وحدت نیوز (لیّہ) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام سانحہ سیہون شریف، لاہور، کوئٹہ، کراچی، پشاور اور مظفرآباد میں ایم ڈبلیو ایم کے ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ تصور جوادی پر قاتلانہ حملے کے خلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح لیہ میں بھی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم لیہ کے سیکرٹری جنرل محسن سواگ نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محسن سواگ کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو جاگنے کے لئے مزید کتنے معصوم پاکستانیوں کے خون درکار ہیں، حکمران، افواج پاکستان اور عوام مل کر ان درندہ صفت تکفیری دہشتگردوں کا مقابلہ کرے، ان دہشتگردوں کی سرپرستی سی پیک کے دشمن ممالک کر رہے ہیں، ہمیں اپنی ماضی کی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے، پاکستان کے مستقبل کا سوچنا ہوگا۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے دہشتگردی، طالبان اور داعش کے خلاف شدید نعرے بازی کی، رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کی جانے والی کاروائیاں خوش آئند ہیں اسی طرح کی کاروائیاں جاری رہیں تو اس ناسور کا خاتمہ ممکن ہے۔