وحدت نیوز(مظفرگڑھ) ملک بھر میں ہونے والے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کیخلاف مجلس وحدت مسلمین، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور دیگر تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی نیشنل بنک سے شروع ہوئی اور مظفرگڑھ پریس کلب پہنچی جہاں ریلی کے شرکاء کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے بھارت، اسرائیل اور امریکہ کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر دہشتگردی کیخلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین مظفرگڑھ کے ضلعی سیکرٹری جنرل علی رضا طوری، سید شفقت علی کاظمی، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے علی مہدی خان، معظم علی قریشی، علی عمران کاظمی، تفسیر خمینی، عامر بک، شوکت بک، غلام جعفر اور دیگر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کی نئی لہر کے پیچھے بیرونی طاقتوں کا ہاتھ ہے، جو ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، تمام پاکستانی متحد ہو کر ملک دشمن قوتوں کا مقابل کریں گے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کی مطابق عمل کر کے دہشتگردوں کو انجام تک پہنچائے اور دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے فوجی عدالتوں کو دوبارہ بحال کیا جائے۔ اس موقع پر مقررین نے آزادکشمیر کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ تصور جوادی اور ساہیوال کے ضلعی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر قاسم علی پر ہونے والے حملوں کی بھی مذمت کی۔