The Latest

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی تعلیمی ادارہ میں غیر اسلامی و غیر اخلاقی پروگرامات کا انعقاد ناقابل برداشت ہے۔ تفریح کا حق تمام تعلیمی اداروں میں موجود طلباء کو ضرور ہے لیکن مخلوط، غیر اسلامی تقریبات بالخصوص رقص و سرود کی محافل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بلتستان جیسے مذہبی خطے میں مخلوط تفریحی پروگرامات، تعلیمی اداروں میں دینی اقدار و ختم کرنے اور غیرت دین کو ناپید کرنے کی سازش ہے، جسے کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قراقرم یونیورسٹی اسکردو کیمپس کے حوالے سے ہم شدید تحفظات رکھتے ہیں۔ مذکورہ ادارہ میں اگر مخلوط تفریحی پروگرام بالخصوص غیراخلاقی محافل کا انعقاد ہوا تو تمام تر ذمہ داری کیمپس انتظامیہ اور اسکردو انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے دفتر میں منعقدہ دینی جماعتوں کے اتحاد ملی یکجہتی کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے درمیان 95 فیصد مشترکات ہیں جبکہ اختلاف صرف 5 فیصد فروعی مسائل پر ہے۔ مختلف اسلامی مسالک صدیوں سے اکٹھے رہ رہے ہیں۔ جن کے درمیان اسلامی اخوت اور بھائی چارے کا رشتہ قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کا فتویٰ انتہائی واضح اور دشمن کی تمام تر سازشوں کا ناکام کرنے کے لئے کافی ہے۔ ہم صحابہ کرام(رض) اور امہات المومنین(رض) اور مقدسات اہل سنت کا احترام کرتے ہیں اور ان کی توہین کو شرعاً حرام سمجھتے ہیں۔ یہ عالمی سطح پر مکتب تشیع کے جید علماء کرام اور حوزہ علمیہ نجف اشرف، عراق اور قم المقدسہ، ایران کا فیصلہ ہے کہ سنی و شیعہ کو وحدت کا درس دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کسی مسلک کے نہیں بلکہ سامراج کے آلہ کار ہیں۔ مساجد میں نمازیوں پر بمباری کرنے والے کیسے مسلمان ہو سکتے ہیں۔

وحدت نیوز(ہنگو) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع ہنگو کے انتحاب کے لئے علاقہ ہنگو میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں کئی اہم شحصیات نے شرکت کی۔ ضلع کنونشن سے جہاں علاقے کے معززین نے خطاب کیا وہاں علماء نے بھی کنونشن کو رونق بخشی، کنونشن میں شرکت کرنے والوں میں سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کے پی کے علامہ سید محمد سبطین حسین الحسینی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی، علامہ سبیل حسن مظاہری، علامہ سید باقرحسین منتظری، علامہ ارشادعلی شامل تھے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید محمد سبطین نے کہا کہ پاکستان میں جہان مومنین کی نسل کشی جاری ہے وہاں گزشتہ سات مہینوں میں 129 اہل تشیع ڈاکٹروں اور وکلا کو بھی شہید کیا گیا۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ ایک ہی خاندان کے کئی کئی افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن چکے ہیں مگر دوسری طرف نواز اور شہباز حکومت بے گناہ اہل تشیع کے نام تھری ایم پی، سولہ ایم پی اور شیڈول فور میں ڈالنے میں مصروف ہے اور بے گناہ افراد کو جیل بھیجا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ ہم متحد ہوکر ہر سازش کو ناکام بنادیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم آپس کے مسائل اور مومنین کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں تاکہ اگر کل امام زمانہ ظہور فرمائیں توان کے سامنے سرخرو ہوسکیں۔

 

