The Latest

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں ایم ڈبلیو ایم لاہور کے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملت جعفریہ کی غیورعوام نے پر امن یوم نواسہ رسول(ع) منا کر شر پسندوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، شرپسندوں کو جب دن کے اجالے میں موقع نہیں ملا تو رات کے اندھیرے میں کراچی کے محب وطن شہریوں کو نشانہ بنا کر اپنی سفاکیت کا ثبوت دیا۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کے شہداء کی یاد میں بروز اتوار ملک بھر میں یومِ عزا منائیں گے اور عزاداری دشمن شرپسندوں کو یہ پیغام دیں گے کہ ہم کٹ تو سکتے ہیں لیکن غم حسین(ع) پر سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔

 

انہوں نے کہا کہ آج وہ علماء کہاں ہیں ؟ اُن کی زبانیں کراچی کے معصوم شہریوں شہادت پر خاموش کیوں ہیں کیا یہ مسلمان اور انسان نہیں تھے؟۔ ہمیں سازشوں کا ادراک ہے اور انشاء اللہ ان سازشوں کو بے نقاب کرکے وطن دشمنوں کے چہروں کو سامنے لائیں گے۔ لاہور پریس کلب کے سامنے شرپسندوں کے تکفیری نعرے اور نفرت انگیز تقاریر پر پنجاب انتظامیہ کی خاموشی نے ثابت کر دیا کہ دہشت گردوں اور لاہور انتظامیہ میں یہ معاملات پہلے سے طے شدہ تھے۔

وحدت نیوز(کراچی ) مجلس و حدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ یہ بات ملک کے 18 کروڑ عوام پر روزِ روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ اس ملک میں فرقہ وارانہ فساد کا سرے سے وجود نہیں ہے بلکہ ایک دہشتگرد ٹولہ عالمی سامراج کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو بھی عراق اور شام بنانا چاہتا ہے۔ انچولی کا دھماکہ سازش شیعہ سنی فسادات کرانے کی سازش تھی مگر کراچی کے باشعور عوام نے اپنے اتحاد سے اس خوفناک سازش کو ناکام بنادیا۔ پاکستان میں شیعہ اور سنیوں کے خلاف جتنی بھی دہشتگردی ہو رہی ہے وہ حکومت کی سرپرستی میں ہو رہی ہے۔ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں حکومت میں شامل رانا ثناء اللہ جیسی بھیڑوں کو فی الفور باہر نکالا جائے اداروں کی تطہیر کی جائے اور میڈیا سے بھی اپیل کرتے ہیں کے وہ کالعدم جماعتوں کے دہشتگردوں اور رہنماوں کو میڈیا کا سہارا فراہم نہ کریں۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو انچولی میں گذشتہ روز ہونے والے دھماکوں کے جائے وقوعہ کے دورے کے موقع پر یریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے قائم مقام صدر علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ شوکت مغل، عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان، جعفریہ الائنس کے رہنما شبر رضا، مرکزی تنظیم عزا کے صدر سلمان مجتبیٰ، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک مرزا یوسف حسین، علامہ دیدار جلبانی، علی حسین نقوی، علامہ علی انور جعفری ،تصوررضوی ایڈوکیٹ سمیت دیگر نے شر کت کی۔

 

علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ایک بار پھر شیطان کے کارندوں نے ہمارے شہر کو خون میں نہلادیا اور بے گناہ افراد کو بزدلانہ حملے میں شہید کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اُسی جگہ بیٹھ کر یہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں جہاں دہشت گردوں کے ہاتھوں سنی اور شیعہ بھائیوں کا خون بہایا گیا۔ سب سے پہلے میں تمام شہداء کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتا ہوں ان شہداء میں ہمارے ایک صحافی بھائی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بات پورے پاکستان پر روزِ روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ اس ملک میں فرقہ وارانہ فساد کا سرے سے وجود نہیں ہے بلکہ ایک دہشتگرد ٹولہ عالمی سامراج کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو بھی عراق اور شام بنانا چاہتا ہے اور سانحہ راولپنڈی کے حقائق جوں جوں سامنے آئیں گے اس بات کی تصدیق ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انچولی کا دھماکہ بھی یہی سازش تھی مگر کراچی کے باشعور عوام نے اپنے اتحاد سے اس خوفناک سازش کو ناکام بنادیا۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ سانحہ راوالپنڈی کے بعد فوراً ایک گروہ نے سارا زور اس بات پر لگا دیا کہ کسی بھی طرح عزاداری اور میلاد کے جلوسوں کو بند کر دیا جائے، یہ کتنی حیرت کی بات ہے کہ جو لوگ سال کے 365 دن دھرنے، جلوس، ریلیاں اور یوم احتجاج مناتے ہیں انہیں صرف محرم اور ربیع الاول کی جلوسوں سے ہی کیوں دشمنی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ایک کالعدم ٹولہ جو مختلف ایام کا سہارا لے کر خود عام تعطیل کا مطالبہ کرتا ہے وہ 9 اور 10 محرم کی چھٹی منسوخ کرنے کی بات کیوں کرتا ہے۔ ہم سلام پیش کرتے ہیں اپنے اہلسنت کے علما، اکابرین اور عوام کو جنہوں نے اس ملت اور ملک کو بچانے میں آج اپنا تاریخ کردار ادا کیا اور کھل کر دہشتگردوں سے برات کا اعلان کیا۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے کہا کہ ہم حکومت اور اس میں بیٹھے ہوئے دہشتگردوں کے سرپرستوں کا بتا دینا چاہتے ہیں پاکستان میں شیعہ اور سنیوں کے خلاف جتنی بھی دہشتگردی ہو رہی ہے وہ حکومت کی سرپرستی میں ہو رہی ہے۔ دہشتگردوں کو جیلیں توڑ کر فرار کیا جارہا ہے عدم ثبوت کا بہانا بنا کر سینکڑوں بے گناہوں کے قاتلوں کو عدالت سے آزاد کرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دہشت گرد اس لیے آزادی سے قتل و غارت گیری کر رہے ہیں کہ کچھ سیاسی اور مذہبی جماعتیں چھتری فراہم کررہی ہیں، دہشتگردوں کو شہید اور پاک فوج کے جوانوں کو اور بے گناہ مرد عورتوں اور بچوں کو ہلاکت کا عنوان دے رہے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ جب تک پوری قوم الیکٹرنک اور پرنٹ میڈیا سمیت ان دہشتگردوں کے مقابلے میں متحد نہیں ہوگی بے گناہوں کا خون بہتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام سیاسی مذہبی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کے کھل کر دہشت گردوں کی مخالفت و مذمت کریں اور ڈھکے چھپے الفاط میں ان کے جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہ کریں اور ہمیں امید ہے تمام سیاسی جماعتیں سانحہ راولپنڈی کی طرح کراچی کے مظلوم شہداء کے لیے بھی اسی طرح آواز اٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں رینجرز اور پولیس کی جانب سے جاری آپریشن کے باوجود دہشتگردی کی کاروائیاں ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ہم اہلسنت اور شیعہ عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہیں حالات جیسے بھی ہوں، ہمیں مل کر ان کا سامنا کرنا ہوگا۔

 

رہنماؤں نے کہا کہ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں حکومت میں شامل رانا ثناء اللہ جیسی بھیڑوں کو فی الفور باہر نکالا جائے، اداروں کی تطہیر کی جائے اور میڈیا سے بھی اپیل کرتے ہیں کے وہ کالعدم جماعتوں کے دہشتگردوں اور رہنماؤں کو میڈیا کا سہارا فراہم نہ کریں۔ ہم ایک بار پھر اپنے اہلسنت بھائیوں کو جن کا خون ہمارے خون کے ساتھ ملا ہے، یقین دلاتے ہیں ہر آزمائش میں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں ہم نے مل کر یہ ملک بنایا تھا اور مل کر ہی یہ ملک بچائیں گے۔ اس موقع پر علامہ حسن ظفر نقوی نے بتایا کہ سانحہ انچولی میں 6 افراد شہید ہوئے اور 40 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ شہید ہونے والے 3 افراد کی نماز جنازہ ادا ہوچکی ہے جبکہ شہید ہونے والے 2 افرد کی شناخت تاحال نہیں ہو پائی ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے انچولی دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دہشت گردوں کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے، اپنے اہل سنت بھائیوں کے ساتھ مل کر وطن سے دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں انچولی دھماکوں کے بعد مقامی ہسپتال میں رضاکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ مبشر حسن، علامہ دیدار جلبانی، علی حسین نقوی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ انچولی دھماکوں میں شہید ہونے والے اہل سنت علماء شہداء ہمارے شہداء ہیں، شیعہ و سنی اتحاد برقرار رکھیں، انشاء اللہ یہ اتحاد دہشت گردوں کی شکست کا اہم سبب بنے گا۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ انچولی دھماکہ اس بات کا ثبوت ہے دشمن ہمارے اتحاد سے خوفزدہ ہے، وطن کے شیعہ و سنی عوام نے استعماری ایجنٹوں کی جانب سے ملک میں تفرقہ پھیلانے کی سازش کو اپنے اتحاد سے ناکام بنایا ہے اور انشاء اللہ وطن کے دوستوں کا یہ اتحاد دہشت گردوں کے خاتمے میں لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

