم داعش کا سایہ بھی پاکستان پر نہیں پڑنے دینگے اب اس کے خلاف آپریشن ردالفساد کرنے جا رہے ہیں جبکہ ہم کئی برسوں سے یہ کہہ رہے تھے کہ داعش،طالبان،جماعت الاحرار ،جند اللہ،لشکر جھنگوی،سب ایک ہی فکر و سوچ کی حامل ایک ہی چھتری تلے کام کرنے والی دہشت گرد تنظیمیں ہیں،مگر ہماری کون سنتا ہے ،اتنے لوگ مروا کے،اتنے بے گناہ لوگ اور خاندان اجاڑ کے اب یہ خیال آیا ہے کہ پنجاب میں بھی ان کے خلاف کاروائی کی ضرورت ہ ے ۔داعش جسے عراق و شام میں نام نہاد خلافت بنا کے قائم رکھنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا وہاں کی باغیرت حکومتوں اور عوام کے عزم کے سامنے یہ کرائے کے ٹٹو اب اپنے بلوں میں گھستے دکھائی دے رہے ہیں تو ان کا خطرہ ہر سو محسوس کیا جا رہا ہے اب تو کھل کے یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ افغانستان میں اگر داعش کو شکست دینی ہے اور اس کا راستہ پاکستان میں روکنا ہے تو افغان طالبان کا ساتھ دینا ہو گا،داعش ہی ہے جو افغانستان اور پاکستان سمیت علاقے کے دیگر ممالک اور ریاستوں کیلئے چیلنج بن کے سامنے آ رہی ہے،ہماری وفاقی حکومت ہو یا پنجاب و سندھ کی حکومتیں ہمیشہ سے اس سفاک تنظیم کے وجود سے انکار کرتی آئی ہیں جبکہ گزشتہ تین چاربرس سے مسلسل اس حوالے سے خبریں میڈیا کی زینت بنتی آ رہی ہیں،داعش کے بارے ہم اس سے قبل بھی قارئین کو بتاچکے ہیں کہ اس کے وجود کا اظہار بنوں،میانوالی،اور کراچی و کوئٹہ میں وال چاکنگ کے بعد سامنے آیا تھا،بنوں جو وزیرستان سے منسلک اور جڑا ہوا ہے یہاں ابوبکر بغدادی کی بیعت کے اعلان پر مشتمل وال چاکنگ کی گئی اگرچہ داعش تمام تر سفاکیت،اسلام دشمنی،اور اسرائیلی مفادات کی نگران ہونے کی واضح حکمت عملیوں اور کاروائیوں کے باوجود سپاہ صحابہ اور طالبانی فکر سے منسلک سوشل میڈیا اکائونٹس سے مسلسل اس تنظیم کو خوش آمدید کہا جا رہاتھا،حد تو یہ کہ داعش کو اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کے پیارے ملائوں نے گرم جوشی سے خوش آمدید کہا اور ابوبکر بغدادی سے مدد طلب کی گئی اس کی ویڈیو ریلیز کی گئی، مگر مجال ہے اس بات کا کسی نے نوٹس لیا ہو کوئی ایجنسی حرکت میں آئی ہو کسی پر ایف آئی آر کاٹی گئی ہو جبکہ اس کے مقابل ہم دیکھتے ہیں کہ سوشل میڈیا بالخصوص فیس بک پر کوئی ناپسندیدہ کام کرنے کی پاداش میں ملک بھر میں بالعموم اور پنجاب میں بالخصوص سینکڑوں پرچے شیعہ نوجوانوں پر کاٹے گئے سخت دفعات لگا کر انہیں جیلوں میں پھینکا گیا۔کل تک پنجابی طالبان کے وجود کا انکار کرنے والی نون لیگ کی پنجاب حکومت داعش کے وجود کی بھی انکاری رہی اور ادھر ملک بھر میں اس تنظیم کی چاکنگ سامنے آ تی رہی اور مقامی انتظامیہ اپنی جان چھڑوانے کیلئے لوکل میڈیا کو اس حوالے سے خبریں بلیک آئوٹ کرنے کی منت سماجت کرتی ،دیواروں پر چونا پھروا دیاجاتااور یہ تاثر دیا جاتا کہ داعش کا وجود نہیں ہے یہ بھی کہا جاتا کہ یہ کسی کے ذاتی جذبات ہو سکتے ہیں مگر دانا کہتے ہیں ریت میں سر چھپانے سے حقیقت کہاں چھپ سکتی ہے حکمران جتنا بھی بات کرنے سے گریزاں رہیں یہ سفاک تنظیم ہوا میں تحلیل نہیں ہو سکتی تھی،سیانے کہتے ہیں کہ قالین کے نیچے گرد چھپانے سے حقیقت کو چھپایا نہیں جا سکتا مسئلہ جوں کا توں رہتا ہے جو بہرحال سامنے آجاتا ہے۔اب جماعت الاحرار جو طالبان سے جدا ہوئی اور پہلے پہل جماعت الاحرار ہند کے نام سے سامنے آئی بعد ازاں اس کے کمانڈرز نے داعش کا پرچم تھام لیا اورپاکستان میں کاروائیاں تسلیم کرنے لگے اب لاہور میں ہونے والے دھماکے کو تسلیم کر کے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی ہے ۔
