وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل عباس علی نے کہا ہے کہ اجتماعی مفاد کو انفرادی مفاد پر ترجیح دینا ہوگی۔ آج ہمارے زوال کی بڑی وجہ کرپشن، بیڈگورننس اور بد عنوانی ہے ۔جب معاشرے کا کم و بیش ہر فرد خود غرضی اور مفاد پرستی کا رویہ اپنائے گا تو بالآخر یہ معاشرہ اور اس کی منفی اور تخریبی اقدار خود ہمارے لیے ناقابل برداشت ہوجائے گی ، انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک قوم کی حیثیت سے دیکھا جائے تو کون سے ایسی اخلاقی بیماری ہے جو ہم میں موجود نہیں، خودغرضی ، بدعنوانی، مفاد پرستی، عیاری و چالاکی، بے علمی غرض ساری اخلاقی برائیاں ہم میں پائی جاتی ہیں، بدعنوانی اور رشوت ستانی ایک خطرناک بیماری ہے ، لیکن یہ بیماری ہم سرکاری ملازم سے لیکر سیاست دانوں اور وزیروں میں دیکھ سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قانون ساز ادارے بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرد کی اخلاقی حالت کو سدھارے بغیر محض قانون سازی اور جمہوری اداروں کی بحالی اور بالا دستی سے ہم اپنی قومی اور اجتماعی حالت کو تبدیل نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ظلم و اتحصال اور طرح طرح کے زمینی و آسمانی مصائب اور آفات ایسے ہی معاشرے کا مقدر بنتے ہیں، جہاں فرد کا کردار بگڑ جائے اور اعلیٰ اخلاقی اقدار و صفات سے محروم ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے معاشرے کا وہ کون سا طبقہ ہے جو بلا لحاظ علم و تجربہ اور بلا امتیاز، رنگ و نسل و عقیدہ ایسے اخلاقی امراض میں گرفتار ہیں کہ نہ ان کا علم نافع رہا نہ ان کی کوشش نتیجہ خیز ہیں۔ ہم دوسروں کا احتساب تو چاہتے ہیں لیکن خود اپنا احتساب کرنے کے لیے تیار نہیں۔ اگر سوچنے اور تجزیے کا انداز اب ہوجائے تو معاشرے کی عمومی صورتحال یہ ہو جاتی ہے کہ سب ایک دوسرے کو موردالزام ٹھہراتے ہیں اور ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھاتے ہیں ۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر قربان کردیں۔ اس ایثار و قربانی کے نتیجے میں رفتہ رفتہ معاشرے و ملک کی حالت دسدھرتی جائے گی۔

وحدت نیوز(گلگت) پاک چائنہ بارڈر پر کام کرنے والے چھوٹے کاروباریوں کو معاشی طور پر قتل کرنے سے حکومت باز رہے۔کسٹم حکام علاقے کے لوگوں کو بیروزگار کرنے والی پالیسی بند کرے،ایسے ناعاقبت اندیش فیصلوں سے بارڈر پر انارکی پھیلنے کا قوی امکان ہے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر علی گوہر نے کسٹم حکام کی چھوٹے کاروباریوں کو تنگ کئے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے کے عوام کے خلاف حکومت کی بدنیتی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے چھوٹے کاروباری پاک چائنہ بارڈر پر کام کرتے ہیں اور حکومت پر بوجھ بنے بغیر اپنا روزگار کماتے ہیں جس پر پابندی سے ہزاروں گھرانوں پر فاقوں کی نوبت آئے گی۔علاقے میں پہلے ہی بیروزگاری کا طوفان کھڑا ہے اور کوئی پرائیویٹ سیکٹر نہ ہونے کی وجہ سے غریب عوام کا متبادل ذرائع آمدن بھی نہیں۔

انہوں نے کہاکہ علاقے کے پڑھے لکھے نوجوان سرکاری ملازمت نہ ملنے کی وجہ سے محدود پیمانے پر بارڈر ٹریڈ سے اپنا گزربسر کرتے ہیں ایسے حالات میں چھوٹے کاروباریوں پر پابندیاں عائد کرنا ان غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔حکومت کی ایسی غریب کش پالیسی ناقابل برداشت ہے،مجلس وحدت مسلمین متاثرین کے تمام مطالبات کو جائز سمجھتی ہے اور کسی بھی قسم کے احتجاج میں چھوٹے کاروباریوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سے اس صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

وحدت نیوز(حیدرآباد) صوبہ سندھ کی ورکنگ کمیٹی کی استحکام پاکستان و امام مہدی عج کانفرنس کے انتظامی امور کے حوالے سے ایک اہم منٹنگ صوبہ سندھ کی رابطہ سیکرٹری محترمہ سیمی کے گھر منعقد ہوئی جسمیں محترمہ  کنیز الحسن جوادی سیکرٹری صوبہ سندھ کی شعبہ تنظیم سازی نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں مرکزی سیکرٹری  تنظیم  سازی مہدی عابدی اور صوبہ سندھ کے سیکرٹری  نشرواشاعت برادر ندیم جعفری نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں مہدی عابدی نےاستحکام پاکستان و امام مہدی کانفرنس کے انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلات  سے آگاہ کیا اور صوبہ سندھ کی مسئولین کو انکی ذمہ داریوں سے آگاہ کیاجبکہ محترمہ سیمی اور محترمہ کنیز جوادی نے سندھ میں شعبہ خواتین کی رابط مہم کے حوالے سے آگاہ کیااور مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سندھ کی جانب سے  طرف سے مکمل تعاون کی یقین  دہانی کروائی ۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری مالیات رشید علی طوری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے سرحدی علاقے چمن پرافغان فورسسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری ایک غیر انسانی اور غیر سنجیدہ اقدام ہے،افغان حکومت اور فورسسز اپنی جارحیت کے ذریعے کیا پیغام دینا چاہتی ہیں۔پے در پے افغانستان کی جانب سے ایسے غیر عاقلانہ اقدامات کا رونما ہونا خطے میں مستقل و دیرپا امن کی کو ششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور دینی اقدار، قومی ثقافت و روایات اور رشتوں میں ایک دوسرے کیساتھ جڑے ہوئے ہیں ،جنگ دونوں ممالک کیلئے نقصان دہ اور خطرناک ہیں،بیرونی قوتیں دو برادر ممالک کو آپس میں لڑانے کی سازش کر رہی ہیں، چمن بارڈر پر حالیہ افغان جارحیت افغانستا ن کے آزادانہ خارجہ پالیسی نہ رکھنے کا نتیجہ ہے۔دونوں ممالک ایک دوسرے کی نسبت اپنی پالیسوں پر نظر ثانی کریں اور جلد از جلد مذاکرات کے ذریعے غلط فہمیاں دور کر کے مسائل حل کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف دونوں ممالک مشترکہ پالیسی کے تحت سنجیدہ کاروائیا ں عمل میں لائیں اور خطے میں امن و امان کی بحالی کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لائے،افغانستان اور پاکستان ایک ہی جسم کے مانند ہیں ایک ملک کے حالات دوسرے پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں ،جسم کے ایک حصے میں درد ہو تو دوسرے حصے میں بھی تکلیف و بے چینی ضرور ہوتی ہے ،لہذا دونوں ممالک جلد از جلد کشیدگی کا خاتمہ کریں اور افغانستان آئندہ ایسی کاروائیوں کا مکمل ستدباب کریں ۔بیا ن کے آخر میں انہوں نے اس واقعے کے تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی شفایابی کیلئے دعا کر تے ہوئے انکے لواحقین سے دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا ۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) اسلام امن و محبت کا نام ہے اور اسلامی نظام کو اپنانے سے ملک میں امن کی فضاء برقرار ہو سکتی ہے کیونکہ یہی نظام امن اور انصاف کا ضامن ہے۔ اسلام ہمیں جن چیزوں کا حکم دیتا ہے ہمیں ان چیزوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے اور جن چیزوں سے روکھتا ہے ان سے دوری اختیار کرنی چاہئے۔ بصورت دیگر ہمیں یہ حق نہیں پہنچتا کہ ہم اپنے آپ کو مسلمان کہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ برکت مطہری نے ضلع صحبت پور میں مومنین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں اتحاد و بھائی چارگی کا درس دیتا ہے جس پر عمل کرنے سے ہمارے درمیان نہ صرف محبت میں اضافہ ہوگا بلکہ آپسی اختلافات ختم ہو جائے گے۔ اگر وطن عزیز میں عوام کو مختلف فرقوں اور ذاتوں کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو اسکا نتیجہ فرقہ واریت، آپسی جھگڑوں اور دہشتگردی کی صورت میں ہمارے سامنے آسکتا ہے، آپسی اختلافات کا نتیجہ کبھی مثبت نہیں ہو سکتا اور ایسا کرنے سے ہمیں نقصان کے سوا اور کچھ نہیں ملنے والا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر غیر مسلم افراد اسلام اور اسلامی نظام کو دہشتگردی سے تعبیر کرتے ہیں، اسکی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ان تک اسلام کی ایک غلط تصویر پہنچائی گئی ہے اور غلط تبلیغات کی وجہ سے دنیا بھر کے غیر مسلم اس نظام کو برا تصور کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ مسلمانوں سے جتنا ممکن ہو دوری اختیارکرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز میں بڑھتی بد عنوانی اور کرپشن اسلامی احکامات سے غفلت کا نتیجہ ہے۔جہاں ہمیں نیکی اور بھلائی کے کاموں کو فروغ دینا چاہئے وہی ہم بدعنوانی اور دیگر جرائم کے رد عمل میں خاموشی اختیار کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(گلگت) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان حلقہ 4 نگر کے امیدوار نے کہا ہے کہ نگر کے ضمنی الیکشن میں مجلس وحدت اگر اپنا امیدوار کھڑا کرتی ہے تو بلامشروط ان کا ساتھ دیا جائیگا اور اگر مجلس وحدت پیپلزپارٹی کا ساتھ دیتی ہے تو ان کی شرائط کو بھی تسلیم کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی حلقہ 4 نگر کے امیدوار جاوید حسین نے وحدت ہائوس گلگت میں پارٹی عہدیداروں کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پورے پاکستان میں مجلس وحدت کی سیاسی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس نے جنرل الیکشن میں جی بی ایل اے 3 کے بدلے نگر حلقہ 4 استور اور ہنزہ میں پیپلز پارٹی کے حق میں اپنے امیدواروں کو بٹھانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن پیپلز پارٹی حلقہ 3 سے اپنے امیدوار کو بٹھانے میں ناکامی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کھلے دل کے ساتھ مجلس وحدت کو یہ آفر کرتی ہے کہ اگر وہ مناسب سمجھتی ہے تو اپنا امیدوار میدان میں اتار دے، ہم بلامشروط ان کی حمایت کرینگے۔

اگر مجلس وحدت ہمیں سپورٹ کرتی ہے تو اس کے بدلے ان کی شرائط بھی تسلیم کی جائیں گی۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں ڈاکٹر علی گوہر، حاجی رضوان علی، الیاس صدیقی اور سیکرٹری سیاسیات غلام عباس نے پیپلز پارٹی کی اس آفر کو نیک دلی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت پارٹی قیادت اور کارکنوں سے مشاورت کے بعد پیپلز پارٹی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گی۔ حاجی رضوان علی نے کہا چونکہ تحریک اسلامی کے مقامی رہنماوں نے بھی مجلس وحدت سے رابطہ کیا ہے اور ملاقات کا ایک دور ہوچکا ہے۔ مجلس وحدت جو بھی فیصلہ کرے گی، وہ نگر کے عوام کے مفادات کو پیش نظر رکھ کر کرے گی۔ ڈاکٹر علی گوہر نے کہا کہ مجلس کا ہدف فقط اسمبلی تک پہنچنا نہیں بلکہ ہمارا مقصد علاقے کی تعمیر و ترقی اور باوقار انداز میں اس خطے کی نمائندگی کرنا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree