وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ نواز شریف کو پاکستان کی سب سے بڑی عدالت نے متفقہ طور پر چور قرار دیا ہے، پانامہ پیپرز میں نام آنے کے بعد یہ بین الاقوامی چور بن چکے ہیں، بدقسمتی سے اس بین الاقوامی چور کو بچانے کیلئے تمام نااہل اور کرپٹ عناصر جمع ہوچکے ہیں، مگر قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ گذشتہ روز نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے سے روکنے کا قانون منظور نہ ہونا پوری پارلیمنٹ کی توہین ہے، اس میں حکومت کے ساتھ اپوزیشن بھی برابر کی قصور وار ہے۔ جب نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے کا قانون منظور ہو رہا تھا تو اس وقت اپوزیشن خواب خرگوش کے مزے کیوں لیتی رہی۔ حکمرانوں نے انتخابی اصلاحات بل میں ترمیم کی آڑ میں ختم نبوت حلف نامے میں بھی ترمیم کر دی، یہ سب بیرونی آقائوں کے اشارے پر کیا گیا، جس کیلئے پوری سازش تیار کی گئی۔ اگر حکمران اس معاملے میں بے قصور ہیں تو پھر پوری قوم کے مطالبے پر اس قانون میں ترمیم کرنے والے ختم نبوت کے ڈاکووں کو سامنے کیوں نہیں لاتے، ذمہ داران کو چھپانے کیلئے حکمران جس قدر زور دے رہے ہیں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پوری حکومت ہی اس قانون کی تبدیلی میں ملوث ہے۔