یہ بات بہت ہی عجیب ہے کہ دہشت گردوں کی اندرونی خبریں عالمی میڈیا ہی نشر کرنے میں سبقت رکھتا ہے،ہمارے ملک کے وہ ایریاز جہاں ہمارے صحافی جانء میں دشواری محسوس کرتے ہیں وہاں کی خبریں بھی عالمی میڈیا کے ذریعے ہی سامنے آتی ہیں،اس حوالے سے ہمیں یاد ہے کہ عالمی میڈیا نے ہی سب سے پہلے یہ خبردی کہ داعش کرم ایجنسی اور ہنگو کے ایریاز میں بھرتی کر رہی ہے اور اس نے بڑی تعداد میں تربیت یافتہ لوگ بھرتی کر لیئے ہیں،اس دوران تحریک طالبان سے وابستہ اہم ترین کمانڈرز نے بھی ملاں عمر سے الگ ہونے اور ابوبکر بغدادی کی بیعت کرنے کا اعلان کیا ایک ویڈیو پیغام میں ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان شاہد اللہ شاہد، خالد خراسانی اور حافظ سعید سابق کمانڈر و ترجمان نے طالبان سے الگ اپنا نیا دھڑا داعش کے نام سے بنانے کا اعلان کیاادھر گوانتا نامو بے میں امریکیوں کے پاس کئی سال تک قید رہنے والے ملا عبدالرئوف نے افغانستان میں داعش کا پرچم لہرایا اور ہلمند میں افغان طالبان سے اس کی جھڑپیں بھی ہوئیں،،کئی اہم علاقوں پر داعش نے افغانستان میں قبضہ بھی کیا جبکہ پاکستان میں حافظ سعید جس کا تعلق اورکزئی سے بتایا جاتا ہے کو پاکستان و افغانستان کیلئے امیرکے طور پر سامنے لایا گیا ویڈیو میں کئی اہم افغان کمانڈرز کو بھی دکھایا گیا کہ وہ بیعت کر رہے ہیں شائد اس طرح اپنی طاقت و قوت کا اظہار کرنا تھا ۔داعش نے افغانستان کے شمالی صوبے ننگرہار اور ہلمند میں اپنی قوت کو مضبوط کیا ۔[حافظ سعید کے بارے بعد ازاں خبر آئی کہ اسے افغانستان میں ننگر ہار کے یریا میں ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا ہے] یہ خبر بھی میڈیا میں گردش کرتی رہی ہے کہ افغانستان و پاکستان کیلئے داعش نے ابو محمد العدنی کو کمانڈر مقرر کیا ہے،اس سے بھی قبل پاکستان میں داعش کے سربراہ کے حوالے سے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے خبر دی تھی کہ یوسف السلفی پاکستان میں اس کا سربراہ ہے جو یہاں بھرتیا ں کر رہا ہے،بعد ازاں لاہور کے نواحی ایریا سے یوسف السلفی کو دو دیگر ساتھیوںسمیت گرفتا ر بھی کر لیا گیا تھا معلوم نہیں اس کا کیا بنا سے کہاں رکھا گیا ہے،سانحہ صفورا میں پکڑے جانے والے دہشت گرد عبداللہ منصوری کا تفتیشی افسران کویہ کہنا تھا کہ عبداللہ یوسف عرف ثاقب داعش کا سربراہ ہے جو شام سے پاکستان نیٹ ورک چلانے کیلئے آیا وہ لوگ ان کے ساتھ رابطے میں تھے جبکہ یہ خبر بھی آئی کہ کائونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق زبیر الکویتی نامی بندہ اپنے سات دیگر ساتھیوں سمیت افغانستان کے راستے پاکستان آئے ہیں ان میں ایک انڈین سعید الاسلام بھی ہے جو داعش کے مالیات کو دیکھتا ہے،ان لوگوں نے کالعدم لشکر جھنگوی،اہل سنت والجماعت،طالبان ،جماعت الاحرار اور دیگر دہشت گرد گروہوں سے روابط کر کے تنظیم کو مضبوط کرنے اور سفاکانہ کاروائیاں کرنے کا منصوبہ بنایاہے۔یہ خبر بھی ریکارڈ پر موجود ہے کہ ہندوستان کے کرناٹک ایریا سے بنگلور سے تعلق رکھنے والا ایک آدمی 2014میں گرفتار کیا گیا تھا ،یہ شخص داعش کا ٹویٹر اکائونٹ چلا تا تھا اور اہم خبریں انگریزی میں نشر کرتا تھا،اس لحاظ سے یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ اس خطے میں اس منحوس ،سفاک و دہشت پسند گروہ کا وجود بہت پہلے سے ہی تھا،یہ الگ بات کہ ہمارے حکمران اب بھی اس کا انکار ہی کرتے نظر آئے اب جس ویب سائٹ سے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے اس کا آئی پی ایڈریس بھی ہندوستان سے بتایا جا رہا ہے،جس کا واضح طور یہی مطلب لیا جا رہا ہے کہ اس دہشت گرد گروہ کے پس پشت ہندوستان ہے جو افغانستان میں کافی موثر ہے اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس چلانے کیلئے اس کی خفیہ ایجنسی وہاں ڈیرہ لگا چکی ہے۔
حکومت کی سنجیدگی؛
اس میں کسی کو شک و شبہ نہیں ہے کہ انڈیا پاکستان کا ازلی دشمن ہے ،کسی بھی دشمن سے دشمنی کی ہی توقع رکھی جاتی ہے مگر جو لوگ پاکستان کے دوست ہونے کے دعویدار ہیں ان سے دشمن کے ساتھ کھڑے ہونے کی خبر ہلا کے رکھ دیتی ہے،عرب ممالک،سعودیہ،قطر،متحدہ عرب امارات سے جسطرح ان پاکستان دشمن قوتوں کی مدد کی جا رہی ہے اور ان کے ویزوں سے لیکر فنڈز کا لامتناہی سلسلہ نظر آتا ہے اس پہ ہمارے حکمران اور ذمہ دار ادارے خاموشی اختیار کیئے ہوئے ہیںہمارے خیال میں اگر نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیاجاتا اور ان کی فنڈنگ روک لی جاتی،مدارس کے نام پر دہشت گردی کے ہزاروں مراکز کو کنٹرول کیا جاتا تو آج نوبت یہان تک