اس موقع پر سابق صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فرد یا قوم اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک وہ منظم طریقے سے اپنے امور کو انجام نہ دے۔ اور کوئی بھی اکیلا فرد کامیاب تب ہوسکتا ہے جب اس کے ساتھ افراد کی کمی نہ ہو۔ آج تنظیم نو کی صورت میں جو بھی سیکرٹری جنرل منتخب ہوتا ہے اگر آپ اس کا ساتھ نہ دیں تو کامیابی کی کوئی امید نہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم ہر قسم کے اختلافات کو بھلا کر ملت کی سربلندی کے لئے کام کریں۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ آج ہر طرف مومنین کی لاشیں ہی لاشیں گر رہی ہیں لیکن ہم ان حالات سے بے نیاز ہیں تو پھر امام زمانہ (عجل) کے سامنے کیا جواب دینگے۔

ضروری ہے کہ ہم ملت تشیع کے تمام مسائل سے باخبر رہیں اور اپنی استطاعت کے مطابق اقدام بھی اٹھائیں۔ اس دوران علامہ سید وحید کاظمی کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیوایم کی کارکردگی اگر صرف اور صرف سانحہ راولپنڈی کے حوالہ سے بھی دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ اس وقت مجلس وحدت مسلمین کی کتنی ضرورت ہے کیونکہ جب فقہ دیوبند سمت بریلوی اہل سنت بھی ملت تشیع کے خلاف میدان میں آئے تو پتہ یہ چلتا تھا کہ اب ہم آسانی سے جلوس عزاء کو برآمد نہیں کر پائیں گے مگر امام حسین ؑ کے سچے سپاہیوں نے ہر میدان سنبھالا اور قیائدین نے الیکٹرانکس میڈیا کے سامنے سازشوں کو بے نقاب کردیا تو جوانوں نے شوشل میڈیا پر دن رات تکفیری سوچ کو خاک میں ملا دیاجس سے صرف ایم ڈبلیوایم کو فتح نہیں ملی بلکہ پورے قوم کو فتح کی خوشی نصیب ہوئی اور انہی کی کوششوں سے پنڈی کے تمام کے تمام اسیروں کو گھر گھر پہنچاکر یہ بتا دیا کہ ہم کمزور نہیں ہے۔

 

اس موقع پر سابق سیکرٹری جنرل ضلع ہنگو علامہ ارشاد علی نے ضلع ہنگو کے ذمہ داری سبکدوش ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ آج بھی ہیں اور کل بھی بھی ہونگے بلکہ خون کے آخری قطرے تک ایم ڈبلیوایم کے ساتھ رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے ہاتھ میں شہید سید عارف حسین الحسینی کاوہ خون آلودہ پرچم ہے جس کو دشمن نے گرانے کی سازش کی تھی۔ ہمارا ناصر عباس جعفری پر بھر پور اعتماد ہے جس طرح وہ قیادت کر رہے ہیں آج اسی انداز کی قیادت درکار تھی۔ اس موقع پر نئے سیکرٹری جنرل کے لئے الیکشن بھی ہوااور گل یوسف نے 51 فیصد سے زیادہ ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ ہنگو کے نئے سیکرٹری جنرل سے علامہ سید باقر حسین منتظری نے حلف لیا۔ اور ان کی کامیابی کے لئے دعا کی۔ اس دوران علامہ سید باقر حسین منتظری نے امام موسیٰ کاظم کے شہادت کے حوالے سے مصائب بیان کئے

