وحدت نیوز(ملتان) رکن پنجاب اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری نے مجلس وحدت مسلمین کے کیمپ کا دورہ کیا اور اُن کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حاجی جاوید اختر کا کہنا تھا ہم مجلس وحدت مسلمین کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو ہم بھی ان کے ساتھ بھوک ہڑتال میں بیٹھ جائیں گے۔ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے حاجی جاوید اختر انصاری کا شکریہ ادا کیا۔ مجلس وحدت مسلمین ملک میں ظلم کے خلاف اورمظلوم کی حمایت میں جو اقدام اُٹھا رہی ہے وہ لائق تحسین ہیں۔ بعدازاں پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیاض احمد وڑائچ کی قیادت میں عوامی تحریک کے وفد نے کیمپ کا دورہ کیا اور ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔ اس موقع پر میجر(ر)محمد اقبال چغتائی، راؤ عارف رضوی اور دیگر موجودتھے۔ چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا کہ قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان عوامی تحریک مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ ہے اور ظالم کو بے نقاب کرکے دم لیں گے،سانحہ پارہ چنار کے ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی ہونی چاہیے۔پاکستان کے مظلومین کی حمایت میں قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس نے جو جدوجہد شروع کی اس میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت مجلس وحدت مسلمین کے تحفظات کو دور کرے۔علامہ ناصر عباس ملک کی ایک باوقار اور محب وطن شخصیت ہیں۔ان کی بھوک ہرتال کے معاملے میں حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ حکومتی مشکلات میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ اس موقع پر علامہ اقتدار حسین نقوی نے عوامی تحریک کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج کرتے رہیں گے، ہمارا احتجاج کسی ایک مذہب یا مسلک کے لیے نہیں بلکہ ہر مظلوم کے لیے ہے۔