نہ آتی مگر ہم کیا کریں ان عرب بدوئوں کے سامنے ہمارے حکمرانوں کی حالت ایسے ہی ہے جیسے ہم ان کے غلام اور خریدے گئے ہیں،اگر حکمرانوں نے اب یہ ٹھان لی ہے کہ اس شر اور فساد کا خاتمہ کرنا ہے تو ہر صورت میں مدارس کے نام پر ،تحفظ حرمین کے عنوان سے ریالوں اور پیٹرو ڈالرز کی جھنکار کو روکنا ہو گا،اس بات کو سیکیورٹی ادارے بڑی اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان دہشت گردوں کو پاکستان کے کن مدار س سے آپریٹ کیا جاتا ہے اور کون کون غیرملکی فنڈنگ کے تحت اس ملک کو غیر مستحکم کر رہا ہے،افسوس کہ یہاں بے گناہوں کو تو بہت ہی معمولی باتوں پر غائب کر لیا جاتا ہے جبکہ دہشت گرد کھلے عام گھوم رہے ہیں ان کے سہولت کار بھی سب کے سامنے پھر رہے ہیں ،اب جب پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں رینجر کو محدود اختیارات کے تحت دہشت گردی کے خلاف میدان میں لایا جا چکا ہے تو ان کی کاروائیوں کے زاویوں سے حکمرانوں کا خلوص جانچا جا سکے گا جس حکومت کے وزرا دہشت گرد و کالعدم گروہوں کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتے ہیں اور شروع سے ان پہ انگلیاں اٹھائی جاتی رہی ہیں آیا ان گروہوں اور ان کے اصلی سہولت کاروں کے خلاف بھی کوئی اقدام سامنے آئے گا ،ایک ملک کا وزیر دفاع ایک عالمی کانفرنس مین جب یہ تسلیمکرتا ہے کہ حافظ سعید کو ایک ایسے قانون کے تحت گرفتار کیا گیا ہے جو شر و فساد پھیلانے والوں کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے تو ایسے شریروں کے خلاف مستقل بنیادوں پر کیوں قانون حرکت میں نہیں آتا،ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر نام بدل کے کام کرنے والے کالعدم گروہ جن سے پنجاب حکومت کے وزرا کے قریبی تعلقات ہیں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے تو یہ کہا جا سکے گا کہ حکمران دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیںاور اگر معروف کالعدم گروہ جو تمام دہشت گردوں کو پنیری فراہم کرنے کا کام کرر ہا ہے پر کوئی کاروائی نہیں ہوتی تو پھر اس آپریشن رد الفساد پر بھی اس کے شروع ہونے سے پہلے ہی نیشنل ایکشن پلان کی طرح فاتحہ پڑھ لیں،آپریشن رد الفساد کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب قومی سطح پر فوجی عدالتوں کے قیام میں تاخیر کی جا رہی ہے اور بہت سے دہشت گردوں کو سزا ینے کا عمل رکاہوا ہے ،اب یہ سزا شائد پولیس مقابلوں کی شکل میں دی جا رہی ہے، ،آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا؟
وحدت نیوز(آرٹیکل) جو لوگ وسطی اور جنوبی ایشیا کی نفسیات جاننے والے عصرِ حاضر کے مغربی لکھاریوں سے واقف ہیں وہ برطانوی مورخ ولیم ڈال رمپل سے بھی واقف ہوں گے۔گذشتہ ہفتے سیہون میں قلندر کے مزار پر خود کش حملے کے بعد اخبار گارڈین میں ان کا ایک مضمون چھپا۔ایک جگہ لکھتے ہیں،
’’چند برس پہلے جب میں سیہون گیا تو قلندر کے مزار سے زرا فاصلے پر ایک حویلی میں قائم مدرسے کے نوجوان مہتمم سلیم اللہ سے ملاقات ہوئی۔سلیم اللہ ایک پڑھا لکھا آدمی ہے۔اس نے بلا لاگ و لپیٹ شریعت و تصوف پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔بقول سلیم اللہ ہم مزار پرستی کے مخالف ہیں۔قرآنی تعلیمات اس بابت بالکل واضح ہیں کہ مردے کچھ نہیں دے سکتے بھلے وہ ولی ہی کیوں نہ ہوں۔قبر پرستی اور بت پرستی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔میری بات لکھ لو کہ طالبان کی مزید شدت پسند شکل پاکستان میں آ رہی ہے۔خلافت قائم ہونے کے بعد یہ ہمارا فرض بن جائے گا کہ تمام درگاہیں اور مزارات ڈھا دیں۔اور اس کا آغاز یہاں سیہون سے ہوگا۔
ولیم ڈال رمپل لکھتے ہیں کہ سلیم اللہ کا تعلق جس مذہبی طبقے سے ہے اس کے پانچ ہزار مدارس ملک کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے ہیں اور مزید ڈیڑھ ہزار مدرسے صرف سندھ میں کھولے جا رہے ہیں۔ہارورڈ یونیورسٹی اور عالمی بینک کے ایک حالیہ تحقیقی مطالعے کے مطابق اس وقت پاکستان میں معلوم مدارس کی تعداد آٹھ ہزار کے لگ بھگ ہے اور یہ تعداد انیس سو سینتالیس کے مقابلے میں ستائیس گنا ہے۔