وحدت نیوز(کراچی) انچولی بم دھماکے میں شہید ہونے والے سالک جعفری اور دو اہل سنت شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر سالک جعفری کی نماز جنازہ رضویہ امام بارگاہ میں علامہ مرزا یوسف حسین کی اقتداء میں ادا گئی، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ علی انور جعفری، شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ جعفر سبحانی سمیت صحافی برادری نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور شہید کے اہل خانہ سمیت صحافی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی زار و قطار روتے رہے۔بعد ازاں شہید کے جسد خاکی کو سخی حسن قبرسان لے جایا گیا جہاں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ شہید کی تدفین کی گئی۔ دوسری جانب دھماکے میں اہل سنت برادری سے تعلق رکھنے والے شہیدوں کی نماز مسجد محمدی فیڈرل بی ایریا بلاک 17 جبکہ دوسرے کی نماز جنازہ بلال مسجد موسیٰ کالونی میں ادا کی گئی۔

وحدت نیوز(ہری پور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری تنظیم سازی علامہ سید وحید عباس کاظمی نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں تکفیری مولوی کی تقریر نے ملکی سلامتی کو داو پر لگاتے ہوئے امن و امان تہہ و بالا کیا، تکفیری ٹولہ دین کا لبادہ اوڑھ کر مذہب کو نقصان پہنچانے میں پیش پیش ہے۔ جنہیں حکومت کو سزاء دینا ہوگی۔ عزاداری سید الشہداء (ع) تاقیامت جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی مسئولین سمیت عوامی نشینل پارٹی کے صوبائی رہنماء فیاض حسین، معروف مذہبی شخصیت ریاضت علی شاہ، ریحان باقر، احسن علی اور نزاکت علی بھی موجود تھے۔ علامہ وحید کاظمی کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں عزاداری کے جلوس کے موقع پر تکفیری گروہ کا یزیدیت زندہ باد اور نواسہ رسول (ص) کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال عالمی استعماری سازش ہے، طاغوت کے ایجنٹ ڈالروں اور ریالوں کے عوض ہمیشہ سے پرامن ریلی و عزاداری کے جلوسوں کو نشانہ بناتے آ رہے ہیں۔ راولپنڈی میں معاویہ مسجد کے خطیب اشرف علی نے ملکی سلامتی کو داو پر لگاتے ہوئے امن کو تہہ و بالا کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ جو دینی لبادہ میں مذہب کو نقصان پہنچانے میں پیش پیش ہیں۔ جنہیں قرار واقعی سزا دینا حکومت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیئے۔


