The Latest
وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے اسکردو میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز لیگ کی وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں غیر جمہوری طریقے اور طاقت کے ذریعے حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہے، انہوں نے انتخابات سے قبل دھاندلی کے جتنے امکانات و وسائل بروئے کار لاسکتے تھے لا کر عوامی رائے عامہ تبدیل کرنے اور الیکشن میں دھاندلی کرنے کی پوری کوشش ہے۔ وزیراعظم کے اعلانات، گورنر کے دورہ جات کے باوجود گلگت بلتستان کے کسی بھی حلقے میں مسلم لیگ نواز کی پوزیشن مضبوط نہیں ہے۔ گلگت بلتستان کے انتخابات میں اپنی کمزور پوزیشن دیکھ کر وفاقی حکومت بوکھلاہٹ کر شکار ہوگئی ہے اور دیگر مخالف جماعتوں کے خلاف سرد جنگ کا آغاز کیا ہوا ہے، مجلس وحدت مسلمین گلگت کے رہنماوں اور امیدواروں پر بلاجواز بنائے گئے مقدمات اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ ہم گلگت بلتستان انتخابات کو یرغمال کرنے کی لیگی پالیسی کو عوامی طاقت سے ناکام کر دیں گے اور ثابت کریں گے کہ یہ وہ قوم نہیں رہی، جس کی شرافت اور سادہ لوحی سے فائدہ اٹھا کر وفاقی جماعتیں حکومتیں کرتی رہیں اور انکے حق میں بولنے والے نہیں ہوتے تھے، انکے حقوق کی آواز بلند کرنے والے نہیں ہوتے تھے، یہاں کے مظلوم اور محروم عوام کی آواز کو ان فلک بوس پہاڑوں کے درمیان دبا دیا جاتا تھا۔ اب یہاں کی عوام باشور ہوچکی ہے اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے کا ہنر جان چکی ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین اس محروم عوام کی آواز میں آواز ملا کر انکے حقوق کے لئے نہ صرف پورے پاکستان بلکہ پوری دنیا میں آواز بلند کرے گی اور انکو حق ملنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ اس خطے کے مادر وطن پر احسانات ہیں، لیکن خیانت کاروں نے ان احسانات کا بدلہ چکانے کی بجائے انکو دھوکہ دیا اور محرومی میں رکھ کر انکے وسائل لوٹتے رہے، اسکے باوجود اس غیور ملت کی وفاداری دیکھیں کہ حب الوطنی کو جزو ایمان سمجھتی ہے، گلگت بلتستان کے دریاوں اور گلیشئرز کی خیرات سے پاکستان سیراب ہوتا ہے، یہاں کے سیاحتی مقامات سے حاصل ہونے والی آمدنی سے ملکی معیشت کا پہیہ چلتا ہے، یہاں کے وسائل سے ملکی آمدنی میں اضافہ ہوتا ہے، لیکن اس خطے کو آج تک تشخص نہ دینا اسے محروم رکھنا پاکستان دشمنی اور ناقابل برادشت ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ انتظامی مشنری نواز لیگ کی ہمنوائی کر رہی ہے، الیکشن کمیشن بھی قبل از انتخابات دھاندلی کو روکنے میں ناکام نظر آتا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ابھی تک قبل از انتخابات دھاندلی کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوئے، صوبائی نگران حکومت وفاقی حکومت کی مرضی سے بنی ہے، گورنر گلگت بلتستان نواز لیگ کا کارکن ہے، ان حالات میں شفاف انتخابات کی توقع رکھنا درست نہیں۔ ہم گلگت بلتستان کے انتخابات کو مکمل طور پر فوج کی نگرانی میں دیکھنا چاہتے ہیں، مسلم لیگ نواز کے علاوہ تقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابات کو فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کیا ہوا ہے، اس کے باوجود بھی فوج کی نگرانی میں انتخابات نہیں ہوتے تو بدترین دھاندلی ہوسکتی ہے، جسے روکنے کی کوشش کے نتیجے میں معاملات بگڑ سکتے ہیں۔ گلگت بلتستان کی حساسیت کے پیش نظر انتخابات کو فوج میں کرانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا اگر فوج کی نگرانی میں انتخابات نہیں ہونے دیتے تو یہاں کی عوام اور جوانوں کو دھاندلی روکنے کے تیار رہنا ہوگا، عوامی طاقت کے ذریعے کسی بھی جگہ پہ دھاندلی نہیں ہونے دینی چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے دھاندلی کے ذریعے انتخابات کو یرغمال بنانے کی کوشش کی تو انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