مسلمانوں کی تاریخ میں بنیاد پرستوں اور تصوف کے ماننے والوں کے مابین کھینچا تانی ہمیشہ سے ہے۔مگر چند عشرے قبل تک اس کش مکش میں الفاظ و دلائل کے ہتھیار استعمال کیے جاتے تھے۔تصوف اور اس کے مراکز اور صوفیوں کی درگاہوں یا مزارات کو ایک خاص نظریے کے تحت نشانہ بنانا یا انھیں منہدم کردینے کا عمل بھی دو سو برس سے زیادہ پرانا نہیں اور یہ طرح جزیرہ نما عرب میں اٹھارویں صدی کے مبلغ عبدالوہاب اور ان کے پیرو کاروں نے ڈالی مگر انہدام یا پابندی کا عمل زیادہ تر جزیرہ نما عرب تک ہی محدود رہا۔
برِ صغیر میں انیسویں صدی کے وسط میں جنم لینے والے دیوبندی اور پھر بریلوی مکاتیب فکر کے مابین بدعت و شرک کی تشریحات کے مسائل پر مناظروں کی حد تک تو مچیٹا چلتا رہا مگر ابھی اس اختلاف نے جان لیوا انتہا پسندی کی شکل اختیار نہیں کی تھی۔گولی نے دلیل کی جگہ نہ لی تھی۔حتیٰ کہ افغانستان پر سوویت قبضے کے بعد اگلے دس پندرہ برس میں سعودی حمایت یافتہ افغان مجاہدین کے عروجی دور میں بھی درگاہوں اور مزاروں کو ہاتھ نہیں لگایا گیا۔خود طالبان کے چھ سالہ دورِ اقتدار میں کابل میوزیم میں موجود دورِ کفر کی نشانیوں کی توڑ پھوڑ اور بامیان صوبے میں گوتم بدھ کے دو دیوہیکل سنگی مجسموں کو ڈائنامائٹ سے اڑانے کے سوا صوفی مراکز یا مزارات پر حملوں کا کوئی بڑا واقعہ دیکھنے کو نہیں ملتا۔
مگر پاکستان کے قبائلی علاقوں میں جب مقامی طالبان نے زور پکڑا اور اس سے پہلے افغان سوویت جنگ کے زمانے میں بالحضوص خیبر پختون خواہ اور بلوچستان کے ان مدارس سے جو دیوبند کی علمی روایت سے غیر مطمئن ہو کر تکفیری نظرئیے کے تحت پروان چڑھے۔
ان مدارس سے فارغ التحصیل یا ان مدارس کے اساتذہ سے متاثر ہونے والے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا نے نہ صرف شدت پسند تنظیمیں تشکیل دیں بلکہ گولی کو دلیل سے بدلنے کی کوشش کی اور اس کے جواز کے لیے نظریاتی لٹریچر کی تیاری اور اشاعت کا کام شروع کیا۔بجائے اس کے کہ ریاست یا مختلف مکاتیبِ فکر کے با اثر علما معاشرے کو جوڑنے کے بجائے منتشر کرنے کی ان کوششوں اور رجحانات کو پھیلنے سے روکنے کی بروقت فکری کوشش کرتے۔الٹا انھوں نے یا تو خاموشی میں عافیت جانی یا پھر خود بھی نئی ہوا کے ساتھ چل پڑے۔
چنانچہ نائن الیون کے بعد پاکستان میں ریڈیکلائزیشن کا عمل جتنا تیز ہوا اور اس کے توڑ کی کوششیں جتنی فرسودہ اور سست ہوتی گئیں اس کے نتیجے میں زندہ مخالفین کے ساتھ ساتھ قبروں کے مکین بھی لپیٹ میں آتے چلے گئے۔پہلے تحریکِ طالبان پاکستان اور القاعدہ کے ہم خیال نوجوانوں نے یہ کام شروع کیا۔ اور اب متشدد انداز میں نظریے کو حلق سے اتارنے والی جدید مشین داعش اور اس کی حلیف مقامی تنظیموں کی شکل میں متحرک ہو چکی ہے۔
پچھلے بارہ سال میں جتنے مزاروں اور درگاہوں کو نشانہ بنایا گیا ان کی تعداد گذشتہ آٹھ سو برس کی برصغیری تاریخ میں نشانہ بننے والی درگاہوںسے بھی زیادہ ہے۔اگر بڑی درگاہوں پر ہونے والے موٹے موٹے حملے ہی گننے بیٹھیں تو بلوچستان میں جھل مگسی کے علاقے میں پیر رکھئل شاہ کی درگاہ کو انیس مارچ دو ہزار پانچ کو نشانہ بنایا گیا۔اس خود کش حملے میں لگ بھگ پچاس افراد ہلاک ہوئے۔
ستائیس مئی دو ہزار سات کو اسلام آباد میں بری امام کے مزار پر خود کش حملے میں اٹھائیس جانیں گئیں۔گیارہ اپریل دو ہزار چھ کو نشتر پارک میں عید میلاد النبیؐ کے اجتماع پر حملے میں سنی تحریک اور جماعت اہلِ سنت کی تنظیمی قیادت صاف ہو گئی۔ لگ بھگ تریسٹھ ہلاکتیں ہوئیں۔( واضح رہے کہ اس وقت تک لال مسجد اسلام آباد آپریشن نہیں ہوا تھا جسے شدت پسندی میں پھیلاؤ کا کلیدی محرک بتایا جاتا ہے )۔
اٹھائیس دسمبر دو ہزار سات کو پشاور کے مضافات میں عبدالشکور ملنگ بابا کا مزار اڑا دیا گیا ، تین مارچ دو ہزار آٹھ کو گاؤں شیخاں میں ابو سعید بابا کے چار سو برس پرانے مزار پر خود کش حملے میں دس افراد ہلاک ہوئے۔پانچ مارچ دو ہزار نو کو پشتو ادب کے دماغ رحمان بابا کے مزار کو اڑا دیا گیا۔اسی مہینے میں نوشہرہ میں بہادر بابا اور اپریل دو ہزار نو میں بونیر میں پیر بابا کے مزار پر حملہ ہوا۔یکم جولائی دو ہزار دس کو لاہور میں داتا دربار پر بم حملے میں پینتیس زائرین ہلاک اور پونے دو سو زخمی ہوئے۔
سات اکتوبر دو ہزار دس کو کراچی میں عبداللہ شاہ غازی مزار پر حملے میں آٹھ ہلاکتیں اور ساٹھ زخمی ہوئے۔اکتیس دسمبر دو ہزار پندرہ کو شکار پور میں امام بارگاہ پر خودکش حملے میں ساٹھ سے زائد ہلاکتیں ہوئیں۔بارہ نومبر دو ہزار سولہ کو خضدار میں شاہ نورانی کی درگاہ پر خود کش حملے میں تریسٹھ افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوئے اور اب سیہون کی درگاہ پر حملہ۔اس پورے عرصے میں محرم اور دیگر بیسیوں مذہبی جلوسوں اور اجتماعات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
مطلب یہ ہوا کہ اب گفتگو کا دور ختم ہوا۔بات گالی سے شروع اور گولی پر ختم ہوگی۔اب دلیل میں نہیں بم میں دم ہونا چاہیے۔اگر تو مزارات اور درگاہوں کا معاملہ کفر اور اسلام اور مشرک و مومن کا ہے تو پھر تو اتنی درگاہوں پر حملوں کے بعد وہاں جانے والے بیشتر زائرین کو عقل آجانی چاہیے تھی۔ مگر میں نے جن جن درگاہوں کا زکر کیا وہاں تو آج بھی زندگی پوری شد و مد سے جاری و ساری ہے۔ان درگاہوں اور مزاروں میں مدفون ہستیوں کے عمل میں کوئی تو ایسی بات ہوگی کہ لوگ اب بھی کھچے چلے جا رہے ہیں ، نعرے لگا رہے ہیں ، رقص کر رہے ہیں ، لنگر بانٹ رہے ہیں ، کھا رہے ہیں ، نقد نذرانے دے رہے ہیں ، قوالی پر حال کھیل رہے ہیں وغیرہ وغیرہ۔
میں ذاتی طور پر مزار پرست نہیں مگر کسی کو اگر کسی مزار پر جا کے آنند مل رہا ہے تو مجھے کیا ؟ کسی کا کوئی دکھڑا سننے والا نہیں اور وہ قبر کو اپنا دکھڑا سنا کے ہلکا ہو رہا ہے تو برا کیا ہے ؟ آخر مہنگے مہنگے ماہرینِ نفسیات کے پاس بھی تو لوگ دکھڑا سنانے ہی جاتے ہیں۔اگر میں کسی کو کھانا نہیں کھلا پارہا اور ہزاروں بھوکوں کا ان درگاہوں پر صبح شام پیٹ بھر رہا ہے تو میں کیوں جلوں ؟ اگر کوئی دھمال ڈال کر چند لمحے کے لیے اس دنیا سے کسی اور دنیا میں جانا چاہتا ہے تو میں کون ہوں اس کے قدم روکنے والا؟ جس کے صحن میں دیوانہ ناچ رہا ہے اسی کو برا نہیں لگ رہا تو میں اتنا برا کیوں مانوں گویا میرے صحن میں ناچ رہا ہو۔یہ ہستیاں جنھیں اس دنیا سے رخصت ہوئے سیکڑوں برس ہو گئے اگر آج بھی دکھ کی ماری خلقت کسی زندہ پرہیزگار عالمِ دین سے زیادہ ان قبر میں لیٹے ہوؤوں کو اپنے دکھ کا مداوا سمجھ رہی ہے تو زرا سوچئیے کہ اس خلقت کا دکھ کتنا بڑا ہے ؟
یہ ہستیاں اپنے لاکھوں کروڑوں چاہنے والوں کے لیے شائد اس لیے آج زندہ ہیں کہ انھوں نے اپنی زندگی میں کسی عقیدے سے نفرت نہیں کی ، کسی کے فنڈز سے کلاشنکوف خرید کر کسی کے سر پے رکھ کے اسے مسلمان نہیں کیا۔ان کے دستر خوان پر جو بھی آ جائے آجائے ، جو بھی دعا کے لیے ہاتھ اٹھانے کو کہے کہے ، مسلمان ہوگیا تو سو بسم اللہ نہ بھی ہوا تو مخلوقِ خدا تو ہے اور اسی سبب احترام ِ انسانیت کا حقدار بھی۔
تعجب ہے جب لشکرِ اسلام حجاز سے نکلا اور اسپین تا ہندوستان و وسطِ ایشیا تک پھیل گیا تو کسی فاتح صحابی یا سپاہ سالار کا خیال اس جانب کیوں نہ گیا کہ راہ میں آنے والی کسی غیرِ اسلام عبادت گاہ ، مجسمے یا مزار کو نہیں بچنا چاہیے۔اگر واقعی یہ رواج شرعاً جائز ہوتا تو آج طالبان کو بدھا کا مجسمہ اڑانے کے لیے کہاں نصیب ہوتا ؟ یا داعش اور اس کے علاقائی اتحادیوں کو کوئی بھی مزار یا درگاہ تباہ کرنے کے لیے کہاں سے ملتے ؟ تو کیا اسلاف کا ایمان آج کے مسلمانوں کے ایمان سے کم تھا ؟
تحریر۔۔۔۔وسعت اللہ خان
وحدت نیوز (آرٹیکل) ابتداء کائنات سے ہی انسانی کمال و ترقی کے نام سے بہت ساری تحریکوں نے جنم لیا ۔ عروج و زوال دیکھا ۔ وہ تحریکیں کہ جن کی بنیاد و اساس کمزور تھی دنیا کے سینے سے مٹتی چلیں گئیں ۔ ۔۔ حتی ان کے اثرات تک باقی نہ رہے۔ مگر جیسے ہی دنیا میں کوئی بھی تحریک یا تنظیم سر اٹھاتی ہے ، اس کے ظہور کے ساتھ ہی چند بنیادی سوالات ذہن انسانی میں جنم لیتے ہیں ۔۔۔۔ اس کے بنیادی مقاصد کیا ہیں ۔۔۔۔؟؟اس کے پیچھے کیا عوامل ، اسباب و محرکات کار فرما ہیں ۔۔۔؟؟یہ اپنے دعووں میں کس حد تک صادق ہے ۔۔۔۔ ؟؟آج ہر طرف داعش داعش کا شور سنائی دے رہا ہے ۔۔۔"داعش " آج سے چند سال قبل دنیا کے نقشے پر ابھرنے والی ایک تنظیم ۔۔۔ اس کا نام و شور سنتے ہی میرے ذہن میں بھی بعینہ انہیں سوالات نے جنم لیا ۔۔۔۔ اس کے بنیادی مقاصد کیا ہیں۔۔۔؟؟اس کا شعار کیا ہے ۔۔۔؟؟آیا یہ خود ذاتاً ایک مستقل نظریاتی تنظیم ہے ؟؟۔۔۔یاپھر یہ کسی اور تحریک و تنظیم کے مقاصد کو پایہ تکمیل تک پہچانا چاہتی ہے ۔۔۔۔۔ ؟؟آیا اس کے ظاہر و باطن میں تفاوت پایا جاتا ہے ۔۔۔۔۔؟؟
