وحدت نیوز(ملتان) رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو ملک بھر میں یوم القدس کے طور پر منایا گیا، ملک بھر میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام امام بارگاہ شاہ گردیز سے چوک گھنٹہ گھر تک القدس ریلی نکالی گئی، ریلی نماز جمعہ کے بعد شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی چوک گھنٹہ گھر پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کی قیادت مجلس علمائے شیعہ یورپ کے جنرل سیکرٹری علامہ سید رضا حیدر رضوی، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی ،صوبائی ترجمان ثقلین نقوی،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سابق مرکزی صدر یافث نوید ہاشمی، مرکزی رہنما میثم جعفری،ڈویژنل صدر عاصم حسین،جامعہ شہید مطہری کے پرنسپل علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کی، ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے فلسطینی پرچم،فلسطینی رہنمائوں کی تصاویراور بیت المقدس کاماڈل اُٹھا رکھا تھا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ یوم القدس صرف یوم فلسطین نہیں بلکہ اُمت اسلامی کا دن ہے،مسلمانوں کاقابض صیہونیوں کے خلاف احتجاج کا دن ہے، پاکستانی حکومت کو چاہیے کہ جس طرح حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے سابق آرمی چیف اور فوجیوں کو تعینات کیا ہے حالانکہ اسے خطرہ ہی نہیں ہے اسی طرح بیت المقدس کی عزت اور ناموس کی حفاظت کے لیے اقدامات اُٹھائے، بعض نام نہاد مسلمان ممالک کی جانب سے اسرائیل کی پشت پناہی اور اسلام دشمنی کا واضح ثبوت ہے، اُنہوں نے مزید کہا کہ 39ممالک کا نام نہاد اتحاد فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف لڑتا ہوا کیوں نظر نہیں آتا؟ اس کا مطلب ہے کہ یہ نام نہاد اتحاد اسلام کے تحفظ کے لیے نہیں بلکہ اپنی بادشاہت کی بقاء کےلئیے ہے۔
ڈویژنل صدر ڈاکٹر عاصم سرانی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم القدس ،یوم اللہ اور یوم رسول اللہ ہے، جس کا مطلب ہے کہ ہم تمام مسلمان اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں، دنیا بھرمیں یوم القدس رہبر کبیر امام خمینی رحمتہ اللہ کے حکم پر منایا جاتا ہے، اُنہوں نے مزید کہا کہ قبلہ اول کی آزادی ناگزیز ہے، مگر افسوس کہ اس کی آزادی کے لیے آج تک کسی نام نہاد حجازی حکمرانوں سے ایک لفظ بھی ادا نہیں ہوا، وہ اتحاد جو مظلوموں پر ظلم کرنے کے لیے بنایا جاتا ہے اگر ظالموں کے خلاف استعمال ہوتا تو آج قبلہ اول آزاد ہوتا،یوم القدس صیہونی طاقتوں کے خلاف اُٹھ کھڑے ہونے کا دن ہے، بیت المقدس کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں کے حقوق کی آزادی تک باطل قوتوں کے سامنے نعرہ حق بلند کرتے رہیں گے۔
آئی ایس او کے مرکزی رہنما میثم جعفری نے کہاکہ یوم القدس کے موقع پر امت مسلمہ کی خاموشی کسی لمحہ فکریہ سے کم نہیں ہے، پاکستانی قوم مظلوم اور نہتے فلسطینی بھائیوں کی جرء ا ت اور استقامت کو سلام پیش کرتی ہے، وہ وقت دور جب فلسطین ان صیہونی طاقتوں کے چنگل سے آزاد ہوگا، آئے دن بیت المقدس کی پامالی انتہائی تکلیف دہ ہے جو 58مسلم ممالک کا منہ پر طمانچہ ہے، شیطان بزرگ امریکہ کی سرپرستی میں اسرائیل دنیا بھر میں ظلم وبربریت کی مثال بن چکا ہے، آج کے دن ہم اس بات عزم کرتے ہیں کہ بیت المقدس کی آزادی تک اس سفر کو جاری رکھیں گے۔ ریلی کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذرآتش کیے گئے،امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوکے پتلے بھی نذرآتش کیے گئے، اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔ اس موقع پرمولانا غضنفر حیدری، مولانا مجاہد عباس گردیزی،مولانا تقی دانش، سید علی حیدر،جلال حیدر کلاچی، تنصیر حیدر اور دیگر بھی موجود تھے۔