وحدت نیوز( ملتان)مجلس وحدت مسلمین ملتان کی جانب سے ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے اعزاز میں جامع مسجد الحسین میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، عشائیہ کی تقریب میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، صدر ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن ملتان ایم یوسف زبیر، جنرل سیکرٹری سید انیس مہدی، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق نائب صدر یافث نوید ہاشمی، ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی،علامہ قاضی نادر حسین علوی، سید سمیع گردیزی ایڈووکیٹ، ملک بختیار مہدی ایڈووکیٹ، اقبال حسین خان کشفی، سید فیاض زیدی ایڈووکیٹ اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن ملتان کے صدرایم یوسف زبیر نے کہا کہ ہم ملک اور قوم کی خدمت میں مجلس وحدت مسلمین کے شانہ بشانہ ہیں، ہمیں پاکستان کو دہشتگردوں ، فرقہ پرستوں اور انتہاپسندوں سے نجات دلانی ہے، محض چند دہشتگردوں کی وجہ سے عالم اسلام پر دشمنوں کی انگلیاں اُٹھانا ایک منظم سازش ہے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا ایک اہم ستون ہیں، معاشرے میں انصاف کے حصو ل کا ذریعہ ہیں، جس معاشرے میں انصاف کا حصول ناپید ہوجائے وہ تباہ ہوجاتا ہے، اُنہوں نے کہا کہ ملک پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لیے دیگر طبقات کی طرح وکلاء کی بھی بڑی قربانیاں ہیں، ہائیکورٹ میں ججز کی تعیناتی پر جنوبی پنجاب کو محروم رکھنا پسماندہ علاقے کے وکلاء کے ساتھ زیادتی ہے، اس حوالے سے وکلاء کی تحریک اور احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔اُنہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں موجود بار کونسل اور کچہریوں میں اضافی سیکیورٹی تعینات کی جائے۔ آخر میں علامہ اقتدار حسین نقوی نے ملکی سلامتی ، استحکام اور شہداء کے بلندی درجات کے لیے دعا کرائی۔