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے ترجمان اور سابق ممبر بلدیہ گلگت سعید الحسنین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان میں اقدار کی سیاست کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ ہم محض نمود و نمائش کیلئے اور اپنی سیاسی پوزیشن مستحکم کرنے کیلئے کرپٹ اور نااہل سیاسی بازی گروں سے سودا بازی کرنے اور انکی حمایت کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم ایک نظریاتی جماعت ہے اور عوام کو ہم سے توقعات وابستہ ہیں کہ ہم عوام کو باشعور اور پڑھی لکھی لیڈ شپ مہیا کرینگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان انتخابات میں ہمارا ہدف باشعور اور اہل افراد کو ایوانوں تک پہنچانا ہے اور ہم اسی پالیسی پر گامزن رہ کر آئندہ انتخابات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ دھاندلی کے نتیجے میں قائم ہونے والی مسلم لیگ نواز کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے، کہیں پر بھی حکومت کی رٹ نظر نہیں آتی، ٹارگٹ کلنگ اور فرقہ وارانہ قتل و غارت کے نتیجے میں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے، توہین اہلبیت ؑ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی میں جان بوجھ کر تاخیر ی حربے استعمال کئے جا رہے ہیں، وہ عدلیہ جس نے توہین عدالت کے نتیجے میں دو وزراء اعظم کو ہٹا دیا، توہین اہلبیت ؑ پر مکمل خاموش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت سمیت اعلٰی عدلیہ عوام کو انصاف فراہم کرنے کی بجائے دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم طالبان کے ساتھ مذاکرات کے مخالف ہیں، جب تک دہشتگردوں کا خاتمہ نہیں ہوجاتا ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا، ہم عمران خان کے اس موقف کو رد کرتے ہیں کہ طالبان کے خلاف کارروائی سے بلوچستان ہم سے الگ ہوجائیگا۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف یکم جون کو کراچی میں احتجاج کیا جائے گا۔ انھوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے بے گناہ لوگوں کو بےجا تنگ کرنے اور جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر ظلم اور بربریت کرنے پر پنجاب حکومت اور رانا ثناءاللہ کو تنبیہ کی کہ وہ منفی ہتھکنڈوں سے باز رہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اعلٰی عدالتوں میں جب تک پی سی او ججز بیٹھے ہیں، انصاف کی فراہمی ناممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام کو انصاف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، ان کی تمام پالیساں عوام اور ریاست کے خلاف ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ بھارت ان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، وزیراعظم نے اپنے دورہ کے موقع پر مسئلہ کشمیر کا ذکر تک نہیں کیا اور نہ ہی بلوچستان میں انڈیا کی مداخلت پر بات کی۔ حمزہ شہباز کو طالبان کی جانب سے دھمکیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ میاں برادران اور مسلم لیگ نواز کا کا ڈرامہ ہے، وہ خود طالبان کی سرپرستی کرتے ہیں، ان کو طالبان کیسے دھمکی دے سکتے ہیں۔ چوہدری نثار ہر مشکل وقت میں منظر سے غائب ہوجاتے ہیں، اس وقت بھی جب طالبان کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوچکے تو چوہدری نثار منظر سے غائب ہوگئے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ منظر پر آکر عوام کو حقیقت سے آگاہ کریں۔ انھوں نے بری امام کی قبر مبارک کو مسمار کرنے کی مزموم کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قبر مبارک مسمار کرنے سے باز رہا جائے۔

وحدت نیوز(کراچی) یکم جون کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب لبیک یاحسین ؑ مارچ کرکے خانوادہ شہداء سے عہد وفا نبھائیں گے، شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف حکومت سندھ کی خاموشی کو توڑنے کے لئے وزیراعلی ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائیگا، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کراچی میں امن و امان کے قیام میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی اور علامہ مبشر حسن نے ایم ڈبلیو ایم کراچی کی ڈویژنل شوریٰ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں حسن ہاشمی، میثم عابدی، علامہ علی انور جعفری، علی حسین نقوی، انجینئر رضا نقوی، مدثر حسین، ذیشان حیدر، آصف صفوی، ناصر حسینی سمیت مجلس وحدت مسلمین کراچی کے اضلاع کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر علامہ اعجاز حسین بہشتی کا کہنا تھا کہ یکم جون کو وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب لبیک یاحسین ؑ مارچ کرکے خانوادہ شہداء سے عہد وفا نبھائیں گے، یکم جون کالعدم جماعتوں کے تکفیری دہشت گردوں اور سیاسی طالبان کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے، ملت جعفریہ اپنے شہداء کے پاک لہو سے اپنی وفا کے اظہار کرنے کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ میں بھرپور شرکت کرے گی۔

