وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی شیعہ ٹارگٹ کلنگ، بے بنیاد مقدمات اور دہشت گردی کے خلاف بھوک ہڑتال 13روز سے جاری، ملتان پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے نماز مغرب ادا کی اور بعدازاں شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، ایم ڈبلیو ایم کے کیمپ میں ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی،زوہیب حسن، محمد عباس صدیقی،وسیم عباس زیدی اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ملت تشیع کے ساتھ یہ غیر منصفانہ طرز عمل حکومت کے متعصبانہ رویہ کی دلالت کرتا ہے۔حکومت کو واضح کرنا ہو گا کہ ہمیں مسلسل نظر انداز کر کے وہ کن قوتوں کو خوش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے سینکڑوں قافلے اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کے لیے بے چین بیٹھے ہیں۔اگر ان ریلیوں کا رخ اسلام آباد کی طرف ہو گیا تو پھر واپسی آسانی سے نہیں ہو گی۔ ہماری کوشش ہے ہم اپنے مطالبات کو پرامن انداز میں منوائیں۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن جماعتوں کو تصادم کی راہ پر اکسانے کے لیے مشتعل کرنا نون لیگ کا پرانا ہتھیار ہے۔ہمیں اس طرح کی چالوں میں نہیں الجھایا جا سکتا۔علامہ قاضی نادر حسین علوی نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی قوم کو قائد و اقبال کا وہ پاکستان واپس کیا جائے جس کا انہوں نے خواب دیکھا اور جس کے لیے لاکھوں جانوں کی قربانی دی گئی حکمرانوں کی تباہ کن پالیسیوں نے اس ملک کو طالبان اور انتہاپسندوں کا ملک بنا کر رکھ دیا ہے۔ آرمی چیف اس ملک سے ان ملک دشمن عناصر کا مکمل صفایا کریں۔انہوں نے کہا ملک کے تمام سول و عسکری اداروں سے ان کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جائے جواداروں کی بدنامی کا باعث بنی ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کا علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ پچھلے دو ہفتوں سے جاری ہے تاہم ابھی تک انتظامیہ نے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں اور نہ ہی کوئی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور کارکن اپنی مددآپ کے تحت بھوک ہڑتالی کیمپ لگاتے ہیں ۔ لیکن موجودہ حالات کے پیش نظر سیکیورٹی فراہم نہ کرنا خطرے سے خالی نہ ہوگا۔