وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین نے این اے155پر پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار ملک عامر ڈوگر کی حمایت کا اعلان کردیا، جامع مسجد الحسین نیوملتان میں ملک عامر ڈوگر نے اپنے ساتھیوں سمیت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، سلیم عباس صدیقی،مہر سخاوت علی اور دیگر شیعہ عمائدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پرضلعی سیکرٹری جنرل مرزاوجاہت علی،مولانا اعجاز حسین بہشتی،مولانا ہادی حسین ہادی،مولانا وسیم عباس معصومی، بانیان حیدریہ گروپ کے رہنما سید ابوعبداللہ شوکت زیدی، سائبان زہرا فائونڈیشن کے رہنما سید مصطفی حیدر زیدی، سید عترت عباس کاظمی،سید نجم الحسن کاظمی،قاری سلمان محمدی،طالب حسین،تیمور حسن اور دیگر بھی موجود تھے۔
علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی بقاء اور سلامتی کی تحریک میں پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، پاکستان میں کرپشن،بے روزگاری اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہم سب کو مل کر حصہ لینا ہوگا، مجلس وحدت مسلمین حلقہ این اے155میں پاکستان تحریک انصاف کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے، ایم ڈبلیو ایم حمایت کے ساتھ ساتھ الیکشن مہم میں بھی بھرپور حصہ لے گی۔
ملک عامر ڈوگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ،صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس اور تمام شیعہ عمائدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری حمایت کا اعلان کیا۔ ملک عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تبدیلی عمران خان کے سنگ ہی ممکن ہے، ملک کو کرپشن اور بے روزگاری سے نجات دلانے کے لیے پوری قوم پی ٹی آئی اور عمران خان کا ساتھ دے۔