وحدت نیوز(مظفر گڑھ) مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرگڑھ کے سیکرٹری جنرل علی رضا طوری نے کہا ہے کہ اولیائے اللہ کی محنت اور تبلیغ کی بدولت برصغیر میں اسلام کی شمع روشن ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹری سیاسیات سید نعیم کاظمی کے ہمراہ مظفرگڑھ کے مختلف درباروں کے دورہ جات کے دوران سجادہ نشینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام پیار اور محبت سے پھیلا ہے نہ کہ تلوار کے زور پر۔ جہاں کہیں پر بھی اسلام کو تلوار کے زور پر پھیلانے کی کوشش کی گئی وہاں پر اسلام زیادہ دیر تک نہیں رہ سکا۔ تلوار کے زور پر سروں پر حکومت کی جاسکتی ہے نہ کہ دلوں پر۔ ظلم پھر ظلم ہے آخر ختم ہوجانا ہے۔ قرآن ہمیں امن اور انسانیت کا درس دیتا ہے تاہم کچھ نام نہاد مسلمان اسلام کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جسے ہم کامیاب ہونے نہیں دینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لعل شہباز قلندر سانحہ سمیت ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں نہتے مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا اور خوف و ہراس کی فضاء قائم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن پاکستان کے باشعور عوام نے دشمن کی اس کوشش کو ناکام بنایا۔
اس موقع پر ضلعی سیکرٹری سیاسیات سید نعیم کاظمی کا کہنا تھا کہ اولیائے اللہ کے درباروں پر سکیورٹی نہ ہونے کے برابر ہے، حالانکہ درگاہ لعل شہباز قلندر پر دہشتگردی کے نتیجے میں قوم ایک بڑا نقصان اٹھا چکی ہے۔ محکمہ اوقاف درباروں کے نذرانے اکٹھے کرنے کے لئے تو خوش ہوتا ہے لیکن سہولیات دینے پر وسائل کی عدم دستیابی کے بہانے تراشتا ہے لہٰذا ہمارا حکومت سے پرزور مطالبہ ہے کہ درباروں پر زائرین کے لئے بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کا بھی مناسب بندوبست کیا جائے۔ جہاں کہیں پر تعمیر نو اور مرمت کی ضرورت ہے، وہاں فوری طور پر سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اس خوف کی فضاء کو توڑنے کے سلسلے میں پہلے درگاہ شہباز قلندر پر تحفظ مزارات اولیاء اللہ کانفرنس کر کے سندھ میں اس خوف کی فضاء کو توڑا۔ اب اسی سلسلے میں 26 مارچ 2017ء کو ملتان میں درگاہ شاہ شمس تبریز میں تحفظ مزارات اولیاء اللہ کانفرنس منعقد کی جارہی ہے، جس میں انشاللہ مظفرگڑھ کے تمام درباروں کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے۔