 

علامہ مبشر حسن نے کہا کہ شیعہ نسل کشی کے خلاف حکومت سندھ کی خاموشی کو توڑنے کے لئے وزیراعلی ہاوس کا گھیراو کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ چھ سالوں سے سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت کر رہی ہے اور ان چھ سالوں میں ہزاروں شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا نشانہ بنے، ہر بار باور کروانے کے باوجود حکومت سندھ نے کوئی اقدامات نہیں کئے لہذا اس بار فیصلہ کن احتجاج کیا جائیگا، گذشتہ کئی سالوں کی طرح رواں سال بھی کراچی میں منظم سازش کے تحت شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جارہی ہے، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد اور ان کی آماجگاہیں محفوظ جبکہ شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، ہمارے حکمران جو عوام کے نمائندئے کہلاتے ہیں عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، اگر یہ حکمران عوام کی جان مال و عزت کی حفاظت نہیں کرسکتے تو وہ عوام کو روٹی کپڑا اور مکان کیسے دیں گے، ان حکمرانوں کو اب عوامی اسمبلیوں میں نہیں بلکہ اپنے گھروں میں جانا ہوگا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان پر خدا کی خاص نعمتوں کا نزول ہے، ایٹمی قوت کا حصول بھی کسی نعمت خدا وندی سے کم نہیں ، حکمرانوں نے ہمیشہ کفران نعمت کیا ،اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت پاکستان کو عالمی استعماری قوتوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیئے ،فوج اپنے محب وطن عوام پر بھروسہ کرے، دشمن کے دانت کھٹے کرنے کا ہنر پاکستانی عوام اور پاک فوج بخوبی جانتے ہیں ، ایٹمی اساسے پاک فوج کے محفوظ ہاتھوں میں ہیں ، حکمران سیاسی جماعتیں اپنی ایٹمی حیثیت کو پہچانیں ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے یوم تکبیر پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ 28مئی 1998کا دن تاریخ میں روز روشن کی طرح عیاں ہے، بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب میں پاکستان کی جانب سے ایٹمی دھماکوں نے عالم اسلام کا سر فخر سے بلند کر دیا، ذوالفقارعلی بھٹو کا ایٹمی پروگرام پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے تھا لیکن موجودہ حکمرانوں نے اس نعمت کا کفران کیا، مسلم لیگ نون ہو یا پیپلز پارٹی کسی نے بھی پاکستان کو ایک طاقتور ،خودمختار اور با صلاحیت مملکت کی حیثیت سے دنیا کے سامنے متعارف کروانے کی کبھی کوشش نہیں کی ، ہمارے حکمران ہمیشہ عالمی قوتوں کے دروازوں پر خالی کشکول لیئے نظر آتے رہے، ذرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافے کے لئے ہمیں بیرونی خیرات کی ضرورت رہی،اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت استعماری طاقتوں کے سامنے کشکول تھامے کھڑی رہے یہ باعث شرم ہے، ایٹمی طاقت کے حصول کا مطلب فقط ایٹم بم کا مالک ہونا نہیں ہوتااس ایٹمی قوت سے ہمارے حکمران پاکستان کو درپیش توانائی کے مسائل کا حل تلاش کر سکتے تھے، یہی ایٹمی قوت ہمارے ملک کی عوام کی خوشحالی اور ترقی میں معاون ثابت ہو سکتی تھی لیکن بد نیت حکمرانوں نے اس عظیم ایٹمی قوت کو ریاست، اداروں اور عوام پر بوجھ بنا کر چھوڑ دیا، آج ہمیں اپنی ایٹمی اساسوں کے صحیح سمت میں استعمال کی ضرورت ہے، گو کہ ہمارے ایٹمی اساسے پاک فوج کے محفوظ ہاتھوں میں ہیں لیکن عوام کو درپیش چیلنجز سے نپٹنے کے لئے ہماری ایٹمی طاقت مددگار ثابت ہوسکتی ہے ۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کی صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید ظفر عباس شمسی، صوبائی سیکرٹری مولانا برکت علی مطہری، صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود مولانا سہیل اکبر شیرازی، صوبائی سیکرٹری مولانا محمد علی جمالی، صوبائی سیکرٹری نشر و اشاعت مولانا ذوالفقار علی سعیدی شریک تھے۔ اس موقع پر صوبے کی تنظیمی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ صوبائی کابینہ بلوچستان کا تفصیلی دورہ کرے گی۔ اجلاس میں شعبہ مالیات اور شعبہ فلاح بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کے بعد ترجیحی مقامات پر مساجد کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر سبی، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ، جعفر آباد، نصیر آباد، جھل مگسی، صحبت پور اور ضلع کچھی بولان کے وفود نے صوبائی کابینہ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، صوبائی کابینہ نے ان مسائل کے حل کے حوالہ سے اہم فیصلے بھی کئے۔

وحدت نیوز(ایبٹ آباد) مجلس وحدت مسلمین ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد کے زیراہتمام عصمت و طہارت کی نویں کڑی اور امامت کے ساتویں تاجدار حضرت امام موسٰی کاظم علیہ سلام کی شہادت کے سلسلے میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء و ذاکرین نے خطاب کرکے وحدت کا عملی ثبوت پیش کیا۔ اہلسنت علماء مولانا نوشاد اور پیر سید مہرعلی شاہ نے محمد و آل محمد ؑ کی حیات مقدسہ کو نمونہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی ہماری نجات کا وسیلہ ہیں، جبکہ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسین الحسینی نے کہا کہ محمد و آل محمد علیہم سلام کے طرز عمل کو اختیار کرنے کے علاوہ ہمارے پاس نجات کا کوئی راستہ نہیں۔ مجلس عزا کے اختتام پر ماتمداری کی گئی اور لنگر حسینی ؑ تقسیم کیا گیا۔

وحدت نیوز(خوشاب) مجلس وحدت مسلمین ضلع خوشاب کے سیکرٹری جنرل مولانا ظہورالحسن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بے گناہ شیعہ افراد کی بلاجواز گرفتاریوں کا عمل فوری طور پر بند کرے اور اصل دہشتگردوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس کی طرف سے جوہرآباد سے معذور صحافی محمود اقبال کے والد اور بھائی حسن اقبال، چکوال سے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سابق صوبائی سیکرٹری تعلیم 55 سالہ غلام شبیر جوئیہ جو کہ  اس وقت ریڈ سلز کے مرض کا شکار ہیں اور راولپنڈی سے خواجہ محمد علی، انکی بیگم اور دو معصوم بچیوں کی بلاجواز و غیر قانونی گرفتاری اور خواتین کے ساتھ پولیس کی بدتمیزی کے خلاف اپنے مذمتی بیان میں کیا۔

 

مولانا ظہورالحسن کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی ایما پر پولیس اصل ملزمان کو گرفتار کرنے کی بجائے آئے روز بیگناہ شیعہ افراد کو بلاجواز گرفتار اور چادر و چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یہ سراسر ظلم اور لاقانونیت ہے۔ ایم ڈبلیو ایم ضلع خوشاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دہشتگرد پنجاب حکومت کی سرپرستی میں سرعام دہشتگردی کرتے پھر رہے ہیں اور پنجاب حکومت ان کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کی بجائے بے گناہ شیعہ افراد کو آئے روز گرفتار و پریشان کر رہی ہے۔ انہوں پنجاب حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشتگردوں کی کھلی سپورٹ بند کرے اور دہشتگردوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے، بے گناہ شیعہ افراد کی گرفتاریوں کے عمل کو  فوری طور پر بند اور گرفتار شدہ بے گناہ شیعہ افراد کو فوری طور پر رہا کرے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree