وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت سانحہ مستونگ کے خلاف ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی دھرنا جاری ہے۔ جڑواں شہروں کے سنگم پر واقع فیض آباد پل کو ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ شرکائے دھرنا سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ اصغر عسکری اور دیگر نے خطاب کیا۔ شدید سردی اور بارش کے باوجود دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہے۔ شرکائے دھرنا کا کہنا تھا کہ سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والوں کے ورثا کے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور سنی اتحاد کونسل نے پاکستانی عوام کو دہشت گردی کے عفریت کے خوف سے نجات دلانے اور قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو اس کی اصلی حالت میں لوٹانے کے کیلئے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کر دیا، یہ اعلان ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری اور پاکستان سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مجلس وحدت مسلمین کے دفتر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی، سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی، معاون سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی اور سنی اتحاد کونسل کی رابطہ کونسل کے رکن صاحبزادہ عمار سعید بھی موجود تھے۔

 

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں ریاست اور نظام کی اس لئے ضرورت ہوتی ہے کہ معاشرے میں امن ہو، انصاف ہو، جنگل کا قانون نہ ہو، انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے ہاں ریاست اور نظام نام کی کوئی چیز نہیں، مادر وطن کے باوفا بیٹے ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری ہے کہ محبت اور اخوت کا پیغام دیں، فتنہ و فساد کا سر کچل دیں اور ملکی سالمیت و استحکام کیلئے کام کریں, یہ اجتماعی ذمہ داری ہے انفرادی نہیں، اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ قوتیں جنہوں نے پاکستان بنایا تھا وہی مل کر پاکستان کو بچانے کی جدوجہد کریں، انشاءاللہ شیعہ اور سنی اس جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادار کریں گے، ہمارا تعلق فرقہ سے ہے فرقہ واریت سے نہیں، ہم پاکستان میں بسنے والے ہندووں اور عیسائیوں سمیت ہر مکتب فکر کے افراد کو ساتھ لے کر چلیں گے انشاء اللہ 5 جنوری کو ایم ڈبلیو ایم، سنی اتحاد کونسل اور وائس آف شہدائے پاکستان کی جانب سے کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہونیوالا کنونشن ملکی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر دہشت گردوں کا راستہ روکیں گے اور اپنی پرامن جدوجہد کے ذریعے حکمرانوں کو دہشت گردی کے حوالے سے پالیسیاں تبدیل کرنے پر مجبور کر دیں گے۔ انہوں نے چہلم امام حسین (ع) کی طرح ربیع الاول میں جشن عید میلادالنبی (ص) بھی مل کر اجتماعی قوت سے شان و شوکت کے ساتھ منانے کا اعلان کیا۔

 

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمہ، فرقہ واریت کے تدارک، امن و امان کی بحالی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور غریب طبقہ کو انصاف مہیا کرنے میں حکومت کی گذشتہ چھ سات ماہ کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے، حکومت کی جانب سے معاشرے میں اصلاح کا کوئی بھی پہلو نظر نہیں آتا، ہر قومی و عوامی ایشو پر حکومت کی کمزوریاں عیاں ہو رہی ہیں، وزیر خارجہ اور حادثاتی وزیر داخلہ میں اہم قومی ایشوز کے حوالے سے کوئی مثبت پالیسی دینے کی صلاحیت ہی نہیں، اس لیے قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو اس کی اصلی حالت میں لوٹانے کے لئے عوام کو خود ہی میدان میں آنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب موجودہ ملکی صورتحال پر کوئی بھی محب وطن پاکستانی خاموش نہیں رہ سکتا، حکمرانوں کو دہشت گردوں کے خلاف اپنی رٹ دکھانا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کا واویلا کیا گیا، مذاکرات کے راستے بند ہونے کے بعد اب ہر طرف گھپ اندھیرا ہے، کسی کے علم میں نہیں کہ حکمران کیا کر رہے ہیں، اس صورتحال نے عوام کو تذبذب میں مبتلا کر رکھا ہے۔

 
ان کا کہنا تھا  کہ انشاءاللہ مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور وائس آف شہدائے پاکستان عوام کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کریں گے جس سے بلند ہونیوالی آواز پر کان دھرنا حکومت کی مجبوری بن جائے گی، انشاءاللہ پانچ جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہونیوالا کنونشن ملکی تاریخ کا رخ موڑ دے گا، جس میں ہم اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ اس اہم کنونشن میں پاکستان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شیعہ و سنی شہداء کے لواحقین کے علاوہ پاک فوج اور پولیس کے شہداء کے لواحقین اور اقلیتی برادری کے متاثرین کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) راولپنڈی کاجلوس اربعین مومنین کی بڑی آزمائش تھا ، تمام ملت تشیع اس عظیم کامیابی پر شکرانے کے نوافل ادا کریں اور ناصر ملت کی صحت و سلامتی کی خصوصی دعائیں کی جائیں ،امام زمانہ عج کے لشکر کا سپاہی راجہ ناصرعباس ہمارے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ، جس بہادری اور شجاعت کے ساتھ کٹھن حالات میں  انہوں نے قوم کو حوصلہ دیا وہ قابل رشک ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل و ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی نے مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں کیا ۔

 

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ عاشورہ راولپنڈی کے بعد جس منظم پلاننگ کے تحت عزاداری سید الشہداء علیہ السلام کو محدود کر وانے کی سازش کی گئی ایسی سازش پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں کی گئی ، لیکن یہ خون امام حسین(ع) کا صدقہ ہے کہ عزاداروں نے استقامت کا مظاہرہ کیا اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بر وقت رہنمائی فرمائی اور عزادار کسی قسم کے خوف اور دہشت کا شکار نہیں ہو ئے ، یہ سب کچھ لطف خداوندی اور تائید امام زمانہ عج کے بدولت ہی ممکن ہوا کہ راولپنڈی سمیت ملک بھر میں جلوس چہلم امام حسین (ع) پہلے سے زیادہ پر شکوہ انداز میں برآمد ہو ئے اور عزاداری سید الشہداء علیہ السلام کے دشمن  ناکام و نامراد ہو ئے۔ اس موقع پر انہوں نے تمام مومنین و مومنات کو مخاطب کر تے ہو ئے کہا کہ بارگاہ  رب العزت میں سجدہ ریز ہو کر نماز شکرانہ اداکی جائے اور ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو اپنی خصوصی دعائوں میں یاد رکھیں کہ جن کی شب و روز انتھک محنت اور رہنمائی کی بدولت قوم نے میدان میں حاضر رہ کر دشمنان دین کو مایوس کیا ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سانحہ عاشورہ راولپنڈی کے بعد پورے پنجاب خصوصاً لاہور میں فرقہ واریت کو شدت سے ہوا دی جا رہی ہے، پنجاب حکومت جانتے بوجھتے دہشت گردوں کے خلاف کسی بھی کاروائی سے گریزاں ہے ، اس کے دہشت گرد حملے ہمیں حق و صداقت کی راہ سے نہیں ہٹا سکتے ، علامہ ناصر عباس کی شہادت عزاداری کا نقصان ہے ، شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے وحدت ہائوس اسلام آباد سےجاری اپنے تعزیتی بیان میں کیا ۔

 

ان کا کہنا تھا کہ حکومت مسلسل دہشت گرد حملوں کے باوجود دہشت گردوں کے خلاف کسی ٹھوس کاروائی سے اجتناب کر رہی ہے ، ہم نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں وفاقی اور صوبائی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ عزاداری سید الشہدا ء کے خلاف کسی بھی سازش کو ملت جعفریہ کسی صورت قبول نہیں کر ے گی ، عزاداری اور میلاد البنی (ص) کے جلوس شیعہ سنی محب وطن عوام کا بنیادی آئینی حق ہے ، حکومت مذہبی مقدسات کو محدود کر نے کے بجائے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کرے ، لاہور جیسے پر امن شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے ، علامہ ناصر عباس کے قتل کی ذمہ دار سراسر پنجاب حکومت ہے ، جو ان دہشت گردوں کی پشت پناہی میں مصروف ہے ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے چھ رکنی وفد نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عراقی پارلیمان کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین ڈاکٹر شیخ ھمام حمودی سے ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے کی جبکہ وفد کے دیگر افراد میں مولانا اسرار گیلانی، مولانا ضیغم عباس، زاہد حسین اور اللہ بخش شامل تھے۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے ڈاکٹر ھمام حمودی کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ ان کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں وسعت آئیگی اور تجارت سمیت دو طرفہ امور میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ عراقی عوام کی صدام آمریت کے خاتمے اور جمہوری حکومت کے قیام کیلئے بےپناہ خدمات ہیں، جن کی پاکستانی عوام قدر دانی کرتے ہیں، صدام جیسے آمر سے ٹکرانا اور امریکہ کیخلاف سینہ سپر ہونا بلاشبہ ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان کافی مماثلتیں پائی جاتی ہیں۔ یہاں کے عوام نے بھی کئی آمروں کیخلاف جہدوجہد کی اور قربانیاں پیش کیں ہیں، اسی طرح دونوں ممالک کے عوام تکفیریت اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مصروف ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے ڈاکٹر شیخ حمام حمودی سے پاکستانی زائرین کو ویزہ کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا، اس پر ڈاکٹر حمودی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پہلی فرصت میں عراقی وزارت خارجہ سے اس ایشو پر بات کرینگے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ دیدار علی جلبانی اور ان کے گارڈ کی شہادت پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور حکومت اور ریاستی اداروں سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور بچوں سمیت مظاہرین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشتگردی کیخلاف نعرے درج تھے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ حکومت اور ریاستی ادارے شیعہ مسلمانوں کی گذشتہ تین دہائیوں سے جاری ٹارگٹ کلنگ رکوانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مرکزی قیادت کے حکم کے منتظر ہیں کہ وہ کیا فیصلے کرتی ہے، حکومت سندھ کو قاتلوں کی گرفتاری کیلئے 24 گھنٹے دیئے گئے تھے جو ختم ہونے کو ہیں، اگر قاتل گرفتار نہ ہوئے تو اس کے بعد ملت تشیع اپنا لائحہ عمل طے کرنے میں آزاد ہوگی۔

 

علامہ عسکری کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز کراچی میں علامہ دیدار علی جلبانی اور ان کے گارڈ سمیت 12 شیعہ سنی مسلمانوں کو بےدردی سے قتل کر دیا گیا لیکن پولیس، رینجرز، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کہیں پر نظر نہیں آئے، علامہ دیدار علی جلبانی کا قتل سانحہ راولپنڈی کا تسلسل ہے۔ حکومت مذاکرات کے نام پر ڈرامہ کر رہی ہے اور قاتلوں کو مسلسل چھوٹ دی ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ قاتل آئے روز انسانی خون کو ارزاں سمجھ کر بہا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حساس اداروں کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں واضح ہوگیا ہے کہ طالبان اور القاعدہ شیعہ شخصیات، مجالس عزا اور دیگر اجتماعات کو نشانہ بنائیں گے، لیکن اس کے مقابلہ میں حکومت نے اپنی آنکھیں بند کرلی ہیں اور کوئی اقدام کرنے سے عاری نظر آ رہی ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
 


مقررین کا کہنا تھا کہ ہم پرامن لوگ ہیں، ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے، اگر امن کیلئے میدان میں نکلے تو پھر ملک میں مارشل لا لگوا کر ہی دم لیں گے، ایسی جمہوری حکومت سے ہم نے کیا لینا ہے جو دہشتگردی پر قابو نہیں پاسکتی اور آئے روز درجنوں انسانوں کے قتل عام پر خاموش ہے، نواز حکومت کو رئیسانی حکومت کا خاتمہ یاد رکھنا چاہیے، حکومت اور ریاستی ادارے ہمارے صبر کا امتحان نہ لیں۔ اس موقع پر علامہ دیدار علی جلبانی کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree