The Latest

وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکریٹری اُمور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف کے وفد کے ہمراہ شہید باقرالصدر کی جماعت حزب الدعوہ الاسلامیہ کے سیکرٹری جنرل علامہ شیخ علی مرزا سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد میں نجف اشرف کے سیکرٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی کے علاوہ نجف اشرف میں اراکین رابطہ کمیٹی سید علی نقی شیرازی، شیخ ناصر عباس نجفی، سید عمران کاظمی، محمد سجاول نجفی شامل تھے۔ شیخ علی مرزا نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے نجف اشرف میں مجلس وحدت مسلمین کی فعالیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجف اشرف میں مقیم پاکستانی طلبا انتہائی ذہین اور متحرک ہیں۔ اس موقع پر شیخ علی مرزا کا کہنا تھا کہ نجف اشرف میں مجلس وحدت مسلمین کے مسئول علامہ سید مہدی نجفی انتہائی فعال ہیں۔ اُنہوں نے اس موقع پر علامہ شفقت شیرازی کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہم ہر میدان میں مجلس وحدت مسلمین کے شانہ بشانہ ہیں۔ جس مشن کا آغاز مجلس وحدت مسلمین نے کیا ہے ہم اُسکی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین نے شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان میں بہت جلد کامیابی حاصل کی ہے۔ آخر میں ایم ڈبلیو ایم نجف اشرف کے سربراہ علامہ سید مہدی نجفی نے علامہ شیخ علی مرزا کو دفتر نجف اشرف کی کارکردگی رپورٹ پیش کی، جسے حزب الدعوہ الاسلامیہ کے مرکزی رہنما نے سراہا۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا مختار امامی نے کہا ہے کہ ’’عظمت ولایت کانفرنس‘‘ کی کامیابی دراصل پاکستان دشمن قوتوں کے خلاف اتحاد کا ثبوت ہے۔موجودہ حکمران دیکھ لیں کہ پاکستان میں اسلام اور اسلامی نظریات کے خلاف کوئی بھی فیصلہ کیا گیا تو ملک کے 18 کروڑ عوام اسے تسلیم نہیں کریں گے۔ محرم الحرام میں عزاداری کو روکنے کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں اس لئے وفاقی اور بالخصوص صوبہ پنجاب کی حکومت ہوش کے ناخن لے۔ کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر شرکا کانفرنس، میڈیا اور دیگر تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں کے تعاون پر ان کے مشکور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ میں اندرون سندھ سے آئے ہوئے ذمہ داران اور کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا۔ مولانا مختار امامی نے کہا کہ نشتر پارک اور اس کی اطراف کی سڑکوں پر موجود مولا علی کے لاکھوں چاہنے والوں نے اس بات کا اعلان کردیا ہے کہ اب اس ملک میں شعیہ اور سنیوں کو لڑوا کر سیاست کرنے والوں کے دن پورے ہوچکیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں اور مینڈیٹ کی چوری کرکے حکومتیں بنانے والوں کو بھی اب عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنا ہوگا اور اب عوام ان کی اس سیاست کو زیادہ دن نہیں چلنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عظمت ولایت کانفرنس کے شرکاء و قائدین نے متفقہ طور پر یونائٹڈ اسٹیٹس آف امریکا اور طالبان دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات و مکالمے کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا موقف تھا کہ سال 2008 اور 2011 میں متفقہ طور پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاسوں میں اور ایک کل جماعتی کانفرنس میں امریکا کے ساتھ تعلقات کا ازسرنو جائزہ لینے اور نئی سمت اور نئی پالیسی وضع کرنے کے لئے واضح رائے دی تھی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں بھی واضح کیا تھا کہ وقت بہت کم ہے اور دہشت گرد ہم سب کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے شرکا ء اور قائدین نے متفقہ طور پر اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ امریکا اور طالبان ایک فکسڈ میچ کھیل رہے ہیں یا با الفاظ دیگر نورا کشتی میں مصروف ہیں۔ دہشت گردوں اور طالبان کے اس فکسڈ میچ کا ثبوت یہ ہے کہ چالیس ہزار سے زائد پاکستانی شہری اور سات ہزار سے زائد فوجی، نیم فوجی اور پولیس اہلکار شہید کئے جا چکے ہیں۔ کم از کم دو مرتبہ امریکی افواج نے فضائی حملوں میں پاکستانی افواج کو بھی شہید کیا جس کی آخری مثال سلالہ کا حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ عظمت ولایت کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے بعد اب ہمارے نام نہاد حکمرانوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ اب وہ اس ملک کے 18 کروڑ غیور عوام کے فیصلوں پر امریکی اور سامراجی قوتوں کے فیصلوں کو مسلط کرنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد اور اس کی بھرپور کوریج پر الیکٹرونکس اور پرنٹ میڈیا کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی امن و امان کی بحالی کے اداروں کی جانب سے بھرپور سیکورٹی فراہم کرنے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔

وحد ت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ واپڈا کرانی سب ڈویژن کے S.D.Oاہل ہزارہ ٹاؤن ،فیصل ٹاؤن اور گردونواح کے علاقوں سے امتیازی سلوک چھوڈ دیں اور بجلی کی فراہمی کویقینی بنائے۔گزشتہ چند دنوں سے ہزارہ ٹاؤن میں صبح 6 بجے سے شام 5بجے تک اور دیگر اوقات میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے ۔نیز وولٹیج کی کمی کی وجہ سے آئے دن لوگوں کا نقصان ہو رہاہے اور ٹیوب ویل نہ چلنے کی وجہ سے عوام پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں۔اہل علاقہ نے قانونی طریقے سے اپنی شکایات بھی درج کرائی ہیں لیکن یقین دہانی کے باوجود وولٹیج اور غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کامسئلہ حل نہ ہو سکا ۔بیان میں کہا گیا کہ علاقہ کے تمام ملز کو بجلی فراہم کی جاتی ہے لیکن مذکورہ علاقہ کو مناسب بجلی فراہم نہ کرنے کی وجہ سے لوگ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر اہل ہزارہ ٹاؤن ،فیصل ٹاؤن اور گردونواح کے علاقوں کو دیگر اہلیان کوئٹہ کی طرح بجلی فراہم نہ کی گئی تو تمام مساجد اور امام بارگاہوں سے بل جمع نہ کرانے کا اعلان کیا جائیگا اور یہ مسئلہ حل نہ ہونے تک S.D.Oکرانی سب ڈویژن اور واپڈا حکام کے خلاف بھر پو ر احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عزاداروں اور ماتمی انجمنوں کے عمائدین سے صوبائی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی، ملاقات میں عمائدین نے نشتر پارک کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کی کامیاب عظمت ولایت کانفرنس پر مبارکباد دی۔ وفد سے گفتگوکرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ عظمت ولایت کانفرنس کی طرح 3نومبر کو گلگت میں منعقدہ دفاعِ وطن کانفرنس بھی ملکی سا لمیت اور دہشتگردوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا۔محرم الحرام میں عزاداری پر کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے۔ پنجاب حکومت کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ پنجاب کے کسی بھی حصے میں مجالس عزا و جلوس ہائے عزا کے پروگراموں میں انتظامیہ کی مداخلت کا ردِ عمل ملک بھر سے آئیگا۔علامہ اسدی کا کہنا تھاکہ محرم الحرام ہمیں رواداری اور ایثار کا درس اور حق کیلئے جان قربان کرنے کا بھی طریقہ سکھاتا ہے۔محرم الحرام میں فول پروف سیکورٹی پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ ساتھ بانیان مجالس بھی اپنے علاقے کے رضا کاروں کو متحرک رکھیں۔اُنہوں نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اپنی بھر سیاسی طاقت کے ساتھ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گی حالات چاہے جو بھی ہوں انشااللہ ہم میدان میں حاضر رہیں گے۔

وحدت نیوز( ملتان ) وحدت یوتھ  پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سید فضل عباس نقوی نے ستائیس اکتوبر کو کراچی میں منعقد ہونے والی ’’عظمت ولایت کانفرنس‘‘ کے انتظامات کے لئے خدمات انجام دینے والے نوجوانوں کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ عظمت ولایت کانفرنس میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت اور کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کرتے ہیں اور نوجوانوں کی بے لوث خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

 

وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی سیکریٹری  کاکہنا تھا کہ وحدت یوتھ سندھ اور وحدت اسکاؤٹس نے عظمت ولایت کانفرنس میں احسن انداز سے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنی شرعی ذمہ داری کو ادا کیا ہے جس پر اللہ تعالیٰ کے حضور ان کی توفیقات میں اضافے کے لئے دعا گو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وحدت یوتھ اور وحدت اسکاؤٹس حضرت عباس علمدار علیہ السلام کی سیرت پر عمل پیرا رہتے ہوئے اسی جوش وجذبے کے ساتھ خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

 

فضل عباس نقوی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک بھر میں مومنین اور عزاداری کے تحفظ کے لئے کوشاں رہیں گے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سید فضل عباس نقوی نے کراچی میں منعقد ہونے والی عظمت ولایت کانفرنس میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت پر وحدت یوتھ کو مبارک باد پیش کی ۔

وحدت نیوز(میانوالی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع میانوالی کا تنظیمی کنونشن گزشتہ دنوں ضلعی سیکریٹریٹ میں منعقد کیا گیا ، جسمیں ضلع بھر سے اراکین شوریٰ نے شرکت کی ۔جب کے صوبائی سیکرٹری امور نوجوانان مولاناسید حسن رضا ہمدانی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اراکین شوریٰ نے اتفاقِ رائے سے سید مظفر حسین شاہ کو متفقہ طور پر نیا ضلعی سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا ۔مولاناسید حسن رضا ہمدانی نے نومنتخب ضلعی سیکرٹری جنرل سے حلف لیا اور شرکاء سے خطاب کیا۔اس سے قبل علمدار حسین ملک ایڈووکیٹ مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے ۔تقریب میں عیسی خیل سے ڈاکٹر امیر حسین شاہ اور قمرمشانی سے قیصر عباس خان نے سے شرکت کی۔

وحدت نیوز(کراچی)  مجلس وحدت مسلمین کے تحت نشتر پارک کراچی میں منعقدہ ’’ عظمت ولایت کانفرنس ‘‘ میں لاکھوں کی تعداد میں شرکاء نے شرکت کی، جس میں خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کانفرنس کے موقع پر نشتر پارک میں ایک دیوہیکل اسٹیج بنایا گیا تھا۔ جبکہ شرکاء کے لئے ہزاروں کی تعداد میں کرسیوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ خواتین کے لئے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں مجلس وحدت مسلمین اور علی ولی اللہ کے پرچم تھامے ہوئے تھے۔ کانفرنس کی سیکورٹی کے فرائض وحدت یوتھ کے ذیلی شعبہ وحدت اسکاؤٹس کے 3 ہزار سے زائد رضاکاروں نے سنبھالی ہوئی تھی جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی جلسہ گاہ کے اطراف موجود تھی۔ اندرون سندھ سے ہزاروں کی تعداد میں بسوں، کاروں اور دیگر سواریوں کے ذریعے آنے والے شرکاء کو ایم اے جناح روڈ سے پیدل جلسہ گاہ تک لایا گیا جبکہ ایم اے جناح روڈ کے نمائش جانے والے ٹریک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا تھا۔ کانفرنس کی براہ راست کوریج اور میڈیا کے لئے علیحدہ علیحدہ اسٹیج بنائے گئے تھے۔ جبکہ مرکزی اسٹیج کے اطراف بھی سخت سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے۔

 

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری جب جلسہ گاہ میں پہنچے تو عظمت ولایت کانفرنس کے شرکاء نے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں، ان کی اسٹیج آمد پر اسٹیج پر موجود تمام علماء کرام نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر کانفرنس میں شریک شرکاء نے یاعلی، یاعلی، علی مولا کے نعروں سے ان کا استقبال کیا۔ اسٹیج پر ’’پاکستان بنایا تھا ۔ پاکستان بچایا تھا کہ نعرے کا ایک بہت بڑا بینرز آویزاں کیا گیا تھا۔ کانفرنس کے اختتام پر جشن غدیری منایا گیا اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بچانے کے لیےطویل سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا ہے، قوم کو مایوس نہیں کریں گے، بلدیاتی انتخابات، گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھرپور شرکت اور 2018ء کے انتخابات کے لیے ابھی سے تیاری شروع کردی ہے، ملک میں امن و امان، معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان بنانے والی قوتیں سنی شیعہ ملکر ملک دشمنوں کو شکست دیں گے، طالبان سے مذاکرات ایسی بدعت ہے جو بڑی برائیوں کو جنم دے گی، اگر یہ بدعت رائج کر دی گئی تو آئندہ ایک نیا گروہ معصوم انسانوں کا خون کریگا اور پھر حکومت ان سے بھی مذکرات شروع کر دیگی، ہم ان مذاکرات کے کل بھی مخالف تھے اور آج بھی مخالف ہیں، ہم قوم کی خدمت کی غرض سے میدان میں اترے ہیں ، قیادت کی غرض سے نہیں، نہ ہی قوم پر مسلط ہونا ہماری خواہش ہے، ہم نے ایک طولانی جنگ کا آغاز کیا ہے، تھکنے والے یہ جنگ نہیں جیت سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے نام پر آنے والوں نے عوام کو مایوس کیا ہے، طالبان کو دفتر کھول دینے کے بیان نے تبدیلی کے خواہاں عوام کو مایوس کیا۔

 

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اگر عزاداری کو روکنے یا محدود کرنے کی کوشش کی گئی تو جس طرح سے بلوچستان کے رئیسائی کی حکومت گرائی اسی طرح پنجاب اور اسلام آباد کے رئیسانی کی حکومت بھی گرا دیں گے، جب سے ہم نے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا ہے اس وقت سے ہمیں ڈرایا گیا، دھمکایا گیا، کھبی لبرل بننے کے مشورے دیئے گئے اور کبھی سیاسی اتحاد کا جھانسا دیا گیا، لیکن ہم نے قومی غیرت اور وقار کا سودا نہیں کیا، کبھی قوم کو مایوس نہیں کیا، ہم وعدہ کرتے ہیں کہ قوم نے ساتھ دیا تو ہم بھی قوم کو مخلص، دیانتدار اور امین لیڈر شپ فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی داخلہ اور دفاعی پالیسی کے حوالے سے ہمارا ایک مضبوط اور ٹھوس موقف ہے ، ملکی اداروں میں میرٹ کا خون کیا جارہا ہے، جو بھی سینئر ہے اس کو آرمی چیف بنایا جائے، ہمشہ سیاسی مفادات کی خاطر جونیئر کو اعلی عہدوں پر تعینات کرکے ملکی دفاع کو نقصان پہنچایا گیا ہے، چھ سال میں جنرل کیانی نے اہل سنی و شیعہ جنرلوں کو ترقی دینے کے بجائے نظر انداز کیا، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پاک فوج سے انتہا پسند سوچ کو ختم کرکے فوج کو پاک کیا جائے۔

 

کانفرنس سے خطاب میں علامہ امین شہیدی نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات گویا شیطان سے مذاکرات ہیں، جو نہ صرف غیر آئینی ہیں بلکہ غیر قانونی اور پاکستان کے عوام کی توہین ہے، جب سے حکومت نے مذاکرات کا اعلان کیا ہے کہ ملک میں بم دھماکوں میں اضافہ اور ہر روز لاشوں کے تحفے دئیے جا رہے ہیں، یہ مذاکرات پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام سے دھوکا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے بدلے طالبان نے لاشیں اور دہشتگرد دی، قوم کو بتایا جائے کہ طالبان سے مذاکرات کے نتائج کیا ہیں؟۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور بھرپور آپریشن کیا جائے۔ کانفرنس سے خطاب میں علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ لبنان، فلسطین، شام، بحرین، یمن، عراق کی طرح پاکستان میں ہم نے اپنے سیاسی اجتماعی حقوق کی بازیابی کی جنگ کا آغاز کر دیا ہے، اب ہم اپنے غصب شدہ حقوق حاصل کرکے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے مظلوم عوام کو دہشت گردی اور فرقہ واریت سے نجات دلانا چاہتے لیکن مسلسل ہماری لاشیں گرا کر ہماری ملت کو اسی دلدل میں دھکیلا جاتا ہے، پاکستان کے ریاستی ادارے بین الاقوامی استعماری قوتوں کے اشارے پر ہمارے خلاف محاز آرائی میں مصروف عمل ہیں، جشن غدیر پر اس عظیم اجتماع نے ثابت کردیا کہ ولایت کے پیروکار آج بھی زندہ ہیں اور نظام ولایت کے مقابلے میں تمام باطل نظاموں سے اظہار برائت اور لاتعلقی کرتے ہیں۔
کانفرنس کے آخر میں قراردیدیں پیش کی گئیں، جو درج ذیل ہیں۔

 

قرارداد نمبر ایک میں عظمت ولایت کانفرنس کے شرکاء و قائدین نے متفقہ طور پر امریکا اور طالبان دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات و مکالمے کو مسترد کردیا۔ کانفرنس کا موقف تھا کہ سال دو ہزار آٹھ اور دو ہزار گیارہ میں متفقہ طور پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاسوں میں اور ایک کل جماعتی کانفرنس میں امریکا کے ساتھ تعلقات کا ازسرنو جائزہ لینے اور نئی سمت اور نئی پالیسی وضع کرنے کے لئے واضح رائے دی تھی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں بھی واضح کیا تھا کہ وقت بہت کم ہے اور دہشت گرد ہم سب کے دشمن ہیں۔

 

قرارداد نمبر دو میں کہا گیا کہ عظمت ولایت کانفرنس کے شرکاء اور قائدین متفقہ طور پر یہ سمجھتے ہیں کہ امریکا اور طالبان ایک فکسڈ میچ کھیل رہے ہیں یا باالفاظ دیگر نورا کشتی میں مصروف ہیں۔ دہشت گردوں اور طالبان کے اس فکسڈ میچ کا ثبوت یہ ہے کہ چالیس ہزار سے زائد پاکستانی شہری اور سات ہزار سے زائد فوجی، نیم فوجی اور پولیس اہلکار شہید کئے جا چکے ہیں۔ کم از کم دو مرتبہ امریکی افواج نے فضائی حملوں میں پاکستانی افواج کو بھی شہید کیا جس کی آخری مثال سلالہ کا حملہ تھا۔

 

قرارداد نمبر تین میں کہا گیا کہ نہ تو امریکا دہشت گردوں کو ختم کرنا چاہتا ہے اور نہ ہی دہشت گرد امریکا کو زیادہ نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ امریکا سے اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

 

قرارداد نمبر چار میں کہا گیا کہ مذکورہ بالا قراردادوں کی روشنی میں ہم حق بجانب ہیں کہ امریکا اور طالبان دونوں کے خلاف دفاعی جنگ لڑی جائے نہ کہ پسپائی اختیار کی جائے۔ دہشت گردوں کو سرنگوں کیا جائے نہ کہ خود سرنگوں ہوجائیں۔

 

قرارداد نمبر پانچ میں کہا گیا کہ ولایت ایک الٰہی نظام ہے جس کے ذریعے امت کی رہبری و قیادت کی جاتی ہے۔ اللہ کے آخری نبی حضرت محمد (ص) نے میدان غدیر خم میں حضرت علی (ع) کی ولایت کا اعلان کرکے ولایت کی اہمیت و عظمت کو ثابت کردیا تھا۔ امت نے دیکھا کہ تین خلفاء نے جب ولایت سے مشورے لے کر حکمت عملی بنائی تو اسلامی معاشرہ مستحکم و خوشحال ہوا تھا۔ آج بھی خلفاء کی محبت کا دعویٰ کرنے والے اگر ولایت سے رہنمائی لیں گے تو کامیاب ہوں گے۔

 

قرارداد نمبر چھ میں کہا گیا کہ اللہ کے ولی اعظم امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام نے دہشت گردوں اور باغیوں کے خلاف کاؤنٹر ٹیررازم اور کاؤنٹر انسرجنسی کی جنگ لڑی تو آج بھی یہی جنگ لڑنے کی ضرورت ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ عظمت ولایت کانفرنس میں وطن عزیز کے با وفا بیٹوں اور دہشت گردی کا شکار شہداء کے خانوادوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کرکے طالبان سے مذاکرات کے خلاف فیصلہ سنا دیا، ریاست کے ذمہ داران اپنی بزدلی کو حکمت کا نام دے کر شہداء کے خون سے غداری کے مرتکب ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عظمت ولایت کانفرنس کی عظیم الشان کامیابی کے بعد کراچی ڈویژن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ آج بانیان پاکستان کی اولادیں میدان عمل میں وارد ہوچکی ہیں اور انشاء اللہ کسی کو بھی ملکی سالمیت کا سودا نہیں کرنے دیں گے، اگر ریاست کے ذمہ داران یہ سمجھتے ہیں کہ وہ پاکستان کے عوام کی امیدوں کے برخلاف فیصلہ کریں گے توانہیں جان لینا چاہیئے کہ محب وطن عوام وطن کا دفاع کرنے کیلئے دہشت گردوں سے مذاکرات کرنے والی جماعتوں کو شدید عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔



انہوں نے عظیم الشان عظمت ولایت کانفرنس کے انعقاد اور اسے کامیاب بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر نے پر تمام قومی و ملی تنظیموں ، اداروں ، شخصیات کا شکریہ ادا کیا خصوصاً امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، امامیہ اسکاؤٹس ، پیام ولایت فاؤنڈیشن ، شہید فاؤنڈیشن ، اصغریہ آرگنائزیشن ، ہیت آئمہ مساجد وعلماء امامیہ پاکستان ، مجلس ذاکرین امامیہ، مرکز ی تنظیم عزاء ، سندھ حکومت ، پولیس انتظامیہ ، رینجرز انتظامیہ اور دیگر تمام اداروں کا بھر پور شکریہ ادا کر تے ہو ئے ان تمام اداروں کی کامیابی کی دعا کی ۔

وحدت نیوز(گلگت)  مجلس وحدت مسلمین، گلگت بلتستان کے زیراہتمام جشن آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر 3 نومبر کو گلگت شہر میں "دفاع وطن کنونشن" کا انعقاد کیا جا رہا ہے اس سلسلہ میں مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے جنرل سیکرٹری شیخ نئیرعباس نے مساجد بورڈ کے اراکین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کو منانے کا مقصد اپنے اسلاف کی یاد تازہ کرنے اور نئی نسل میں اپنے ہیروز کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اس دن کو بہتر انداز میں منایا جا رہا ہے۔ مساجد بورڈ کے اراکین کے ہمراہ بیٹھنے کا مقصد علاقے میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے کی کوششوں کو تقویت فراہم کرنا ہے اور محرم الحرام سے قبل عوام میں محبت و اخوت کے پیغام کو عام کرنا ہے تاکہ وہ آپس میں رواداری کے ساتھ رہیں۔ اس موقع پر مساجد بورڈ کے اراکین نے مجلس وحدت مسلمین کی کاوش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں وہ قومیں کامیاب ہوتی ہیں جو اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی گلگت بلتستان کے دن شایان شان انداز میں منانے کے لیے ایم ڈبلو ایم کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا اور اس پروگرام کے ذریعے سے یہ پیغام عام کیا جائے گا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے اسلاف کی قربانیوں کو نہیں بھولے ہیں اور اتحاد و اتفاق سے رہتے ہیں۔ مساجد بورڈ کے اراکین نے پروگرام کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ دوسری جانب پروگرام کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ روزایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے ارباب عبدالظاہر کے خاندان سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کیلئے ارباب ہاؤس کا دورہ کیا ۔وفد میں ممبرصوبائی اسمبلی سید محمد رضا ،علامہ ولایت حسین جعفری اور مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری جنرل سید عباس علی موسوی اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔علامہ سید ہاشم موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں صدیوں سے رہنے والے برادر اقوام اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ امن اور بھائی چارے سے رہ رہے ہیں لیکن ایک منظم سازش کے تحت کوئٹہ کے مثالی امن اور بھائی چارے کی فضاء کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کاروبار،تعلیم،ملازم پیشہ افراد اور دیگر تمام طبقے کے لوگ متاثر ہو رہے ہیں اور عوام میں شدید عدم تحفظ اور مایوسی پائی جاتی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ دن دہاڈے بھرے بازار سے جہاں پیدل چلنا مشکل ہے وہاں اغواء کاروں کا کاروائی کر کے نکل جانا تمام سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔آخر میں انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ارباب عبدالظاہر کاسی کو باحفاظت فی الفور بازیاب کیا جائے اور مزید اس قسم کے واقعات کے تدارک کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree