The Latest
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے پنجاب کی نصابی کتب میں بلوچوں کو غیرمہذب کہنے پر شدید غم و غصے کااظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس واقعہ پر فوری طور پر سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ملی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی ایک گھناونی سازش ہے۔ملک دشمن عناصر وطن عزیز میں صوبائی تعصب کو ہوا دینے کے لیے اپنے آلہ کاروں کو استعمال کر رہے ہیں۔تمام ذمہ داران کے خلاف آئین پاکستان سے انحراف اور غداری کا مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔تحریک پاکستان سے لے کر اب تک بلوچی عوام کے دل میں پاکستان کے جذبات اور مخلصانہ کاوشیں تاریخ کے باب میں سنہرے الفاظ سے رقم ہیں۔بلوچستان نے ملک کو وہ قابل قدر سپوت دیے ہیں جن کی قابلیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیاگیا۔ کچھ نا دیدہ ملک دشمن قوتیں کبھی حقوق کی پامالی کے نام پر اور کبھی احساس محرومی کا رونا رو کر بلوچستان کے عوام کو پاکستان سے متنفر کرنا چاہتی ہیں۔ ان قوتوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ہمیں لسانی و صوبائی حد بندیوں سے آزاد رہتے ہوئے پاکستانی بن کر ملک دشمن عناصر کووحدت و اخوت کے ہتھیار سے شکست دینا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ نصابی کتب میں ایک صوبے کی اس طرح تضحیک ایک ناقابل معافی جرم ہے۔پنجاب حکومت اپنی اس کوتاہی پر بلوچی عوام سے معافی مانگے۔
وحدت نیوز (قصور) مجلس وحدت مسلمین پتوکی ضلع قصورصوبہ پنجاب کے تحت " ایک روزہ ضلعی تربیتی ورکشاپ " منعقد کی گئی جس میں سیکرٹری تربیت پنجاب مولانا ڈاکٹر محمد یونس و مولانا صفدر علی نے شرکت کی اورمجلس وحدت مسلمین (ماضی، حال، مستقبل)اور ولایت فقیہ کے عنوان پر خطاب کیا،ورکشاپ میں ضلعی کابینہ و یونٹس کابینہ سمیت دیگر مومنین نے شرکت۔
وحدت نیوز(گلگت) کسی بھی جماعت کی جانب سے عوامی مفاد میں جو بھی ا قدام اٹھایا جائیگا مجلس وحدت مسلمین بھرپورسپورٹ کرے گی۔پیپلز پارٹی کی جانب سے ناتوڑ رول کے خلاف بل پیش ہونے کی صورت میں بھرپور تائید کی جائیگی ،ناتوڑ رول کے خلاف سب سے پہلے مجلس وحدت مسلمین نے آواز اٹھائی تھی۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے دورحکومت میں جب وفاق اور صوبے میں برسر اقتدار تھے تو اس وقت اس ظالمانہ ناتوڑ رول کا خیال ہی نہیں آیا بلکہ اس کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے چھلمس داس ،برمس داس اور نلتر بالا کے عوامی زمینوں کو مختلف اداروں کے نام نہ صرف الاٹ کیابلکہ چھلمس داس کا بندوبست کرنے کے جرم میں محکمہ سیٹلمنٹ کے ڈپٹی کلکٹر کو معطل بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن جب اقتدار میں ہوتے ہیں تو ان کو عوامی حقوق کا خیال نہیں آتا اور جب اقتدار سے محروم ہوتے ہیں ایک دم اپنے کئے کے خلاف ہی اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ٹیکس عائد کیا گیا تو مسلم لیگ ن کے رہنما سیخ پا تھے اور احتجاج کا کوئی راستہ نہیں چھوڑا ،پیپلز پارٹی کے رہنما جو آج ٹیکس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اپنے دور اقتدار میں ٹیکس کی حمایت میں بیانات دے رہے تھے جبکہ آج مسلم لیگ ن ٹیکس کے دفاع کرنے پر تلی ہوئی ہے۔یہ دونوں جماعتیں اقتدار کے نشے میں صرف پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں عوامی حقوق کے نعرے محض عوام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش ہے حالانکہ عوام ان سیاست کاروں سے زیادہ باشعور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بل کرنے سے زیادہ بات آگے جاچکی ہے چونکہ گلگت بلتستان اسمبلی کے کسی بھی قراردادپر وفاقی حکومت عمل درآمد نہیں کرتی بلکہ ردی کی ٹوکری کی نذر کردی جاتی ہے جس کی تازہ مثال اقتصادی راہداری کے حوالے صوبائی اسمبلی کی قرارداد جس میں احسن اقبال کو جی بی اسمبلی کے اراکین کو اقتصادی راہداری کی جزئیات سے آگاہ کرنا تھاسات مہینے گزرنے کے باوجود اس قرارداد کومکمل نذر اندازکیا گیا۔لہٰذا گلگت بلتستان کے عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف عوامی طاقت کا استعمال ناگزیر ہوچکا ہے،مجلس وحدت مسلمین عوامی زمینوں پر سرکاری قبضے کے خلاف بہت جلدعوامی طاقت کا مظاہر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکمت عملی وضع کرنے کیلئے ابتدائی طور پر سکردو، تھک داس،مقپون داس، برمس، چھلمس داس نومل،مناور، جوتل، دنیور اور نلتر بالاو پائین کے عمائدین و معتبران کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔
وحدت نیوز (ڈیرہ مراد جمالی) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کا اہم اجلاس صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت مرکزی جامع مسجدڈیرہ مراد جمالی میں منعقد ہوا ،اجلاس میں سیاسی صورتحال اور تنظیمی معاملات پر غور و خوص کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف اضلاع کے دورہ جات اور اضلاع کی مشاورت سے بعض ضلعی شوریٰ کے اجلاس طے کئے گئے۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے ملک گیر تنظیمی کنونشن (پیغام وحدت) میں بلوچستان بھر سے تنظیمی رہنما، ضلعی و صوبائی مسؤلین بھر پور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم جمہوری روایات کی حامل انقلابی جماعت ہے، جہاں انٹر پارٹی الیکشن کے زریعے جماعت کے ذمہ داران شفاف جمہوری انداز سے منتخب کئے جاتے ہیں۔
اجلاس میں صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ظفر عباس شمسی نے مرکزی کنونشن اور تنظیمی دورہ جات کی تفصیل پیش کی۔ اجلاس میں صوبائی سیکریٹری تنظیم مولانا برکت علی مطہری، سیکریٹری تعلیم مولا نا تجمل عباس جعفری، سیکریٹری فنانس محمد علی جمالی، سیکریٹری جوانان عبدالوہاب لغاری، و دیگر شریک ہوئے۔
در ایں اثناء ڈیرہ مراد جمالی میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کچھی کینال کی تکمیل سے نصیر آباد ڈویژن میں زرعی انقلاب آئے گا، اور ہزاروں ایکڑ ایراضی آباد ہوگی۔ منصوبے پر حکومتی عدم توجہی کے باعث غیر ضروری تاخیر ہورہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نتہائی اہمیت کے حامل اس منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم شہادت حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہاکے موقعہ پر اپنے ایک پیٖغام میں کہا کہ خاتون جنت سلام اللہ علیہا کی حقیقی معرفت اور طرز زندگی پر عمل امت مسلمہ کو تفرقہ بازی سے نجات دلا سکتا ہے۔ استکبارکے عزائم خاک میں ملانے کے لیے عزم استقامت کااسی گھرانے سے ملتا ہے۔جب تک تعلیمات اہلیبت علیہم السلام کا حقیقی درک اور مفہوم سے آشنائی نہیں ہوتی تب تک امت مسلمہ اسی طرح منتشر اور دست و گریبان رہے گی۔حق فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شناخت حاصل کر کے ذلت و اضطراب کی زندگی سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے مسلم معاشرے کو اسلامی اقدار سے دور کیا جا رہا ہے۔اخلاقی تنزلی پوری قوت سے سر اٹھا رہی ہے۔اسلامی تہذیب و تمدن کو دانستہ فراموش کیا جا رہا ہے ۔جس کا بنیادی سبب اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔معاشرے کی تربیت کے لیے مستورات کو اپنی ذمہ داریاں اورکردار ادا کرنا ہو گا۔جناب سیدہ کی پوری زندگی خواتین کے لیے ہر میدان میں مشعل راہ ہے۔بیٹی، بیوی اور ماں ہر حیثیت سے خاتون جنت ؑ کے طرز عمل سے رہنمائی لی جائے۔اگر ماں فاطمہ زہراؑ ہوں تو بیٹے حسن ؑ و حسینؑ ہوتے ہیں۔یزید جیسے جابر و فاسق حکمران سے حق کی خاطر نبرد آزما ہونے کا درس امام عالی مقام علیہ السلام نے نبی زادی کی آغوش سے حاصل کیا۔ دورحاضر کی یزیدیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مخدومہ کونین حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تعلیمات پر عمل کرنا واجب ہے بصورت دیگر ہم حسینی ہونے کے دعوے دار تو ہو سکتے ہیں لیکن حق دار نہیں۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے سعودی حکومت اور یمنی حوثی قبائل کے درمیان مذاکرات کے آغاز اور جنگ بندی کی سعودی پیشکش پر اپنے درعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت کا یمنی حوثی قبائل کے ساتھ مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھا سعودی شکست کے مترادف ہے،نہتے شہریوں پرایک برس سے زائد عرصے تک بلیسٹک اور ہائڈروجن بمبوں اور میزائلوں کا استعمال کرنے والا سعودیہ عرب گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو چکا ہے، علامہ اسدی نے کہا کہ حرمین شریفین پرحوثیوں کے حملے کو بنیاد بناکراقوام عالم کو گمراہ کرنے والے سعودی حکمرانوں کو اپنے جھوٹ پر معافی مانگنی چاہیئے، سعودی حکمرانوں نے اپنی ذاتی تسکین کی خاطر ہزاروں معصوم بچوں ، خواتین ، بزرگوں اور جوانوں کواندھادھند بمباری کا نشانہ بنایا، اقوام متحدہ کو چاہئے کہ سعودی اتحادی افواج کی یمن پر مسلط جارحیت اور ہزاروں شہریوں کے بے دریغ قتل عام کا نوٹس لے اور عالمی عدالت انصاف میں سعودی حکومت پر جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کیا جائے ۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے وحدت سیکرٹریٹ میں جنرل ورکرر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کودرپیش تمام مسائل کا حل تعلیمات قرآن و اہلبیت ؑ میں مضمر ہے ، انشاء اللہ 27 مارچ کوبھٹ شاہ میں منعقد ہونے والی بیداری امت واستحکام پاکستان کانفرنس 18کروڑ مفلوک الحال عوام کے لیے روشنی کی کرن ثابت ہو گی ، اس روزہزاروں فرزندان توحید سرزمین وطن پر ہونے والی دہشت گردی ، لاقانونیت ، ٹارگٹ کلنگ ، بیرونی مداخلت اور حکومت کی خاموش پالیسوں کے خلاف جدو جہد کا اعلان کریں گے ،اس موقع پر عالم کربلائی ،مولانا نشان حیدر ساجدی علامہ عبداللہ مطہری ،آصف صفوی ،شفقت لنگا ،ناصر حسین اور حیدر زیدی بھی موجود تھے ۔
علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ آج امریکی و سعودی نفوذ کی بدولت سرزمین پا ک بے گناہ انسانوں کے خون سے رنگین ہے ،اور کربلا کا منظر پیش کررہی ہے، یہاں ہر روز بے گناہوں کا خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے۔ اس لیے ہر باضمیر، غیرت مند، شجاع اور وطن سے محبت کرنے والے فرد پر فرض ہے کہ وہ پاک سرزمین کی حفاظت کے میدان عمل میں اترے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوتی دہشتگردی لاقانونیت اور بد امنی امریکی غلامی کا نتیجہ ہے انشاء اللہ پاکستان سے محبت، حق کی شناخت اور طاغوت کی غلامی سے انکار کرنے والے پیروان قرآن و اہلبیت ؑ 27مارچ کو ثابت کر دیں گے کہ اب ملک میں امریکی وسعودی مداخلت کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گااوروطن عزیزکو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کی پاک فوج کی تمام کوششوں کو مکمل سپورٹ کیا جائے گا، ہم ملک دشمن عناصرکی ہیخ کنی کیلئے آپریشن ضرب عضب کی حمایت جاری رکھیں گے۔
وحدت نیوز (نصیرآباد) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل اور شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ کمشنرنصیر آباد ڈویژن احمد عزیز تارڑسے ملاقات کی۔ ملاقات میں سانحہ چھلگری آٹھ محرم خود کش حملے سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا سید ظفر عباس شمسی و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ چار ماہ گذر جانے کے باوجود دھشت گردوں کی عدم گرفتاری ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ وارثان شہداء آج بھی مجرموں کی گرفتاری کے لئے حکمرانوں سے انصاف کی امیدف لئے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نصیر آباد ڈویژن سمیت بلوچستان بھر میں دہشت گردی کے مراکز اور سہولت کار موجود ہیں جن کے خلاف بھرپورآپریشن کی ضرورت ہے۔ بلوچستان اور سندہ میں دھشت گردی کے لئے مستونگ کے دھشت گرد آتے ہیں۔ مستونگ دھشت گردی کا گڑہ بن چکا ہے، پاک فوج مستونگ میں دھشت گردی کے مراکز کے خلاف آپریشن کرے۔
اس موقع پر کمشنر رفیق احمد تارڑ نے کہا کہ دھشت گرد عوام اور ملک کے دشمن ہیں جن کا خاتمہ ضروری ہے۔ ہم دھشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، اور اس سلسلے میں بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے صوبائی حکومت کو باضابطہ طور پر مراسلہ ارسال کیا ہے، جبکہ یادگار شہداء ٹاور کی تعمیر کے سلسلے میں پیش رفت کی جائے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے صوبائی سیکریڑیٹ سولجر بازار میں شہادت دختر رسول ﷺ حضرت سید فاطمہ الزھراء سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے مجلس عزاء منعقد ہوئی ، مجلس عزاء سے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکریڑی تربیت علامہ احمد اقبال رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاتون جنت حضرت زہراء سلام ا للہ علیہا کی سیرت و کردار تمام عالم اسلام کے کیلئے مشعل راہ ہے جناب سیدہ زہراء سلام علیہا نے سخت و کٹھن وقت میں ولایت علیؑ و دین کی ترویج کے فرائج انجام دی دئیے آج کے اس پرآشوب دور میں عالم اسلام کو حضرت مخدومہ کونین سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا اور اہلبیت رسول ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں پر چلنا ہوگا جنکی محبت کا حکم خدا نے دیا ہے تاکہ عالم اسلام متحد ہو کر دشمنان اسلام کے ظلم و بربریت کے خلاف علم جہاد بلند کریں انہوں نے مزید کہا کہ چودہ سو سال پہلے اہلبیت رسول ﷺ پر مظالم ڈھائے گئے اور آج بھی انکے پیروکاروں پر شام ، یمن، نائجیریا ، پاکستان عراق ، بحرین و دیگر ممالک میں ظلم بربریت کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ۔ امت مسلمہ کو متحد ہوکر دشمنان اسلام کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا مشرق وسطیٰ میں لگائی جانے والی آگ کے پیچھے صہیونی مقاصد ہیں چند نادان دوست ممالک صہیونی ایجنڈو ں کے آلہ کار بن کر امت مسلمہ میں انتشار کا باعث بن رہے ہیں ایسے حالات میں ملکی حکمرانوں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا جس سے خطہ میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے رہنما اور رکن گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کاچوامتیاز حیدرخان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کو متناسب حصہ نہ دیا گیا تو جو حالات پیش آئیں گے اس کی ذمہ داری صوبائی اور وفاقی حکومت پرعائد ہوگی۔ گلگت بلتستان کے عوام کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ عوام ایسا اقدام اٹھانے پر مجبور ہوجائے جسکے نتیجے وطن عزیز کا سب سے بڑا منصوبہ تعطل کا شکار ہو۔ سی پیک کمیٹی میں گلگت بلتستان کو نمائندگی نہ دینا اس بات کی دلیل ہے کہ جی بی کے حصے میں کچھ بھی نہیں ہے۔ شریف برادران کے قصائد پڑھنے والے بتائیں کہ بلیک اینڈ وائٹ میں سی پیک میں جی بی کے لیے کیا ہے اور سی پیک کمیٹی میں نمائندگی کیوں نہیں ہے۔ اکنامک کوریڈور نہ پورے ہونے والا خواب بننے سے قبل گلگت بلتستان کے محرومیوں کا ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیامر کے غیور عوام، غذر کے عوام، ہنزہ نگر کے عوام اور گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقوق چھیننے کے لیے تیار رہیں، موجودہ حکومت سے حقوق ملنا ممکن نہیں ہے۔ اگر گلگت بلتستان کے عوام کسی قسم کی سازش کا شکار ہوئے بغیر متحد ہوجائیں تو کسی بھی غاصب کی ہمت نہیں ہوگی کہ جی بی کے حقوق پر ڈاکہ ڈالے۔ گلگت بلتستان کی صوبائی اور وفاقی حکومت اکنامک کوریڈور میں حصہ کے نام پر لولی پاپ دینے کی کوشش کرے گی اور عوام کو تقسیم کرکے اپنا الو سیدھا کرے گی، جس کے لیے عوام کو ہشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ میں گلگت بلتستان کے غیور عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ اپنے حقوق کے لیے حصول کے لیے میدان میں نکلنے کے لیے آمادہ رہیں، بغیر کسی رنگ و نسل اور فرقے کی تمیز کے سب بھائی بھائی بن کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ اگر اس موقع پر بھی عوام خاموش رہے اور صوبائی حکومت کی جھوٹی تسلیوں اور کھوکھلے دعووں پر یقین کرتے رہے تو آنے والی نسلیں ہمیں نہیں بخشیں گی۔