 
انہوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء (ع) کے جلوس صدیوں سے جاری ہیں اور تاقیامت جاری رہیں گے۔ تاریخ گواہ ہے کہ شیعان علی (ع) نے ہمیشہ تعلیمات امام حسین (ع) پر عمل پیرا رہتے ہوئے پرامن عزاداری کو اپنا شعار بنا رکھا ہے جبکہ تکفیری گروہ اور یزیدیت کے حامیوں نے شیعت کے خلاف نازیبا الفاظ اور مسلمانوں میں اشتعال انگیز گفتگو کو اپنے وطیرہ بنا رکھا ہے، جو کہ تفرقہ بازی کو کھلے عام ہوا دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور میں گذشتہ جمعہ کے روز ہونے والی پرامن ریلی کو امن کی فضاء کو برقرار رکھنے کی خاطر ہم نے منسوخ کردیا تاکہ ہری پور کی فضاء کو ہمیشہ کی طرح پرامن بنانے میں ہم اپنی قربانی پیش کر سکیں۔ علامہ وحید عباس نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کو مرکزی تفتیشی کمیٹی میں شامل کرنا تکفیریوں کی کھلے عام حمایت اور حسینیوں کی عزاداری پر حملہ و دل آزاری کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یوم عظمت نواسہ رسول (ص)‘‘ کے عنوان سے آج پورے ملک میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں اور کربلا میں اہلبیت اطہار (ع) پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھیں گے جو کہ ہمارا مذہبی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکفیریوں نے امام بارگاہوں کو جلایا اور قرآن کریم کو شہید کیا، جس سے ثابت ہو چکا ہے کہ ان کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ اسلام کی آڑ میں اپنے مذموم مقاصد کو پورا کر رہے ہیں۔

وحدت نیوز(کراچی) کراچی کے علاقے انچولی میں ہونیوالے یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے تین روزہ سوگ جب کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے آج یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ سانحہ انچولی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس سانحے میں جانبحق ہو نے والے شیعہ سنی بھائی ہمارے شہید ہیں ، حکومت سفاک دہشتگردوں کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے ایک نجی ٹی وی کے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر سالک جعفری کی شہادت پر ان کے لواحقین سے تعزیت بھی کی جبکہ تین روزہ یوم سوگ کی اپیل کی ہے، تاہم ٹرانسپورٹ، کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی اور تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔آج شام ۵ بجے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی دیگر رہنمائوں کے ہمراہ جائے حادثہ پر ہنگامی پریس کانفرنس کریں گے ۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے زیر اہتما م یوم عظمت نواسہ رسو ل اللہ ﷺاور دہشتگردی کیخلاف امام بارگاہ کلاں میکانگی روڈ میں بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔جس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما، امام جمعہ علامہ سید ہاشم موسوی ،MWMکے رکن بلوچستان اسمبلی آغا رضا نے شرکت کی۔MPAآغا رضا نے سانحہ راولپنڈی میں قیمتی جانوں کی ضیاع، مسجد، مدرسہ تعلیم قرآن، متعدد امام بارگاہوں کو نذر آتش اور جلوس عزاء پر حملہ کی پُر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک منظم اور سوچی سمجھی سازش کے تحت عاشورا کے تقدس کو پامال اور ملک بھر میں فسادات پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ اس سے پہلے بھی دشمنان اسلام نے مختلف حیلوں اور طریقوں سے مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی ہیں لیکن تمام مکاتب کے علماء اور ملت کی دانشمندی اور سمجھداری نے دشمن کی تمام ترسازشوں کو ناکام بنا دیا۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ روز عاشورہ راولپنڈی میں دہشت گردوں نے تقریباً ایک ہی وقت میں نمازیوں اور عزاداروں پرحملہ کر کے مسجد و متعدد امام بارگاہ کو نذر آتش کر کے فساد پھیلانے کی کوشش کی ۔ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ مسجد اور جلوس عاشورہ پر بیک وقت حملہ کرنے والے شر پسند ایک ہی نیٹ ورک سے تعلق رکھتے ہیں۔ سانحہ سے ایک دن پہلے ہی راولپنڈی کے مذکورہ مقام پر جلوس کو نقصان پہنچانے کی اطلاع کے باوجود پنجاب حکومت اور انتظامیہ کامناسب اقدامات نہ کرنا، رات کو بارہ ایک بجے کرفیو لگانا اور ابتداء ہی سے سانحہ کو کنڑول نہ کرنا جبکہ اس وقت مقدس مقامات قیمتی جانوں اور املاک کا نقصان ہو چکا تھا حکومت پنجاب کی نیت اور کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ حکومت پنجاب کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے مگر اب حکومت پنجاب سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واقعہ کی صاف و شفاف تحقیقات کرکے مجرموں اور شرپسندوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے اور سازش کے درپردہ عناصر کو بے نقاب کریں۔ اگر تمام حکومتی ادارے سیاسی اور مذہبی جماعتیں گزشتہ دہشت گردوں کے واقعات میں سنجیدگی کا اظہار کرتے اور خاموشی اختیار نہ کرتے تو یہ افسوسناک واقعہ رونما نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے گوشہ گوشے میں اہل تشیع کو شہید کیا گیا ،کوئٹہ سے لیکر گلگت بلتستان تک ،کراچی سے لیکر پاراچنار تک اہل تشیع پر حملے ہوتے رہے مگر ہم نے پر امن طریقے سے اپنا احتجاج رکارڈ کروایا۔ سانحے راولپنڈی میں ایک مخصوص ٹولہ مساجد اور امام بارگاہوں کو جلاکر بے گناہ لوگوں کو شہید کیا پھر بھی ہم لوگ پر امن رہے ۔مگر اب حکومت ہوش کا ناخون لے اگر ان دہشتگردوں کے خلاف ایکشن نہیں لیا تو ہم گھروں سے نکلنے پر مجبور ہو جائینگے۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ہم عوام سے بھی اپیل کرتے ہے کہ وہ شر پسند گروہ کے ناپاک عزائم کو اپنے مضبوط اتحاد، اخوت اور برادری کے ذریعے ناکام بنا دیں۔ بیان کے آخر میں سانحہ کے مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دُعائے خیر بھی کی گئی۔

وحدت نیوز(سکھر) سانحہ راولپنڈی کی آڑ میں سید الشہداء امام حسین (ع) کی شان میں گستاخی، پاکستان بھر میں مساجد ، امام بارگاہوں ، قرآن پاک اورعلم حضرت عباس علیہ السلام کو جلائے جانے اور جلوس عزا اور جلوس میلاد البنی (ص) پر ممکنہ پابندی کے خلاف سکھر میں بھی ہزاروں کی تعدا د میں عاشقان امام حسین (ع)نےعظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا، مجلس وحدت مسلمین پاکستا ن کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر منعقدہ یومِ عظمتِ نواسہ رسول (ص) کے موقع پرمجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع سکھر ،شیعہ ایکشن کمیٹی سکھر ،آئی ایس اوسکھر ڈویژن اوراے ایس او سکھر ڈویژن کی طرف سے بعد نماز جمعہ حیدری مسجد پرانا سکھر تا سنٹر جیل IIسکھر تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔شرکائے ریلی نے اپنے ہاتھوں میں دہشتگردوں کے خلاف بینرز اور پوسٹر ز اٹھائے ہوئے اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کررہے تھے،شرکائے ریلی سے حجتہ الاسلام علامہ علی بخش سجادی ،ڈاکٹرسید فدا حسین موسوی،چوہدری اظہرحسن ،نوید حسین الحسینی،اور اشرف علی اسدی نے خطاب کیا ۔

 

مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا گیا دہشتگردی کے جتنے واقعات ہوئے ہیں ان سب کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے،ان سانحات میں سانحہ کوہستان وچلاس گلگلت ،پارہ چنار،ہنگو ،کوئٹہ ، کراچی ، ڈیرہ اسماعیل خان،داتا دربار، نشترپارک وغیر ہ کی تحقیقات کی ضرورت ہمیں سانحہ راولپنڈی کی جانبدارانہ عدالتی تحقیقات پر کافی تحفظات ہیں۔کئی اداروں کی تحقیقاتی کمیٹیوں کی سربراہی اس حکومت کے منظور ترین اور کالعدم تنظیموں کے سرپرست رانا ثناء اللہ کررہے ہیں جس کی سیاہ کاریاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔مقررین نے مزید کہا کہ اگر ملک میں سلامتی اور امن کی فضا کو بحال و برقرار رکھنا ہے تو کالعدم تنظیموں کی سرعام سرگرمیوں کو ختم کرکے ان کے سربراہان کے خلاف دہشتگردی کی خصوصی عدالتوں میں کیس چلا کر انہیں قرار واقعی سزادی جائے ۔

 