گلگت بلتستان کے عوام کو محرومی سے نکالنے کیلئے ہرحال میں جدوجہد جاری رکھیں گے، علامہ ناصر عباس جعفری
وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے اسکردو کچورا میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے عام انتخابات میں نواز لیگ نے دھاندلی کے ذریعے حکومت بنائی اور اب گلگت بلتستان میں انتخابات کو یرغمال بنانا چاہتی ہے۔ نواز لیگ کی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو جواب دے کہ انکو وفاق میں حکومت ملے اڑھائی سال کا عرصہ گزر چکا ہے، اس عرصے میں گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لئے کیا اقدامات اٹھائے گئے۔ انتخابات کے دن جوں جوں قریب آتے جا رہے ہیں وزیراعظم اور دیگر وزراء کے گلگت بلتستان میں دورہ جات اور اعلانات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، وزیراعظم اور گورنر کے گلگت بلتستان میں دورہ جات قبل از انتخاب دھاندلی ہے۔ نواز حکومت کی گلگت بلتستان انتخابات کو یرغمال بنانے کی پالیسی کو عوامی طاقت سے ناکام بنا دیں گے اور یہاں کی عوام غیور اور ہوشیار عوام ہے اور عوام جانتے ہیں کہ گلگت بلتستان کی 67 سالہ محرومیوں کے ذمہ دار یہی سیاسی پارٹیاں ہیں، جنہوں نے صرف انتخابات کے دنوں میں اس علاقے کا رخ کیا اور اعلانات کے ذریعے، دھوکے کے ذریعے حکومتیں بناتی اور بدلتی رہیں، اب یہاں کی عوام کسی کے دھوکے میں آنے والی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں نواز حکومت مجلس وحدت مسلمین کی غیر معمولی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے اور انتخابات سے قبل ہی شکست سے دوچار ہوگئی ہے، گلگت میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں اور امیدواروں پر بلاجوز مقدمات اس بات کی دلیل ہے۔ گلگت میں مجلس وحدت مسلمین کے نمائندوں پر قائم بلاجواز مقدمات فوری طور ختم کئے جائیں، بصورت دیگر سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ نواز حکومت نے گلگت بلتستان میں انتخابات کو یرغمال بنانے کے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، نگران حکومت کی تشکیل، الیکشن کمشنر کی تقرری، وزیراعظم کے دورہ جات اور اعلانات، پولنگ سٹیشنز میں کمی، انتظامی افسران کا تبادلہ اور ریاستی طاقت کا دیگر جماعتوں کے خلاف استعمال کرنا، اسی سازش کا شاخسانہ ہے۔ نواز لیگ سمیت کسی بھی سیاسی جماعت سے ہماری دشمنی نہیں البتہ مخالفتیں ضرور ہیں، پاکستان میں نواز لیگ دراصل آل سعود لیگ ہے۔ نواز لیگ کی خارجہ پالیسی پاکستان کے استحکام کی ضامن نہیں اور نہ ہی یہ جماعت پاکستان کے عوام کے ساتھ مخلص ہے۔ نواز لیگ میں جمہوریت کا کوئی تصور نہیں بلکہ ماموریت اور موروثی سیاست ہے، ریاستی جبر کے ذریعے حکومت بنانا انکی پالیسی کا حصہ ہے۔ گلگت بلتستان میں انکی دلچسپی دراصل پاک چین راہداری کے سبب ہے اور اقتصادی راہداری کے ذریعے اکنامک کوریڈور کو گلگت بلتستان سے حویلیاں اور ڈی آئی خان منتقل کرنا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نواز لیگ حکومت یہاں کے وسائل لوٹنے آئی ہے، اگر انہیں گلگت بلتستان سے دلچسپی ہوتی تو اپنے اعلانات پر عمل کرتے اور نواز شریف کے دورہ گلگت کے موقع پر جرات مندانہ اور شجاعانہ فیصلہ کرتے ہوئے گلگت بلتستان کو آئینی حق دینے، سینیٹ اور پارلیمنٹ میں نمائندگی دینے کا فیصلہ کرتے اور قانونی طریقے سے گلگت بلتستان کے محرومیوں کا ازالہ کرتے، لیکن انہوں نے گلگت بلتستان کو سوائے اعلانات کے کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کے ذریعے ہم نے ثابت کر دیا کہ ہم عوامی خدمت پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں، اقتدار اور حکومت کی لالچ میں انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ ہم نے بہترین، اہل، تعلیم یافتہ اور جوان قیادت کو میدان سیاست میں اتار کر گلگت بلتستان کی سیاست کو نئی جہت دی ہے اور موروثی سیاست کا خاتمہ کیا ہے۔ ہم اعتماد کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے امیدوار اہلیت کے اعتبار سے ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے اور انشاءاللہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق اور یہاں کی عوام کو محرومی سے نکالنے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ ہم الیکشن سے پہلے بھی اسی عوام کے درمیان تھے اور الیکشن کے بعد بھی انہی عوام کے درمیان ہونگے اور عوام کی خدمت، مظلوم کی داد رسی ہر صورت میں کرتے رہیں گے۔
وحدت نیوز (سکردو، کچورا) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ تبلیغات کے مرکزی سیکریٹری علامہ اعجاز بہشتی نے اسکردو حلقہ نمبر دو کچورا میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا مجلس وحدت مسلمین کا نعرہ گلگت بلتستان روشن اور با اختیار ہے، لہذا ہم گلگت بلتستان میں ساٹھ سال سے جاری منافقانہ سیاست کا خاتمہ کرینگے اور گلگت بلتستان کی روشن مستقبل کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
علامہ اعجاز بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ شیخ نیر عباس کو اشتہاری قرار دینا شیعہ دشمنی اور کلعدم جماعتوں کو خوش کرنے کے سواء کچھ نہیں ہے، کلعدم اور دہشت گرد تنظیم حکومت کی سر پرستی میں پورے پاکستان میںیمن پرسعودی جارحیت کے حمایت میں ریلیاں اور جلسہ جلوس کر رہے ہیں اور ان کے سربراہ جو دہشت گردوں کی سرپرستی اور حکومت مخالف سر گرمیوں میں ملوث رہے ہیں پاکستان کے دارلخلافہ اسلام آباد میں دھند دھناتے پھر رہے ہیں ،اگر حکومت ملک و قوم سے مخلص ہیں تو ان دہشت گردوں کو گرفتار کرو جو ملک و قوم کے دشمن ہے ، گلگت بلتستان کے علماء، معزیزین اور عوام پاکستان کے وفادار ہے اور ہمیشہ رہنگے لہذا ن لیگ کو چاہے کہ وہ دہشت گردو کی پشت پناہی کرنے کے بجائے پاکستانی عوام کی جان و مال کی تحفظ کو یقینی بنائیں۔
وحدت نیوز (قم) ایران کے تاریخی اور علمی مرکزقم المقدسہ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری و سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر علامہ شفقت حسین شیرازی کی اسلامی تحریک جمعیۃ الوفاق بحرین کے نمائندہ علامہ الشیخ عبداللہ دقاق سے ملاقات۔ جس میں پاکستان بحرین سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے پاکستانی عوام ،پارلیمنٹ اور حکومت کی یمن پر جاری سعودی جارحیت میں پاکستانی افواج کی عدم مشارکت کے فیصلے کو بہت سراہا اور سعودیہ کے اس گھناونے جرم و جارحیت کی مزمت کی۔اور کہا کہ سعودی حکومت نے جنگ میں جو قتل ہونے والے اپنے اور اتحادی فوجیوں کے مابین معاوضہ میں امیر و غریب اور خلیجی و غیر خلیجی کا فرق رکھنے کا اعلان کیا ہے یہ ان کی متکبرانہ فرعونیت کی عکاسی کرتا ہے۔
ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ انکی یہ سوچ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ اپنے علاوہ کسی کو انسان نہیں سمجھتے اور سمجھتے ہیں کہ وہ مال و دولت سے ہر چیز خرید سکتے ہیں ان کے ہاں قوموں کی عزت و آبرو اور اخلاقی اقدار کی کوئی وقعت نہیں اور وہ پٹرول و ڈالر سے سب کچھ خرید سکتے ہیں ۔ ہماری افواج ہمارا افتخار ہیں یہ ہماری قوم اور ان کے منتخب نمائندگان کا فیصلہ ہے کہ ہم بکنے والی قوم نہیں ہیں۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی میڈیا سیکریٹری سید مہدی عابدی نے کالعدم تنظیموں کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کو دھمکیاں دیے جانے کے خلاف سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیرنے پاکستانی مدارس کے حوالے سے جو بیان دیا وہ حقیقت کا عکاس ہے۔ وفاقی وزیر ایک منجھے ہوئے صحافی اور ماہر سیاستدان ہیں۔انہوں نے مدارس کے حوالے سے منافقانہ طرز عمل اختیا ر کرنے کی بجائے دو ٹوک اور واضح موقف اختیار کیاجو ان کی پیشہ وارانہ دیانتداری ہے ۔مدارس کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ مدارس میں اصلاحات لے کر آئیں اور وہاں حقیقی اسلام کی تعلیم دی جائے تا کہ کسی کو مدارس کے خلاف بات کرنے کا موقعہ نہ مل سکے۔ مہدی عابدی نے کہا کہ وفاقی وزیر کو دھمکیاں دینے والے عناصر کے مدارس سے مفادات جڑے ہوئے ہیں ۔یہ دینی ادارے ان کی آمدن کے سب سے بڑے مراکز ہیں یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ مدارس کے خلاف بات سننے کو تیار نہیں۔حکومت کو چاہیے کہ ان مدارس کی آمدنی کا آڈٹ کرے اور اس کے ساتھ ان ملک دشمن قوتوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی کی جانی چاہیے جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ریاست کو چیلنج کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کے خلاف دھمکی آمیز بیانات دینے والے عناصر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کالعدم تنظیموں سے وفاقی وزیر کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ تبلیغات کے مرکزی سیکریٹری علامہ اعجاز بہشتی نے آل سعود کے ناپاک عزائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ال سعود کی ظالم حکومت نے مجاہد و شجاع عالم دین آیت اللہ شیخ نمر کو پھانسی دی تو یہ آل سعود کے گلے میں پھندے کی مانند ہوگا اور سر زمین حجاز میں عوامی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو گا جو سر زمین حجاز میں چنگاری کی طرح پھیلے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت شیخ نمر کو کس جرم کی سزا دے رہے ہیں ،کیا انھیں عالمی انسانی حقوق کی تنظیم کا ایک فعال کارکن ہو نے کا جرم دے رہے ہیں یا ان کا جرم یہ ہے کہ انھوں نے ہمیشہ مظلوموں کی حمایت کی اور ظالم حکومرانوں کے ظلم کا پردہ چاک کیا ، اور سر زمین حجاز کے مظلوم عوام کے حقوق کی آواز کو بلند کی اور دنیا کے سامنے آسعود کے مظالم کو آشکار کیا۔
علامہ اعجاز بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ آل سعود پہلے ہی یمن کے دلدل میں پھس چکی ہیں اور یمنی عوام اور انصار اللہ کے مجاہدین کے سامنے گھٹنے ٹیک نے پر مجبور ہوا ہے، اس دوران اگر آل سعود کی غاصب حکومت نے شیعہ عالم دین کو پھانسی دی تو یہ آل سعود کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔
وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک) رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ملت ایران کسی طرح کی دھمکی اور دباؤ میں آ کر مذاکرات نہیں کرے گی۔ پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایران بھر سے آئے ہوئے اساتذہ نے یوم معلم کی مناسبت سے آج بدھ کے دن تہران کے حسینیہ امام خمینی (رہ) میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کے ساتھ ملاقات کی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اساتذہ سے خطاب کے دوران ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی مذاکرات کے بارے میں کہا کہ ملت ایران دھمکی اور دباؤ میں آکر مذاکرات نہیں کرے گی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے مزید کہا کہ ہم دھمکی کے ساتھ کرائے جانے والے مذاکرات کے حق میں نہیں ہیں۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ہماری مذاکراتی ٹیم کو ریڈ لائنز کا خیال رکھتے ہوئے مذاکرات کرنے چاہئیں اور توہین اور دھمکی برداشت نہیں کرنی چاہیئے۔ ایران کے سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ کو مذاکرات کی ضرورت ایران سے زیادہ نہ ہو تو اس سے کم بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ چند دنوں کے دوران امریکہ کے دو عہدیداروں نے ایران کو فوجی حملے کی دھمکی دی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے امریکی عہدیداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمہارے اندر ایسا کرنے کی جرات ہی نہیں ہے۔ رہبر انقلاب نے مزید کہا کہ میں نے ایران کو دھمکی دینے والے امریکہ کے سابق صدر کے زمانے میں بھی کہا تھا کہ اب حملہ کرکے بھاگ نکلنے کا زمانہ گزر چکا ہے۔ ملت ایران جارحیت کا ارتکاب کرنے والے کو نہیں چھوڑے گی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے یمن پر سعودی عرب کے فوجی حملے کے بارے میں کہا کہ یمن پر سعودی عرب کے حملے کا کوئی جواز نہیں ہے اور امریکہ بھی اس ظلم عظیم کی حمایت کر رہا ہے۔ امریکہ سعودی عرب کو خفیہ اطلاعات اور ہتھیار دے رہا ہے۔ کیا اس سے بڑھ کر بھی کوئی ذلت ہوسکتی ہے۔؟ رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کی جانب سے یمن کو بھیجی جانے والی ادویات کے بارے میں کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ ایران ان کی مدد کیوں کر رہا ہے۔؟ ہم یمن میں ادویات بھیجنا چاہتے تھے، یمن والوں کو ہمارے ہتھیاروں کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یمن کی تمام چھاؤنیاں انصار اللہ کے پاس ہیں۔
وحدت نیوز(پشاور) صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین خیبر پی کے علامہ سبطین حسینی نے کہا ہے کہ دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا۔ شہیدوں کے لہو کی بدولت اور غیور عوام کی وحدت اور وطن دوستی کی بدولت ہم نے کل بھی وطن کا دفاع کیا تھا اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ پارا چنار کے علاقہ علی زئی میں خودکش دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ جنگ زدہ سرزمین پر کھیلوں کی سرگرمیاں ایک کامیاب اور سرفراز قوم کی علامت ہیں۔ لیکن اس طرح کے اجتماعات کو نشانہ بنانا جہاں حماقت کی دلالت ہے وہاں دہشت گردوں کی شکست کا شاخسانہ بھی ہے کہ اب وہ مکمل مایوس ہو کر اس طرح کے اجتماعات کو نشانہ بناتے ہیں۔ لیکن سیکیورٹی اداروں کے اقدامات پر بھی سوالیہ نشان ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں ان کا موجود ہونا اور جگہ جگہ چیک پوسٹیں ہونے کے باوجود دہشت گرد کس طرح اس حساس علاقہ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ کرم لیویز کے شہید اہلکار بھی لائق تحسین ہیں جنہوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینکڑوں انسانوں کی جان بچائی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کراچی میں ڈاکٹر انور علی عابدی اور ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے پر سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارہ گھنٹے کے اندر دو قیمتی جانوں کا ضیاع کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کی عمل داری پر سوالیہ نشان ہے۔ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ضروری ہے کہ ان قوتوں کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جائے جو ایسے مذموم عناصر کی فکری رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں ملک دشمن کارروائیاں کرنے کے لئے وسائل بھی مہیا کرتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی آفس سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا سعودی قائم مقام سفیر جاسم الخالدی کی قبائلی گرینڈ جرگہ سے ملاقات اور 50 ہزار جنگجو جوانوں کی پیش کش پر اظہار تشکر سعودی حکومت کیجانب سے پاکستانی معاملات میں مداخلت کا کھلم کھلا اظہار ہے۔ سعودی سفیر کی ان غیر سفارتی سرگرمیوں کا حکومت کو فوری نوٹس لیتے ہوئے ان سے یہ وضاحت لی جانی چاہیئے کہ پاکستان کے اس داخلی معاملہ میں مداخلت کا اختیار انہیں کس نے دے رکھا ہے، جس کا فیصلہ پارلیمنٹ ملکی سلامتی اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کرچکی ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ضرب عضب سے ملک دشمن عناصر کے حوصلے پست ہوئے ہیں، لیکن آل سعود کے نمائندگان کی طرف سے کالعدم تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتوں کا سلسلہ دہشت گردوں کو پھر بزدلانہ کارروائیوں پر اُکساتا ہے، جس کے خلاف فوری اور ٹھوس حکومتی ردعمل کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ملک معدنی وسائل یا اقتصادی استحکام کے نشے میں سرشار ہو کر پاکستان کو اپنی کالونی سمجھتا ہے تو وہ جھوٹے زعم میں مبتلا ہے اور اسے اپنے دل سے یہ خیال نکال دینا چاہیئے۔ پاکستان کے دیگر ریاستوں کے ساتھ باوقار اور برابری کی سطح پر تعلقات کے ہم متمنی ہیں۔ اس ملک کے حکمرانوں سمیت کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ملی حمیعت و عظمت کو ذاتی مفادات کی نذر کریں۔ اس حکومت کو چاہیے کہ وہ دہشت گرد عناصر کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی اس ملک کا دشمن سمجھیں، بصورت دیگر اس ملک میں امن قائم کرنے کی کوششیں محض حکومتی دعووں تک محدود رہیں گی۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے شہید ہونے والے دونوں پروفیشنلز کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
وحدت نیوز (کراچی) ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کی شہادت قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، واقعہ اگر فرقہ وارانہ ہے تو قاتلوں کی گرفتاری عمل میں کیوں نہیں لائی گئی، شہر میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والا تیسرا ڈی ایس پی شہید کر دیا گیا، آئی جی سندھ کالعدم دہشتگرد جماعتوں کے خلاف آپریشن کا کب آغاز کریں گے، ایک ہی روز میں 2 شیعہ پروفیشنلز ڈاکٹر انور علی عابدی، ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کی ٹارگٹ کلنگ کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما اصغر عباس زیدی نے گذشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے والے شیعہ ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کی نماز جنازہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محب وطن فرض شناس قانون کے رکھوالوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جانا سکیورٹی اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، اگر شہر میں دہشتگردوں کے ہاتھوں قانون کے رکھوالے محفوظ نہیں تو اس کا مطلب عوام کو بھی دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، کراچی آپریشن کے باوجود گذشتہ کئی روز سے اس شہر میں بسنے والے اہم افراد کو قتل کرکے سماجی، تدریسی، کاروباری حلقوں میں خوف کی فضاء قائم کی اور اب قوم و ملک کے محب وطن محافظوں کا قتل اس بات کی دلیل ہے کہ یہ وہی دہشتگرد کالعدم تکفیری مدارس کی سوچ ہے جو اس میں ملک میں عدم استحکام دیکھنا چاہتے ہیں جنہوں نے جی ایچ کیو، آرمی پبلک اسکول، مساجد و امام بارگاہوں میں دھماکے کئے اور اب شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کو پھیلانا چاہتے ہیں جس میں وہ انشاءاللہ کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔
اصغر عباس زیدی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا فوری نوٹس لے، شہر میں قائم دہشتگردی کے اڈے دینی مدارس کے نام پر دہشتگردوں کے پروڈکشن ہاؤس جہاں سے تکفیری دہشتگردوں کو پناہ ملتی ہے، ان کا فوری خاتمہ کیا جائے، اس سے قبل بھی ان مدارس سے ملک و اسلام دشمن دہشتگرد پکڑے جاتے رہے ہیں اور یہی مدارس کالعدم دہشتگرد جماعتوں کی محفوظ پناہ گاہ بنتے ہیں، ان کے خلاف کور کمانڈر کراچی ازخود نوٹس لیں، حکومت و قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی صفوں میں سے کالی بھیڑوں کو علیحدہ کریں، آئی جی اور وزیراعلٰی سندھ پولیس میں موجود کالعدم جماعتوں کے حمایت یافتہ، کالعدم دہشتگرد جماعتوں اور مدارس کو سکیورٹی فراہم کرنے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی کریں، جو ڈپارٹمنٹ کے اندر بیٹھے پولیس کو فورس کو بدنام کر رہے ہیں، شہید ڈی ایس پی ذولفقار زیدی، ڈاکٹر انور علی عابدی کے قتل کی جی آئی ٹی تشکیل دی جائے، ملزمان کو میڈیا کے ذریعہ عوام کے سامنے لایا جائے۔