چند روز کی ورق گردانی و دانشمندان کے خیالات کی روشنی میں بالاخر میں اس نتیجے پر پہنچا کہ "داعش " نامی تنظیم بذات خود کوئی مستقل نظریاتی تحریک نہیں ۔۔۔۔۔ خود اس تنظیم کے دعوے کے مطابق یہ آج سے تقریباً 14 صدیاں پہلے جنم لینے والی تحریک کے علمبردار ہیں۔۔۔ اور ظاہری طور پر ان کا نعرہ اسی تحریک کے مقاصد کو دنیا کے کونے کونے تک پہچانا ہے ۔۔۔۔وہ تحریک کہ جسے دنیا آج اسلام کے نام سے جانتی ہے ۔۔۔۔ ان کے ادّعا کے مطابق یہ اسی اسلام کے علمبردار ہیں کہ جس کے محبت بھرے و نرم و نازک پودے کو خود رسول خدا (ص) نےکے کاشت کیا ۔۔۔۔۔۔ مگر یہ کیا ۔۔۔۔۔؟؟ ان کی تاریخ تو بلکل ان کے ادّعا و دعوے کی تصدیق نہیں کرتی ۔۔۔۔۔ اور چیخ چیخ کر بتا رہی ہے کہ یہ لوگ اپنے دعوے میں جھوٹے ہیں ۔۔۔۔ہاں جی ۔۔۔ بلکل ایسا ہی ہے ۔۔۔۔۔ میں خود بھی تحریک محمدیہ (ص) کا ہی فرد ہونے کی بناء پر رسول خدا(ص) کی مہربان و شفیق تحریک سے قدرےآشنا ہوں ۔۔۔۔لہذا اس بناء پر پورے وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ ان کا اسلام محمدیہ (ص) سے دور دور تک کوئی تعلق و واسطہ نہیں ہے ۔۔۔ہاں ۔۔۔۔انہوں نے ظاہری طور پر اسلام کا دم ضرور بھرا ہے ۔۔۔اگر تاریخ کا دقت سے مطالع کیا جائے تو اس نتیجے پر پہنچیں گے کہ یہ گروہ اسلام کے داخلی دشمنوں کے تسلسل کا ایک واضح نمونہ ہے ۔۔۔ کیونکہ ابتداء اسلام سے ہی جب دشمن نے یہ محسوس کیا کہ وہ کبھی بھی سامنے سے آکر اس تحریک کو نقصان نہیں پہنچا سکتا ۔۔۔۔۔لہذا چال بدلی ۔۔۔۔اور آگئے اسلام کا علم لےکر ۔۔۔۔یہی سبب ہے کہ ہمیشہ سے اسلام کو بیرونی دشمن سے زیادہ داخلی دشمن نے نقصان پہنچایا۔۔۔۔اور ہمیشہ سے ہی اس دشمن کا ہم و غم نابودی اسلام رہا ہے ۔۔۔۔۔یہ چند افراد نہیں بلکہ ایک منظّم فکر ہے کہ جو مختلف خطّوں میں ، مختلف افراد و گروہوں کی صورت میں مسلسل اسلام پر ضربیں لگارہی ہے ۔۔۔۔اگرچہ اس فکر کی ابتداء اوائل اسلام سے ہی ہو گئی تھی ۔۔۔۔ مگر بعض کے نزدیک اس فکر کا بیج خوارج [1]نے بویا ۔۔۔اور یہی وہ پہلا گروہ ہے کہ جس نے عالم اسلام کو ایک بہت بڑے فتنے سے دوچار کیا ۔۔۔۔ان کے نزدیک ہر وہ شخص کہ جو ان کے نظریات کو قبول کرے وہ مسلمان ۔۔۔۔باقی سب کافر ہیں چاہے وہ خلیفۃالرسول (ص) ہی کیوں نہ ہو ۔۔۔۔۔مقام فکر تو یہ ہے کہ اس گروہ کے نظریات و اعمال خود بانی اسلام حضرت محمد (ص) کے نظریات کے بلکل برعکس تھے۔۔ رسول خدا(ص) نے دنیا کو امن و اشتی کا درس دیا جبکہ انہوں نے وحشت گری ، قتل و غارت و نفرت کا پیغام دنیا تک پہنچایا ۔۔۔اور بات صرف یہاں تک ہی نہ رہی ۔۔۔۔۔بلکہ نوبت یہاں تک پہنچی کہ اس فکرا ور گروہ کے افراد خود رسول گرامی (ص) کی توہین سے باز نہ آئے ۔۔۔جیسا کہ حاکم نیشاپوری کی روایت کے مطابق وہ پہلا شخص کہ جس نے تبّرک ، توسل و زیارت پیغمبر(ص) کو حرام قرار دیا اور قبر رسول خدا (ص) کو پتھر سے تعبیر کیا وہ مروان بن حکم اموی ہے [2]۔۔۔اسی طرح حجاج بن یوسف کا شمار بھی انھیں افراد میں ہوتا ہے۔۔۔ مبرد سے روایت ہے کہ حجاج کوفہ میں خطبہ دیتے ہوئے یوں کہتا ہے ۔۔۔" افسوس ہے ان لوگوں پر کہ جو بوسیدہ ہڈیوں کا طواف کرتے ہیں ۔۔انہیں کیا ہو گیا ہے ۔۔۔ یہ امیر کے قصر کا طواف کیوں نہیں کرتے ۔۔۔ کیا نہیں جانتے کہ کسی بھی شخص کا خلیفہ اس کے سے افضل ہوتا ہے [3] "۔ جبکہ دوسری طرف علماء اسلام و بالخصوص علماء اہل سنت نے اس فکر کی بھرپور مذمت کی اور شدید الفاظ میں اس گروہ کی مذمت کی ۔۔۔۔جیسا کہ بزرگ عالم اہل سنت ذہبی (748 ھ) حجاج کے بارے یوں کہتے ہیں " وہ ظالم ، جبار ، ناصبی ، خبیث ، و سفّاک تھا ۔ ہم اس پر سب و شتم کرتے ہیں اور اس کو نہیں مانتے "[4]۔ اسی طرح مروان کو بھی کچھ انہیں الفاظ سے ہی یاد کیا ہے [5]۔یہی وہ فکر باطلہ تھی کہ جوچلتی چلتی مسلیمہ کذاب جیسے اشخاص سے ہوتی ہوئی ۔۔۔آٹھویں صدی ہجری میں ابن تیمیہ و اس کے پیروکاروں تک پہنچی ۔۔۔یاد رہے کہ ابن تیمیہ وہی شخص ہے کہ جس نے اپنے قلم و عمل سے دنیا اسلام میں عظیم فتنوں کو جنم دیا ۔۔۔فکر مروان کی طرح اس نے بھی توسل و شفاعت سے نہ صرف انکار کیا بلکہ ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ توسل و شفاعت طلب کرنیوالا کافر ہے[6] ۔۔۔ جبکہ ارشاد خداوندی ہوتاہے کہ " اے رسول (ص) وہ لوگ کہ جنہوں نے اپنے نفسوں پر ظلم کیا اگر تیرے پاس آجائیں اور اللہ سے مغفرت طلب کریں اور اے رسول (ص)تم بھی ان کے لیے مغفرت طلب کرو (یعنی تمہیں وسیلہ قرار دیں ) تو بے شک وہ اللہ کو توبہ قبول کرنیوالا اور رحیم پائیں گے "[7]۔ اسی طر ح امام اہل سنت محمد بن اسماعیل البخاری نے رسول خدا(ص) کےلیے شفاعت مطلقہ کا نظریہ اختیار کیا ہے [8]۔۔۔ابن تیمیہ اور اس کے پیروکاروں کا فتنہ اسقدر بڑھ گیا کہ ایک دفعہ پھر علماء کو ان کے فتنہ گر نظریات کے رد میں اپنے قلم کو حرکت میں لانا پڑا ۔۔۔اور ایک بار پھر علماء اہل سنت ان کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے۔۔۔ جیسا کہ بزرگ عالم دین تقی الدین سبکی کی ایک کتاب کا نام ہی " الدرۃ المضیۃ فی الرد علی ابن تیمیہ "ہے[9] ۔اسی طرح حصنی دمشقی ، ابن حجر ہیثمی ، ابن حجر عسقلانی ، ابن شاکر ، ملاقاری حنفی و شیخ محمود کوثری مصری کا شمار انہیں علماء میں ہوتا ہے کہ جنہوں نے اپنے قلم سے ان کے نظریات کو رد کیا ۔۔۔۔۔ علماء کا مسلسل مخالفت کرنا سبب بنا کہ یہ اس فکر باطلہ میں ٹھہراو تو آیا ۔۔۔۔مگر جڑ سے ختم نہ ہو سکی ۔۔۔۔۔ ایک بار پھر انہیں نظریات نے سکوت توڑا اور قفس سے ایسے باہر آئے کہ دنیا کو تباہی کے کنارے پر لا کھٹرا کیا ۔۔۔۔اب کی بار تقریباً 12ویں صدی ہجری میں عبدالوہاب نامی شخص نے نہ صرف یہ کہ ان افکار کو دوربارہ زندہ کیا بلکہ انہیں عملی جامہ بھی پہنایا۔۔۔ اس کے اصول قرآن کے اصولوں کے صریحاً مخالف تھے ۔۔۔
1۔ قرآن کہتا ہے کہ" جو شخص بھی شعائر خدا کا احترام کرے یہ اس کے دل کے تقوا کی علامت ہے"[10] ۔۔۔ جبکہ عبدالوہاب توہین شعائر اللہ سے خوش ہوتاہے ۔۔۔انبیاء و اولیاء کے مزارات کی توہین ۔۔۔ ان کو زمین بوس کرنا اس کا پسندیدہ شغل تھا ۔
2۔ اصول قرآن یہ ہے کہ " جس نے بلاوجہ ایک شخص کو قتل کیا گویا اس نے سارے انسانوں کو قتل کیا اور جس نے کسی ایک کی جان بچائی گویا اس نے تمام انسانوں کو زندگی عطاکی "[11]۔ ۔۔۔۔۔جبکہ تاریخ گواہ ہے کہ عبدالوہاب نے آل سعود کے زیر سایہ قتل و غارت کا وہ بازار گرم کیا کہ جسے سوچ کر روح انسانی کانپ اٹھتی ہے ۔
3۔ ارشاد خداوندی ہوتا ہے کہ " بے شک خود اللہ اور اسکے فرشتے رسول خدا(ص) پر درود پڑھتے ہیں۔۔ اے ایمان والوں تم بھی رسول خدا(ص) کی ذات گرامی پر دورد و سلام بھیجو "[12] ۔۔۔۔۔۔۔۔جبکہ عبدالوہاب انحرافات کی دلدل میں اسقدر دھنس گیا تھا کہ نہ صرف یہ کہ اس نے قرآنی اصول کی مخالفت کی بلکہ اس بارے میں انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے یوں کہتاہے کہ "کسی فاحشہ عورت کے کوٹھے میں ستار بجانے میں اسقدر گناہ نہیں ہے کہ جس قدر مسجد کے میناروں سے حضور (ص) پر درود پڑھنے کا ہے "[13] ۔نعوذباللہ
4۔ قرآن کہتا ہے کہ " اللہ تک پہنچنے کےلیے وسیلہ تلاش کرو "[14]۔۔۔۔۔۔۔جبکہ عبداوہاب نے نہ صرف یہ کہ توسل و سیلے سے انکار کیا بلکہ اس کو کفر قرار دیتے ہوئے یوں لکھتاہے " اور تم کو معلوم ہو چکا ہے کہ ان لوگوں (مسلمانوں ) کا توحید کو مان لینا ۔۔۔انہیں اسلام میں داخل نہیں کرتا ۔۔۔ان لوگوں کا انبیاءؑ و فرشتوں سے شفاعت طلب کرنا اور ان کی تعظیم سے اللہ کا قرب چاہنا ۔۔۔ہی وہ سبب ہے کہ جس نے ان کے قتل و اموال لوٹنے کو جائز کردیا ہے "[15]۔
5۔ قرآن میں متعدد مقامات پر خداوند نے اپنے محبوب (ص) کی تعظیم و تکریم کا حکم دیا ہے ۔ حتی یہاں تک کہا کہ اپنی آواز بھی رسول خدا(ص) کی آواز سے بلند نہ کرو [16]۔۔۔۔۔۔ جبکہ عبداوہاب کی نحوست اسقدر بڑھ چکی تھی کہ اس کے حلقہ احباب میں توہین رسالت عام بات تھی یہاں تک کہا جاتا کہ ۔۔۔" میری لاٹھی محمد (ص) سے بہتر ہے ۔۔۔کیونکہ یہ سانپ مارنے کے کام آتی ہے اور محمد(ص) فوت ہوچکے ہیں اب ان میں کوئی نفع نہیں ۔۔۔وہ تو محض ایک ایلچی تھے ۔۔۔۔جو دنیا سے جا چکے "[17]۔
یہ اسی کے فکر باطلہ کے نظریات کی چند مثالیں ہیں کہ جن کو عبدالوہاب نے آلسعود کے سائے میں دنیا کے کونے کونے تک پہنچایا ۔۔۔۔کیونکہ ان نظریات کا اسلام محمدیہ(ص) سے کو تعلق نہیں تھا اس لیے علماء نے ان کے خلاف بھرپور قلم اٹھایا ۔۔۔۔ان کے رد میں بڑی بڑی کتب تحریر کیں ۔۔۔ شیخ ابی حامد مرزوق نے اپنی کتاب میں تقریباً 42 ان علماء کی فہرست مہیاکی ہے کہ جنہوں نے ان افکار کے رد میں کتابیں لکھیں ۔۔۔۔کہ جن میں علماء اہل سنت کا کردار نمایا طور پر نظر آتا ہے ۔۔۔۔۔ یہاں تک کہ علامہ ابن عابدین شامی متوفی (1251 ھ) نے کہا کہ " محمد بن عبدالوہاب کی مثال خوارج جیسی ہے کہ جنہوں نے حضرت علی ؑ کے خلاف خروج کیا ۔۔۔۔یہی چیز سبب بنی کہ عبداوہاب نے عوام اہل سنت و بالخصوص علماء اہل سنت کے قتل کا فتوا جاری کیا "[18]۔ ۔۔۔۔
عبدالوہاب و اس کے پیرکار وں نے مذہب اہل سنت کی اسقدر مخالفت و توہین کی کہ ۔۔۔۔محمد بن سعود علی الاعلان کہا کرتا تھا کہ " آئمہ اربعہ (امام شافعی ؒ ۔۔امام مالکؒ ۔۔ امام احمد ؒ۔۔و امام ابو حنیفہؒ) کے اقوال غیر معتبر ہیں ۔۔۔۔اور جنہوں نے مذاہب اربعہ میں کتابیں لکھیں ہیں وہ خود بھی گمراہ تھے اور دوسروں کو بھی گمراہ کیا "[19] ۔
المختصر عبدالوہاب تو نہ رہا مگر آج بھی اس کے حامیوں نے اس کے افکار کو زند ہ رکھا ہے ۔۔۔۔باتدریج یہی فکر ِخوارج کبھی مروان و حجاج و سلیمہ کذاب کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے ۔۔۔۔تو ۔۔۔۔۔کبھی ابن تیمیہ و عبدالوہاب کی شکل میں ۔۔۔پھر چلتی چلتی کبھی طالبان ، لشکر جھنگوی و سپہ صحابہ کی صورت میں سامنے آتی ہے ۔۔۔۔۔تو۔۔۔۔کبھی بوکو حرام ، النصرہ و داعش کی صورت میں ۔۔۔۔داعش اسی فکر خوارج کے تسلسل کا نام ہے کہ جس نے ہمیشہ سے دنیا میں فتنہ و فساد برپا کیا ۔۔۔بزبان قرآن ۔۔۔اس فکر باطلہ کے حامل اس قدر جہالت و نادانی کا شکار ہیں کہ " جب ان سے کہا جاتا ہے کہ زمین مین فساد نہ پھیلاو ۔۔۔۔تو کہتے ہیں کہ ہم تو اصلاح کر رہے ہیں ۔۔۔۔۔خبردار یہی لوگ مفسد ہیں (مگر فساد میں اس قدر بڑھ چکے ہیں ) کہ اپنے شعور سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں "[20]۔ حضرت علی ؑ سے روایت ہے کہ "جب تم سیاہ پرچموں کو دیکھو (کہ وہ تمہاری طرف بڑھ رہے ہیں ) تو ہرگز ان کی مددکو نہ جاؤ ۔۔۔کیونکہ وہ باطل پر ہوں گے ۔۔۔وہ پرچم ایسی قوم کے پاس ہوگے کہ جن کے دل لوہے کی طرح سخت ہوں گے ۔۔۔۔وہ حکومت کے لالچی ہوں گے ۔۔۔۔جبکہ اپنے وعدوں کو ہرگز وفا نہ کریں گے ۔۔۔۔کنیت کو اپنا نام قرار دیں گے ۔۔۔۔ان کے نام شہروں کے ناموں پر ہوں گے ۔۔۔۔اور یہاں تک کہ ان کا آپس میں اختلاف ہوگا پھر خداوندمتعال حق کو ظاہر کرے گا "[21]۔
توہین شعائر کے عنوان سے مزارات انبیاء و اولیا ء کو اڑانا۔۔۔۔بے گناہ لوگوں کا خون بہانا ۔۔۔۔۔قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنا ۔۔۔۔۔فتنہ و فساد کا برپا کرنا ۔۔۔۔یہ سب اس بات پر واضح دلیل ہیں کہ فکر داعش فکر ۔۔۔۔فکر خوراج و ابن تیمیہ و عبدالوہاب سے ہٹ کر کوئی دوسری فکر نہیں ۔۔۔۔۔لہذا اس فکر کے حامل افراد کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ آج بھی علماء اسلام و بالخصوص علماء اہل سنت زندہ ہیں ۔۔۔۔اور تمہارے ان فتنہ گر نظریات سے بیزاری کا اظہار کرتے ہیں ۔۔۔۔۔اور یاد رکھو کہ ملت پاکستان بیدار ہے ۔۔۔۔۔ملت کا ہر فرد ۔۔۔۔بچہ ، بوڑھا ، جوان ، مرد و عورت۔۔۔۔ سب بیدار ہیں ۔۔۔۔یہ سر زمین پاکستان ہے ۔۔۔۔اور اس پر افواج پاکستان کا سایہ ہے ۔۔۔۔وہ فوج کہ جس کی ہیبت سے دنیا کانپتی ہے ۔۔۔۔۔آج دنیا تمہارے اصلی و ناپاک چہرے سے واقف ہے ۔۔۔۔۔مزارات اولیاء ۔۔۔۔۔ ہمارے بچے سکول جاتے ہیں اور ہمارے کھیل کے میدان آج بھی کھلے ہیں ۔۔۔۔۔۔ہم یہاں ہیں تم کہاں ہو ۔۔۔۔۔۔ ؟؟
تحریر۔۔۔ ساجد علی گوندل
This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.