مقررین نے مزید کہا کہ عزادری کے جلوس کسی بھی قیمت پر محدود نہیں کیے جاسکتے بلکہ یہ جلوس ملکی سلامتی کی ضمانت ہیں۔ان میں امنیت کا پیغام ہے حُسینیت کاپیغام ہے۔اگر دہشتگردی کے پیش نظر عزاداری امام حسین ؑ کے جلوسوں کے خلاف کوئی سازش کی گئی ؤ پھر دہشتگردی کے دھماکے GHQمیں بھی ہوتے ہیں، مساجد میں بھی ہوتے ہیں،بازاروں ، مارکیٹوں وغیرہ میں بھی ہوتے ہیں،تو کیا ان سب کو بند کرنا چاہیے،،،،؟کیا کیا بند کروگے ، اس طرح تو پور ے ملک کو بند کرنا پڑیگااور یہ حرکت کوئی بھی محب وطن قبول نہیں کریگا۔لٰہذاملک میں جہاں دہشتگردوں کے تربیتی مراکز ہیں ۔جن کا تمام سیکورٹی اداروں کو علم بھی ہے، ان تمام کو جڑسے ختم کرو اوران عناصر کو سرعام پھانسی پر لٹکا دو ،آخر میں شرکائے ریلی نے وطن عزیز میں امن وامان وسلامتی کی دعاؤں کے ساتھ اپنی ریلی کا اختتام کیا۔

وحدت نیوز(بلتستان) سانحہ راولپنڈی کی آڑ میں سید الشہداء امام حسین (ع) کی شان میں گستاخی ، پاکستان بھر میں مساجد ، امام بارگاہوں ، قرآن پاک اورعلم حضرت عباس علیہ السلام کو جلائے جانے اور جلوس عزا اور جلوس میلاد البنی (ص) پر ممکنہ پابندی کے خلاف بلتستان میں بھی ہزاروں کی تعدا د میں عاشقان امام حسین (ع)نےعظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا، مجلس وحدت مسلمین پاکستا ن کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر منعقدہ یومِ عظمتِ نواسہ رسول (ص) کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلتستان کے سیکریٹری جنرل علامہ سید علی رضوی، علامہ مظاہر موسوی، فدا حسین و دیگر نے خطاب کیا،جبکہ ہزاروں مظاہرین نے شرکت کی۔  شرکائےاحتجاج نے پنجاب حکومت اور تکفیری دہشت گردو  ں کے خلاف شدید نعرے بازی کی جب کے مقررین نے سانحہ راولپنڈی کے  تحقیقاتی کمیشن پر تحفظات کااظہار کر تے ہو ئے اسے مسترد کر دیا ، رہنمائوں کا کہنا تھا کہ رانا ثناءاللہ جب تک تحقیقاتی کمیشن کا سربراہ ہے حق و سچ قوم کے سامنے نہیں آسکے گا، وفاقی حکومت جلد ازجلد اصل حقائق عوام کے سامنے لائے اور جلوس عزا اور جلوس میلاد البنی (ص)کے خلاف کسی بھی سازش سے باز رہے ۔

وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر ملک گیر یومِ عظمتِ نواسہ رسول (ص) کے سلسلے میں  حیدرآباد میں مولا علی (ع) قدم گاہ پر احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا ، جس میں ایم ڈبلیو ایم حیدر آباد کے سیکریٹری جنرل علامہ امداد علی نسیمی، اور علا مہ گل حسن مرتضوی نے خطاب کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سانحہ راولپنڈی ایک بہت بڑی سازش تھی اس سازش میں حکومت پنجاب دہشت گردوں کے ساتھ ملوث تھی ۔اس کے علاوہ ملک کہ دوسرے علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات بھی ہوئے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں ملت جعفریہ نے ہر دور میں ظالم سے اظہارے نفرت اور مظلوم کہ ساتھ اظہارے ہمدردی کیا ہے اس ہی جرم کی پاداش میں ہمیں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ۔ہم نے ہمیشہ دہشت گردوں کے خلاف ثابت قدمی کا مظاہر ہ کیا اور انشااللہ ہم اس جنگ میں ثابت قدم رہینگے۔ عزا داروں پر حملے جاری رہے توپاکستان کی ہر گلی ہر سڑک عزا خانے میں تبدیل ہوجائے گی ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree